فارم پانڈس کی تعمیر کے نشانہ کی تکمیل ناگزیر - وزیراعلیٰ آندھرا کی ہدایت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-01-04

فارم پانڈس کی تعمیر کے نشانہ کی تکمیل ناگزیر - وزیراعلیٰ آندھرا کی ہدایت

وجئے واڑہ
پی ٹی آئی
چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرابابو نائیڈو نے آج ضلع کلکٹرس کو ہدایتدی کہ وہ آئندہ مارچ تک فارم پانڈس کی تعمیر کے نشانہ کی تکمیل کرلیں۔ حکومت اے پی نے ریاست بھر میں کم از کم دس لاکھ اور ہر ضلع میں ایک لاکھ فارم پانڈس کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ پانڈس( کنٹہ) زرعی اراضیات پر تعمیر کئے جائیں گے۔ ہر ایک پانڈ کی تعمیر پر ایک لاکھ روپے خرچ کرنے کا منصوبہ بنایاگیا تھا ۔ ان پانڈس کی تعمیر کا مقصد بارش کے پانی کا ذخیرہ کرنا اور آبی قلت کے وقت ان پانڈس کے پانی سے کھیتوں کو سیراب کرنا ہے ۔ سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ضلع کلکٹر سے خطاب کرتے ہوئے نائیڈو نے کہا کہ مارچ کے اواخر تک پانڈس کی تعمیر کے نشانہ کو کسی بھی صورت میں مکمل کرنا ہے ۔ انہوں نے کلکٹرس پر زور دیا کہ وہ عوامی بہبود اسکیمات پر ترقیاتی کاموں کو ترجیح دیں ۔ جنم بھومی مااورو کے دوران کلکٹر کو چاہئے کہ وہ گرام سبھاؤں کو انعقاد عمل میں لاتے ہوئے عوام کو جنم بھومی پروگرام کی اہمیت اور ما اورو نظریہ کی افادیت کے بارے میں واقف کرائیں ۔ نائیڈو نے بے گھر غریبوں کو مکانات کے الاٹمنٹ میں بے قاعدگیوں کو دور کریں اس کے علاوہ راشن کارڈس کی تقسیم اور دیگر اسکیمات پرعمل آوری میں بے قاعدگیوں کو ختم کریں ۔ فلاحی اسکیمات کی موثر انداز میں تشہیر کے لئے حکومت نے ریاست بھر میں2جنوری سے جنم بھومی ما اورو پروگرام شروع کیا ہے۔ انہوں نے عہدیداروں کو اس پروگرام کی روزانہ تفصیلات اور کارکردگی کی رپورٹ ، روانہ کرنے پر زور دیا۔

Chandrababu Naidu asks collectors to meet farm ponds targets by March-end

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں