تلنگانہ پولیس پیرس طرز کے حملوں سے نمٹنے کی اہل - ڈائرکٹر جنرل پولیس انوراگ شرما - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-10

تلنگانہ پولیس پیرس طرز کے حملوں سے نمٹنے کی اہل - ڈائرکٹر جنرل پولیس انوراگ شرما

حیدرآباد
اعتماد نیوز
ڈائرکٹر جنرل آف پولیس انوراگ شرما نے کہا ہے کہ پیر س جیسے دہشت گرد واقعات سے نمٹنے کے لئے تلنگانہ پولیس پوری طرح تیار ہے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ تلنگانہ کی انٹلی جنس پولیس ملک کی دیگر ریاستو ں کے مقابلہ میں سب سے آگے ہے۔ تلنگانہ یونین آف ورکنگ جرنلسٹس کے زیر اہتمام صحافت سے ملاقات پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی پی نے کہا کہ ماوسٹوں کے تعلق سے ان کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے کیونکہ ماوسٹ دستور ہند اور جمہوریت پر یقین نہیں رکھتے ۔ ایسے عناصر کے لئے تلنگانہ میں کوئی جگہ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پیرس جیسے دہشت گرد واقعات اگر پیش آتے ہیں تو یہاں کی پولیس ان حملوں کا ڈٹ کر جواب دے گی ۔ شہر کے مختلف مقامات پر غیر سماجی سر گرمیوں پر نظر رکھنے خصوصی وہیکل کا انتظام کیا گیا ہے، ان گاڑیوں میں پولیس کو اسلحہ سے لیس رکھاجارہا ہے ۔ اس کے علاوہ دہشت گرد سر گرمیوں سے نمٹنے آکٹوپس پولیس کو بھی مکمل تربیت دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی تقسیم کے بعد محکمہ پولیس میں 15000سے زائد جائیدادیں مخلوعہ ہیں، عنقریب ان جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے ۔ قابل اور نئی ٹکنالوجی سے واقف نوجوانوں کو محکمہ میں شامل کرنے کے لئے تحریری امتحان کے علاوہ ایک اور امتحان کو بھی منعقد کیاجائے گا جس میں امید وار کی قابلیت کی جانچ کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ امید وار کے انتخاب کے لئے پانچ کلو میٹر دوڑ کی روایت کو برخاست کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ تلنگانہ ریاست میں خواتین کومحکمہ پولیس میں33فیصد تحفظات فراہم کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے تحفظ اور ان سے شکایات حاصل کرنے کے لئے ہر پولیس اسٹیشن میں خاتون عملہ کو تعینات کیاجائے گا۔ ڈی جی پی نے کہا کہ شہر میں ایک لاکھ سی سی کیمروں کی تنصیب عمل میں لائی جارہی ہے ۔ جن میں18000کیمروں کو حکومت کی جانب سے لگایا جائے گا۔ باقی کیمروں کو مختلف اداروں اور عوام کے تعاون سے لگایاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ لا اینڈ آرڈر کی صورتحال کو بہتر بنانے اور شہر کے ہر کونے کی سر گرمیوں سے واقفیت حاصل کرنے کے لئے پولیس کمانڈ کنٹرول روم کا قیام عمل میں لایاجارہا ہے ۔24منزلہ عمارت میں شہر کی ہر سر گرمی پر کیمروں کے ذریعہ نظر رکھی جائے گی ۔ انوراگ شرما نے کہا کہ پولیس اسٹیشن کی کارکردگی سے عوام کو مطمئن کرنے کے لئے پیٹیشن مانیٹرنگ سسٹم کو متعارف کیاجارہا ہے ۔ قبل ازیں اس سسٹم کو حیدرآباد اور سکندر آباد کے پولیس کمشنریٹ میں شروع کردیا گیا ، عنقریب اس سسٹم کو ریاست کے تمام پولیس اسٹیشنوں میں شروع کیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آن لائن کے ذریعہ کسی بھی شکایت کی یکسوئی کرلی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس عصری ٹکنالوجی کے ساتھ ساتھ سوشیل میڈیا کا بہتر طور پر استعمال کرتے ہوئے عوام کو بہتر سے بہتر سہولت فراہم کرنے کے اقدامات کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی کارکردگی کا جائزہ لینے اور ان میں پائی جانے والی خامیوں کو دور کرنے کے لئے مختلف اداروں بشمول انڈین اسکول آف بزنس کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں ۔ اس موقع پر انڈین جرنلسٹ یونین کے سکریٹری جنرل ڈی امر ، سینئر جرنلسٹ سرینواس ریڈی ، یونین کے ریاستی جنرل سکریٹری وراحت علی اور دوسرے موجود تھے ۔

Telangana DGP Anurag Sharma: Can tackle Paris-type attack

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں