جی ایس ٹی بل کو روکنا جمہوریت کو کمزور کرنے کی کوشش: جیٹلی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-17

جی ایس ٹی بل کو روکنا جمہوریت کو کمزور کرنے کی کوشش: جیٹلی

نئی دہلی
پی ٹی آئی، یو این آئی
وزیر فینانس ارون جیٹلی نے آزادی کے بعد ملک کے سب سے معاشی اصلاحی قدم کے طور پر دیکھے جانے والے جی ایس ٹی بل کو راجیہ سبھا میں منظور ہونے سے روکنے اور کسی نہ کسی معاملہ پر ایوان کی کارروائی میں خلل ڈالنے کو جمہوریت کو کمزور کرنے کی کوشش قرار دیتے ہوئے آج کہا کہ اس سے مستقبل کے لئے کوئی اچھی روایت قائم نہیں ہورہی ہے۔ جیٹلی نے صنعتی تنظیموں، فکّی ، سی ائی آئی ، ایسوچیم اور کنفیڈریشن آف آل انڈیا ٹریڈرس کی طرف سے مشترکہ طور پر جی ایس ٹی بل پر آج یہاں منعقدہ ایک سیمنار میں کہا کہ جی ایس ٹی کا معاملہ کانگریس کے اس وقت کے وزیر فینانس پی چدمبرم نے2006ء میں اٹھایا تھا اور پھر2011ء میں اس وقت کے وزیر فینانس پرنب مکرجی نے اسے لوک سبھا میں پیش کیا تھا ۔ اس کے بعد اسے اسٹینڈنگ کمیٹی کے پاس بھیج دیا گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی کی رپورٹ ملنے کے بعد اسے لوک سبھا سے منظور کرلیا گیا اسے راجیہ سبھا میں پیش کرنے کی کوشش کی گئی لیکن کانگریس اس میں مسلسل خلل ڈال رہی ہے ۔ پہلے مانسون اجلاس میں خلل ڈالا اور اب سرمائی اجلاس میں بھی اس کی منظوری میں خلل اندازی کررہی ہے ۔ جیٹلی نے ایک فیصد زائد ٹیکس کو ختم کرنے کانگریس کے موقف کو قبول کرنے کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے جی ایس ٹی بل کی منظوری کے لئے تین نئی شرائط رکھی ہیں جس میں مینو فیکچرنگ والی ریاستوں کو پ ہنچنے والے نقصانات کا مسئلہ اٹھایا گیا ہے جب کہ اس مسئلہ کو صرف ٹاملناڈو اور گجرات نے اٹھایا ہے ۔ مینو فیکچرنگ والی ریاستوں کو پہنچنے والے نقصان کی تلافی کے لئے ایک فیصد اضافی ٹیکس کا مشورہ دیا گیا ہے ۔ جو مکمل طور پر غیر عملی ہے کیونکہ مرکز پانچ برسوں تک اس طرح کے نقصان کی تلافی کرے گا۔


Congress not keen on GST Bill: Finance Minister Arun Jaitley

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں