دفاعی شعبہ میں اختراعی صلاحیتوں سے سماج کو مستفید کرنے کی ضرورت - صدر جمہوریہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-20

دفاعی شعبہ میں اختراعی صلاحیتوں سے سماج کو مستفید کرنے کی ضرورت - صدر جمہوریہ

حیدرآباد
اعتماد نیوز
صدر جمہوریہ ہند پرنب مکرجی نے فوجی صلاحیتوں میں عصری ٹکنالوجی کے استعمال اور غیر فوجی مقاصد کے لئے بھی فوجی وسائل سے استفادہ پر زور دیا ہے ۔ وہ آج یہاں مسلح افواج کے الکٹرانک ومیکانیکل انجینئرنگ کاج( ایم سی ای ایم ای) سکندرآباد کے88ویں کانوکیشن سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے اس کالج میں انجینئرنگ کے مختلف شعبوں میں گریجویشن و پوسٹ گریجویشن کی تکمیل کرنے والے امید واروں کو ڈگریاں او راعزازات عطا کئے ۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں جنگ کا نقشہ بدل گیا ہے ۔ تاریخ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ جس نے عصری ٹکنالوجی کا استعمال کیا وہ اپ نے مخالف پر بھاری رہا انہوں نے اس بات پر خوشنودی ظاہر کی کہ ملٹری کالج الکٹرانک و میکانیکل انجینئرنگ سکندرآباد نے جہاں ٹکنالوجی کے عصری تقاضوں کے ساتھ تحقیق و جستجو کی ہے وہیں اس نے بائیو میٹرک و شمسی توانائی جیسے شعبوں پر بھی بہتر کام انجام دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فوجی صلاحیتوں میں اضافہ کے پیچھے جو ذہن کار فرماہوتے ہیں وہ سائنس اور ٹکنالوجی کے ساتھ دیگر تقاضوں کو بھی سمجھنے کے اہل ہوں ۔ انہوں نے مسلح افواج میں انسانی وسائل کے بہتر استعمال کی ستائش کی ۔ انہوں ںے نوجوان گریجویٹس سے کہا کہ عصری ٹکنالوجی کے استعمال کے ساتھ ساتھ دفاعی صلاحیتوں میں اختراعی کیفیت پر زیادہ توجہ دیں ۔ انہوں نے کہا کہ قوم کی نظریں ایسے با صلاحیت نوجوانوں پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی صلاحیتوں اور ٹکنالوجی کا بہتر استعمال ، فوجی نظام میں علمی تحقیق و جستجو اس ادارہ کو منفرد بناتی ہیں۔ کالج کے کمانڈنٹ لیفٹننٹ جنرل گرومک سنگھ نے خیر مقدم کیا ۔ لیفٹننٹ جنرل پی ایم حارض جنرل آفیسر کمانڈنگ انچارج لیفٹننٹ جنرل کے جے سنگھ اور کالج کی تربیت کے سوپر وائزر میجر جرنل سنجیو کھنہ اور دوسرے اس موقع پر موجود تھے ۔ پرنب مکرجی ملک کے تیسرے صدر جمہوریہ ہیں جنہوں نے اس کالج کے کانوکیشن میں شرکت کی، اس سے قبل1995میں ڈاکٹر راجندر پرساد اور 1964ء میں ڈاکٹر ایس رادھا کرشنن نے کالج کے کانوکیشن میں شرکت کی تھی۔ یہ کالج1946ء میں پونے میں قائم کیا گیا تھا ۔ آزادی کے بعد1953ء میں اسے سکندر آباد منتقل کیا گیا ۔ کالج میں بہترین تعلیمی صلاحیت اور مجموعی کارکردگی پر گریجویشن کورس کے کیڈٹ عادل مقبول خان کو صدر جمہوریہ نے اجتماعی ٹیم ایوارڈ کے علاوہ انفرادی ٹرافی عطا کی ۔ انہیں کانوکیشن میں گولڈ میڈلس سے بھی نوازا گیا ۔ اس کانوکیشن میں62کیڈٹس کو گریجویشن و پوسٹ گریجویشن کی ڈگریان عطا کی گئیں۔

President Pranab Mukherjee calls for constant efforts to upgrade defence technology

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں