ہند و پاک مشیران قومی سلامتی اجلاس - جامع مذاکرات عمل کے احیاء پر زور - سرتاج عزیز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-08

ہند و پاک مشیران قومی سلامتی اجلاس - جامع مذاکرات عمل کے احیاء پر زور - سرتاج عزیز

اسلام آباد
پی ٹی آئی
پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف کے مشیر خارجہ امور سرتاج عزیز نے ہند۔ پاک تعلقات میں تعطل میں کمی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی وزیر خارجہ سشما سوراج کے ساتھ جاریہ ہفتہ ان کی بات چیت جامع مذاکرات عمل کے احیاء پرمرکوز رہے گی۔ عزیز نے صحافیوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سشما سوراج ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کے لئے کل پاکستان پہنچ رہی ہیں۔ دورہ کے دوران وہ نواز شریف سے بھی ملاقات کریں گی ۔ عزیز نے بتایا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تعلقات میں تلخی کسی حد تک کمی ہوئی ہے ۔ عزیز نے یہ بھی کہا کہ سشما سوراج کے ساتھ مختلف النوع مسائل پر گفتگو ہوگی جن میں دونوں ممالک کے درمیان جامع مذاکرات عمل کا احیا بھی شامل ہوگا۔ افغانستان پر کانفرنس کا افتتاح وزیر اعظم نواز شریف اور افغان صدر اشرف غنی مشترکہ طور پر کریں گے۔ کئی ممالک کے وزرائے خارجہ اس کانفرنس میں شریک ہونے آرہے ہیں ۔ سوراج کا دورہ پاکستان ایسے حالات میں ہوگا کہ ہندوستا ن اور پاکستان کے مشیران قومی سلامتی کا اجلاس کل بینکاک میں ختم ہوچکا ہے جہاں انہوں نے دہشت گردی، جموں و کشمیر اور کئی باہمی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں قائدین نے تعمیری تعلقات میں پیشرفت پر زور دیا۔
پاکستانی میڈیا نے بنکاک میں ہند۔ پاک مشیران قومی سلامتی اجلاس کا خیر مقدم کیا ہے۔ میڈیا نے اس اجلاس کو دونوں پڑوسیوں کے درمیان سرد تعلقات میں حرارت اور ہلچل سے تعبیر کیا ۔ سیاسی تجزیہ نگار جنرل ناصر جنجوا اور ان کے ہندوستانی ہم منصب اجیت دوول کے درمیان بات چیت کو بہار انتخابات میں نریندر مودی کی حکمراں پارٹی بی جے پی کی ناکامی کا سائیڈ افیکٹ( ذیلی اثر) قرار دیا ہے۔ ڈان نے اس پر تبصڑہ کرتے ہوئے کہا کہ صحیح معنوں میں بی جے پی بہار میں رسوائی سے دوچار ہوئی ہے ۔ میڈیا نے یہ بھی کہا کہ دونوں قائدین کے درمیان ملاقات کے بعد مشترکہ بیان سے وضاحت ہوئی کہ نئی دہلی اپنے حالیہ موقف میں لچک کا اظہار کرتے ہوئے جموں و کشمیر مسئلہ پر بات چیت کرنے تیار ہے ۔ اخبار نے یہ بھی کہا کہ اب دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کے مستقبل کا اندازہ لگانا کچھ دشوار نہیں رہا ۔ اخبار نے تاہم یہ بھی کہا کہ تعمیری سر گرمیوں میں پیشرفت کس جانب سے ہوگی اس کی وضاحت نہیں کی گئی۔ بنکاک میں کل دونوں ممالک کے مشیران قومی سلامتی کے درمیان ملاقات اور بات چیت چار گھنٹوں تک جاری رہی۔ نیوز انٹر نیشنل نے بنکاک ملاقات کو پیشرفت قرار دیا۔ اخبار نے یہ بھی کہا کہ تیسرے ملک میں ان کی ملاقات پر پردہ پڑا رہا جس کے نتیجہ میں دونوں ہی ممالک نے تعمیری سر گرمیوں سے اتفاق کیا۔ دائیں بازو کے اخبار دی نیشن نے بھی بات چیت کی تائید کرتے ہوئے اسے صفحہ اول کی زینت بنایا۔

Talks With Sushma Swaraj To Focus On Composite Dialogue Resumption: Sartaj Aziz

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں