آئی اے این ایس
وزیر خارجہ سشما سوراج منگل کو پاکستان کا دورہ کریں گی جہاں وہ پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کریں گی ۔ تھائی لینڈ میں دونوں ممالک کے مشیران قومی سلامتی کی ملاقات کے چند دن بعد ہی یہ ملاقات ہورہی ہے ۔ ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سروپ نے ٹوئٹ کیا کہ وزیر خارجہ سشما سوراج 9دسمبر کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والی قلب ایشیا 5ویں وزارتی کانفرنس برائے افغانستان میں ہندوستانی وفد کی قیادت کریں گی ۔ قبل ازیں دن میں مرکزی وزیر راجیو پرتاپ روڈی نے کہا کہ سشما سوراج کل (منگل) اسلام آباد جارہی ہیں اور واپسی کے بعد بیان دیں گی ۔ روڈی نے نئی دہلی میں میڈیا سے کہا کہ حکومت، سشما سوراج کی اسلام آباد سے واپسی کے بعد پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں بیان دے گی۔ اسلام آباد میں وزیر اعظم پاکستان کے مشیر امور خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ وہ سشما سوراج سے ملاقات کے منتظر ہیں۔ اخبار ڈیلی پاکستان نے عزیز کے حوالہ سے کہا کہ بات چیت واحد حل ہے ۔ افغان صدر اشرف غنی چہار شنبہ کو اور سشما سوراج منگل کو اسلام آباد پہنچیں گے۔ عزیز نے کہا کہا فغانستان اور ہندوستان کے ساتھ بات چیت میں پیشرفت ہوئی ہے اور ان دو ممالک سے پاکستان کا رشتہ مزید مستحکم ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان ٹکراؤ کے معاملات پر بات چیت ہوگی اور روڈ میاپ طے ہوگا تاکہ جامع باہمی بات چیت بحال ہو ۔ یہ پوچھنے پر کہ آیا بنکاک میں مشیران قومی سلامتی کی ملاقات میں مجوزہ پاکستان، انڈیا کرکٹ سیریز پر بھی بات چیت ہوئی عزیز نے کہا کہ بات چیت، قومی سلامتی اور باہمی تعلقات تک محدود رہی ۔ پی ٹی آئی کے بموجب سشما سوراج کا دورہ3سال بعد ہورہا ہے ۔ سابق وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا نے2012میں اسلام آباد کا دورہ کیا تھا۔ معتمد خارجہ ایس جئے شنکر ، سشما سوراج کے ہمراہ ہوں گے۔ وہ تھائی لینڈ کے دارالحکومت میں مشیر قومی سلامتی اجیت دوول اور ان کے پاکستانی ہم منصب نصیر جنجوعہ کی4گھنٹے طویل ملاقات کے دوران بھی موجود تھے۔
External affairs minister Sushma Swaraj visiting Pakistan to participate in a regional conference on Afghanistan
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں