حیدرآباد میٹرو ریل پراجکٹ میں توسیع کا منصوبہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-19

حیدرآباد میٹرو ریل پراجکٹ میں توسیع کا منصوبہ

حیدرآباد
آئی اے این ایس
حکومت تلنگانہ نے آج کہا کہ حیدرآباد میٹر و ریل پراجکٹ کو مزید83کیلو میٹر توسیع دینے کا منصوبہ ہے جس کا مقصد شہر کے مضافات کے مقامات کو اس سہولت سے مربوط کرنا ہے ۔ تلنگانہ کے وزیر ٹکنالوجی کے تارک راما راؤ( کے ٹی آر) نے کہا کہ حکومت نے حیدرآباد میٹرو ریل لمٹیڈ سے کہہ دیا ہے کہ دوسرے مرحلہ میں پراجکٹ کی توسیع کامنصوبہ تیار کرے ۔ پہلے مرحلہ میں تین راہداریوں پر72کلو میٹر کے کام جاری ہیں جب کہ دوسرے مرحلہ میں155کلو میٹر طویل کاموں کو انجام دیاجائے گا۔ حکومت کا منصوبہ ہے کہ شہر کی بڑھتی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے میٹر و ریل پراجکٹ کو200کلو میٹر تک توسیع دی جائے ۔ مٹو گوڑہ تا اوپل ریلوے اسٹیشن کے درمیان میٹرو ریل و دیگر وزراء کے ساتھ سفر کرنے کے بعد کے ٹی آر نے صھافیوں سے بات کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کے فرزند کے ٹی آر نے کہا کہ میٹرو کے 20کلو میٹر کے کام مکمل ہوچکے ہیں جب کہ52کلو میٹر کے کام تیزی کے ساتھ جاری ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کاموں کی تکمیل کے بعد آئندہ سال پہلے مرحلہ کو عوام کے لئے کھول دیاجائے گا ۔ انہوں نے مجوزہ توسیع منصوبہ میں رائے درگ تا شمس آباد براہ گچی باؤلی میٹرو پراجکٹ کو توسیع دینا شامل ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت تلنگانہ بس سرویس کو آخری میٹرو ریلوے اسٹیشن سے مربوط کرنے کی ہر ممکن سعی کرے گی ۔ الیکٹرک وہیکلس چلانے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے ۔

Telangana government plans to expand Metro rail project by 83 km

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں