سیلاب سے شدید طور پر متاثر چنئی کچرے کے شہر میں تبدیل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-08

سیلاب سے شدید طور پر متاثر چنئی کچرے کے شہر میں تبدیل

چنئی
یو این آئی
سیلاب سے شدید طور پر متاثر چنئی کچرے کے شہر میں تبدیل ہوگیا ہے کیونکہ سیلاب کے پانی کو بتدریج کمی کے بعد ہر طرف کیچڑ اور کچرا نظر آرہا ہے ۔ متاثرین کا بر ا حال ہے ۔ متاثرین نے پریشانی سناتے ہوئے کہا کہ ان کے مسائل حل کرنے والا کوئی نہیں ہے ۔ کئی علاقوں میں اب تک بجلی کی سپلائی بحال نہیں کی جاسکی ۔ اور کئی دور دراز کے علاقوں میں بچاؤ ٹیمیں اب تک نہیں پہنچ پائیں۔ کئی علاقوں میں پ پینے کا پانی اور کھانے کے لئے غذا کے علاوہ چھوٹے بچوں کے لئے دودھ بھی نہیں ہے ۔ دوسری جانب چنئی میں پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کو روکنے کے لئے حکام اقدامات کررہے ہیں۔ چنئی میں بارش کی وجہ سے تقریبا400افراد ہلاک اور ہزاروں بے گھر ہوئے ۔ تمل ناڈوکا دارالحکومت بارش کی وجہ سے عملا زیر آب آچکا ہے ۔ ندیاں خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہیں ۔ سرکاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ راحت کاری کے کام انجام دینے کے علاوہ مزید200اسپیشل میڈیکل کیمپ بھی قائم کئے جارہے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ چنئی میں ایک اور طوفانی بارش کا خطرہ ہے ۔ شہریوں کو اندیشہ ہے کہ اگر بارش شروع ہوئی تو کئی ندیاں ابل پڑیں گی اور تباہی مچے گی۔ بارش کی وجہ سے مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے ۔ پانی کی ایک بوتل50تا100روپے میں دستیاب ہے ۔ بینکس بھی کھول دئیے گئے ہیں۔ درین اثناء وزیر شہری ہوا بازی اشوک گجپتی راجو نے آج چنئی ایئر پورٹ کا معائنہ کیا، جہاں سے آج پروازیں مکمل طور پر شروع ہوگئیں ۔ بعد ازاں مسٹر راجو نے شہری ہوا بازی کے اعلیٰ افسروں کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی اور سیلاب کے پانی سے ایئر پورٹ کو ہوئے نقصانات کی تفصیلات حاصل کرتے ہوئے افسروں کو ضروری ہدایتیں دیں ۔ بعد ازاں اشوک گجپتی راجو نے تمل ناڈو کی وزیر اعلیٰ جے للیتا سے بھی ملاقات کی اور سیلا ب سے ریاست کے اضلاع کو ہوئے نقصانات پر بات کی۔ چنئی ایئر پورٹ کو سیلاب کا پانی آجانے کے سبب بند کردیا گیا تھا تاہم پیر کی صبح سے یہاں سے ڈومسٹک اور انٹر نیشنل فلائیٹس کی مکمل طور پر شروعات کردی گئی ۔ وزارت شہری ہوا بازی کے حکام نے کہا ہے کہ ایئر پورٹ پر پروازیں بحال کرنے کا اعلان کرتے ہوئے انہیں مسرت ہورہی ہے ۔ چنئی ایئر پورٹ کے ڈائرکٹردیپک شاستری نے کہا کہ7دسمبر سے گھریلو اور بین الاقوامی پروازیں بحال کردی گئیں۔

Heavy Rains Flood Chennai Beaches With Garbage

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں