چینائی ہاسپٹل میں برقی منقطع ہونے سے 18 مریضوں کی موت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-05

چینائی ہاسپٹل میں برقی منقطع ہونے سے 18 مریضوں کی موت

چینائی
پی ٹی آئی
چینائی شہر اور مضافات میں جہاں سطح آب میں کمی ہورہی ہے آج شہریوں کو اپنی زندگی کے دوبارہ آغاز کے لئے شدید جدو جہد شروع کرنی پڑی تاہم وقفہ وقفہ سے موسلا دھار بارش نے دوبارہ سیلاب آنے کا جوکھم پید اکردیا۔ شدید ترین متاثرہ علاقہ کے لاکھوں عوام کو اشیائے ضروریہ جن میں پانی، برقی ، دودھ اور غذا شامل ہے کی شدید قلت کا سامنا ہے ۔ اسی دوران ایک مشہور ہاسپٹل میں ایک سانحہ پیش آیا جہاں18مریضوں نے چہار شنبہ کو اچانک برقی منقطع ہوجانے کے نتیجہ میں دم توڑ دیا ۔ بتایاجات ہے کہ آئی سی یو میں آکسیجن کی فراہمی منقطع ہوجانے کے باعث یہ اموات ہوئیں۔غیر مصدقہ اطلاعات میں یہ بتایا گیا کہ30سے زیادہ نعشیں گورنمنٹ رائے پیٹا ہاسپٹل میں لائی گئی۔ امکان ہے کہ یہ لوگ شدید بارش اور سیلاب کی نذر ہوگئے تھے ۔ ایک پولیس رپورٹ کے مطابق یہ سبھی مریض وینٹی لیٹر پر تھے ۔ یہ ہاسپٹل اڈیار ندی کے کنارے گنڈی کے قریب واقعہے اور شدید بارش سے آئے سیلاب کی زد میں ہے ۔ نعشوں کو رو پیٹا سرکاری ہاسپٹل بھیجا گیا ہے ۔ ریاست کے ہیلتھ سکریٹری جے راجدھا کرشنن نے کہاکہ ہاسپٹل میں داخل سبھی مریضوں کی حالت بہت نازک تھی ۔ ہاسپٹل سے سبھی مریضوں کو باہر نکال لیا گیا ہے۔ تقریبا200مریضوں کو ڈسچارج کیاگیا ہے اور دیگر300مریضوں کو مختلف ہاسپٹلوں منتقل کیا گیا ہے ۔ رادھا کرشنن نے کہا کہ سیلاب آنے سے پہلے اس ہاسپٹل میں5775مریض زیر علاج تھے اور75مریض وینٹی لیٹر پر تھے۔انہوںنے کہا کہ ابھی تک موت کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے اور تحقیقات جاری ہے ۔ اسی دوران ہندوستانی بحریہ کو پرواز کی اجازت دی ہے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ایر انڈیا ، انڈیگو، اسپائس جیٹ اور ٹروجیٹ کو پرواز کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ بحریہ نے صرف آج اور کل کے لئے یہ اجازت دی ہے ۔ یہاں پھنسے ہوئے مسافرین کو بحریہ کے ہوائی اڈے سے مختلف مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے ۔ اسی دوران صبح کے اوقات میں بارش تھم جانے کی وجہ جہاں عوام نے راحت کی سانس لی تھی وہیں دوبارہ بارش شروع ہونے کے بعد ایک بار پھر مایوسی اور دہشت چھا گئی ہے ۔ محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ آئندہ دو تین دنوں میں ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔ چینائی اور ٹاملناڈو کے دیگر علاقوں میں بھاری بارش کی وجہ سے آئے سیلاب سے آج دوسرے روز بھی معمولات زندگی ٹھپ رہے حالانکہ کل رات سے بارش بند تھی جس سے لوگوں کو تھوڑی راحت ضرور ملی ہے لیکن صبح سے آسمان میں بادل چھائے رہے۔ کئی لوگوں کے گھر پانی میں ڈوبے ہیں اور کئی مکانات کی نچلی منزل میں پانی بھراہوا ہے جس کی وجہ سے انہوں نے اپنے رشتہ داروں اور دوستوں کے گھروں میں پناہ لے رکھی ہے ۔ فوج بحریہ اور سرحدی سلامتی فورس کے جوان اب تک10ہزار سے زیادہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچا چکے ہیں ۔ چمبرا پکم، پونڈی اور پوجھال اضلاع سے پانی کی نکاسی کی وجہ سے اڈیار اور کم ندی میں پانی اترا ہے ۔ تاہم بارش پھر دوپہر سے شروع ہوگئی جس کی وجہ سے لوگوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ۔ سیلاب میں اب تک چینائی، کڈالور ، کانچی پورم اور تروویلوراضلاع میں سیلاب اور دیگر واقعات میں300سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں ۔ چینائی کو آفات سماوی زون قرار دے دیا گیا ہے ۔ فوج کے سربراہ جنرل دلبیر سنگھ نے شہر کا دورہ کرتے ہوئے بچاؤ اور راحت کاموں کا جائزہ لیا ۔ دلبیر سنگھ سری لنکا سے چینائی پہنچے ۔ فوج، بحریہ کے علاوہ فضائیہ کے جوان بھی راحت اور بچاؤ کام میں حصہ لے رہے ہیں ۔ بچاؤ او رراحت کاموں کے لئے مزید20ٹیموں کو متعین کیا گیا ہے ۔ چینائی شہر میں لاکھوں افراد اشیائے ضروریہ کی سربراہی نہ ہونے کی وجہ سے دشواریوں کا سامنا کررہے ہیں ۔ آج صبح پانی اترنے سے آرٹیریل ماؤنٹ روڈ اور دیگر سڑکوں کو ٹریفک کے لئے کھولا گیا تھا۔ گزشتہ تین دنوں سے ان سڑکوں پر پانی بھرا ہوا تھا ۔ اڈیار کے علاوہ پوزل اور پونڈی ندیاں بھی جو شہر کے نواح میں بہتی ہیں لبریز ہوگئی تھیں ۔ چینائی ایر پورٹ کو جہاں سیلاب کے باعث اتوار تک پروازیں معطل کردی گئی ہیں ریلیف پروازوں کے لئے موزوں قرار دیا لیکن یہ نہیں بتایا گیا کہ اس پر کب عمل آوری ہوگی۔

Power outage at Chennai hospital kills 18 patients

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں