چنئی میں بارش کا بدترین قہر - مہلوکین کی تعداد 200 - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-03

چنئی میں بارش کا بدترین قہر - مہلوکین کی تعداد 200

چینائی
پی ٹی آئی، آئی اے این ایس
موسلا دھار بارش کے سبب چینائی اور ریاست کے کئی ساحلی علاقے آج سیلاب کے پانی میں گھر گئے ۔ شہر اور پڑوسی اضلاع میں مسلسل بارش کی وجہ سے ریاستی دارالحکومت کا ریل اور سڑک رابطہ منقطع ہوگیا ہے جبکہ ایر پورٹ کو بھی دن بھر کے لئے بند کردیا گیا ۔ شہر اور مضافاتی علاقوں کے علاوہ پڑوسی اضلاع کانچی پورم، ترولور اور کڈالور میں زائد از ایکدن سے جاری موسلادھار بارش آج صبح کچھ دیر کے لئے تھم گئی تھی تاہم مسلسل بوندا باندی کے سبب شہریوں کے لئے مزید مشکلات پیدا ہوئیں۔ آئی اے این ایس کے بموجب آج بارش کے دوبارہ آغاز کے سبب ٹاملناڈو کے دارالحکومت میں عام زندگی مفلوج ہوگئی اور ہزروں نشیبی علاقوں کو خطرہ لاحق ہوگیا۔ عہدیداروں نے بتایاکہ راحت اور بچاؤ کے کام میں آج فوجی اور این ڈی آر ایف ارکان عملہ بھی شامل ہوگئے ۔ انہوں نے دوپہر تک65مرد و خواتین کو بچایا۔ بنگلورو سے چینائی کے لئے مزید فوجی روانہ ہوئے ہیں۔ مرکزی وزیر شہری ترقی ایم وینکیا نائیڈو نے نئی دہلی میں بتایا کہ چینائی کی صورتحال غیر معمولی ہے اور ایسا پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا تھا۔ انہوں نے اس محصور شہر اور دیگر علاقوں کے لئے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کا وعدہ کیا ۔ مقامی عوام اور عہدیداروں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ زائد از4.6ملین کی آبادی کے حامل وسیع و عریض شہر چینائی میں موسلادھار بارش کے سبب آنے والے سیلاب سے ہر شخص کسی نہ کسی طرح متاثر ہوا ہے ۔ چینائی ایر پورٹ اور ریلوے اسٹیشنوں کو بند کردیا گیا ہے جہاں ہزاروں مسافرین پھنس گئے ہیں۔ کئی علاقوں میں برقی سربراہی منقطع ہوچکی ہے ۔ ٹیلی فون خدمات بھی متاثر ہوئی ہیں۔ اسکول اور کالج بندہیں ۔ کئی علاقے جھیل میں تبدیل ہوچکے ہیں ۔ بیشتر بسیں سڑکوں سے ہٹالی گئی ہیں اور پٹریوں کے زیر آب آجانے کے بعد مضافاتی ٹرین خدمات معطل کردی گئی ہیں ۔ چینائی کے بعض علاقوں میں آٹو رکشا اور ٹیکسیاں چلائی جارہی ہیں تاہم مسافرین سے بھاری رقم وصول کی جارہی ہے ۔ ایک ٹیکسی ڈرائیور نے 3افراد کو ایر پورٹ سے انا سلائی روڈ پر واقع ایک ہوٹل تک پہنچانے مبینہ طور پر4500ہزار روپے وصول کئے۔ انا سلائی کے بیشتر علاقے بھی زیر آب آچکے ہیں ۔ منگل کی رات سے جاری موسلا دھار آج بھی وقفہ وقفہ سے جار ی رہی اور سطح آب میں اضافہ کے اندیشوں کے تحت چینائی کے عوام جاگتے رہے۔ ماضی کے برعکس شاستری نگر ، انا نگر،الوار پیٹ اور مائیلا پور جیسے عالیشان علاقے بھی اس مرتبہ زیر آب آچکے ہیں ۔ دریائے اریار کے کنارے واقع کچی بستی کے مکانات کے چھت تک ڈوب چکے ہیں۔ پونڈی ذخیرہ آب سے آج فاضل پانی چھوڑا گیا جس کی وجہ سے مصائب میں مزید اضافہ ہوگیا۔ واضح رہے کہ اسی ذخہر آب سے چینائی کو پانی سربراہ کیا جاتا ہے۔ چمبر، مبکم، پڑہال اور شولا ورم ذخائر میں سطح آب خطرہ کے نشان تک پہنچ چکی ہے ۔ سدرن ریلوے نے ایگمور اسٹیشن سے روانہ ہونے والی 13ٹرینیں منسوخ کردی ہیں جب کہ چینائی سنٹرل سے روانہ ہونے والی چار ٹرینیں منسوخ کردی گئی ہیں ۔ دیگر اسٹیشنوں سے روانہ ہونے والی مزید10ٹرینوں کوبھی منسوخ کردیا گیا ہے ۔ ا س صورتحال کے باوجود چند افراد نے شادی کی تقاریب منعقد کرنے کی جرات کی ۔ جنوبی چینائی کے اے وی ایم راجیشیوری کلیانا منڈپم کے منیجر کے ایم کانن نے آئی اے این ایس کو بتایاکہ آج کا دن شادیوں کے لئے بے حد مبارک ہے ۔ ہمارے ہال میں منصوبے کے مطابق ایک شادی انجام پائی۔ کئی خانگی اداروں نے تعطیل کا اعلان کردیا جب کہ سرکاری دفاتر بھی آج بند رہے ۔ پولیس نے ساحل چینائی کے وسیع و عریض علاقہ کو احتیاطی طور پر بند کردیا ہے۔ تازہ صورتحال کے مطابق چینائی انٹر نیشنل ایر پورٹ جسے گزشتہ شام بند کردیا گیا تھا، بھاری بارش کے باعث6دسمبر تک بند رہے گا ، انتظامیہ نے بتایا ۔ راجالی نیول ایر اسٹیشن ، اراکاونم جو چینائی میں70کیلو مغرب میں واقع ہے کو متبادل ایر پورٹ کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔ شہر میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ۔ چینائی میں گزشتہ24گھنٹے کے دوران49سینٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ چمبارم باکام میں ریزروائر سے25ہزار کیوسک پانی کو ادیار ندی میں چھوڑا گیا جہاں تقریبا47سینٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ سیدا پیٹ پل جواد یار ندی پر واقع ہے کو ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا ۔ کمشنر چینائی کارپوریشن وکرم کپور نے کہا کہ شہر سے پانی کا اخراج کیاجارہا ہے تاہم ندی ابھی تک خطرے کے نشان کے اوپر بہہر ہی ہے ۔ اضافی پانی مسلسل چینائی میں داخل ہورہا ہے ۔ کوئی بھی ڈرین اس بھاری بارش کے آگے کام نہیں کررہا ہے ۔ اگر ایسی ہی بارش ہوتی رہی تب حالات اور ابتر ہوسکتے ہیں۔ زائد از دو ہزار افراد کو سیلاب سے متاثرہ شہر سے فوج ، بحریہ اور فضائی کے علاوہ نیشنل ڈیزاسٹر سپانز فورس نے بچایا۔ کئی علاقوں میں پانی کی سطح6تا12فٹ بتائی گئی ۔ ابھی تک 9لاکھ غذائی پیاکٹ تقسیم کئے جاچکے ہیں ۔ کپور نے بتایا کہ شہر کے آئی ٹی ہب کو بھی بند کردیا گیا کیوں کہ ملازمین اور عہدیدار سیلاب میں پھنسے ہوئے ہیں ۔ ٹیلی فون کمپنیوں ، بشمول بی ایس این ایل ، ایر ٹیل ، وڈا فون آرکام اور ایر سیل نے صارفین کو فری ٹاک ٹائم کی پیشکش دی ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے آج صبح ایک اجلاس سینئر وزراء ارون جیٹلی ، راجناتھ سنگھ ، سشما سوراج اور وینکیا نائیڈو کے ساتھ رکھتے ہوئے چینائی کی موجودہ حالات پر بات چیت کی ۔ پارلیمنٹ میں بات چیت کے بعد لاء میکرز نے پالیمنٹرین فنڈ کا کچھ حصہ ریلیف کاموں کے لئے دینے کا فیصلہ کیا۔ ریاست میں تا اطلاع سیلاب کے باعث200اموات کی توثیق کی گئی جب کہ یہ سیلاب کی صورتحال گزشتہ ماہ سے شرو ع ہوئی تھی۔

Deluged Chennai cries for help as airport flooded, trains stop, phones out

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں