ہم آہنگی بگاڑنے والوں کو بخشا نہیں جائے گا - وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-02

ہم آہنگی بگاڑنے والوں کو بخشا نہیں جائے گا - وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ

نئی دہلی
یو این آئی
وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج کہا کہ ملک میں جان بوجھ کر عدم رواداری کا مصنوعی ماحول پیدا کیاجارہا ہے ۔ انہوں نے ملک کو یقین دلایا کہ سماجی اور مذہبی ہم آہنگی بگاڑنے کی کوشش کرنے والوں کو قطعا نہیں بخشا جائے گا۔ راج ناتھ سنگھ نے ملک میں عدم رواداری کے واقعات سے پیدا ہونے والی صورتحال پر لوک سبھا میں ضابطہ193کے تحت گزشتہ دو روز سے جاری بحث کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں عدم رواداری کا مصنوعی ماحول بنا کر بے معنی ہنگامہ برپا کیاجارہا ہے۔ میں فخر کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ ہندوستان دنیا کا سب سے روادار ملک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رواداری ہماری روایت ہے اور ہم کسی کے دباؤ سے روادار نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم روادار تھے ، روادار ہیں اور روادار رہیں گے ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ وہ ملک کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ جو سماجی اور مذہبی ہم آہنگی خراب کرنے کی کوشش کرے گا اس کی خیر نہیں ہے ۔ انہوں ںے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی ملک میں عدم رواداری کے سب سے زیادہ شکار ہوئے ہیں ۔ راج ناتھ سنگھ نے عدم رواداری بڑھنے کے نام پر ایوارڈ واپس کرنے والوں کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان میں سے کچھ لوگوں نے پارلیمانی انتخابات سے پہلے ایک بیان جاری کیا تھا کہ مودی کو ملک کا وزیر اعظم نہیں بنایا جانا چاہئے ۔ اب انہیں مودی کو ملنے والے اکثریتی فیصلے کا احترام کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک میں عدم رواداری کے تین بڑے واقعات ملک کی تقسیم، ایمرجنسی کا نفاذ اور1984ء کے سکھ مخالف فسادات ہیں ۔ انہوں نے سوال کیا کہ جب لاکھوں کشمیری پنڈتوں کو وادی سے بھگایا گیا تب یہ لو گ کہاں تھے؟ وزیر داخلہ نے کہا کہ ہندوستانی ثقافت میں رواداری پر صرف زور نہیں دیا گیا ہے بلکہ اسے تسلیم کیا گیا ہے ۔ یہاں ہر نسل ، مذہب، عقیدہ اور فرقے کو اپنے خاندان کو رکن سمجھاجاتا ہے ۔ ہندوستانی ثقافت نے پوری دنیا کو ایک خاندان قرار دے کر وسودیو کٹم بکم کا پیغام دیا ہے ۔ رواداری ہماری رگوں میں ہے، ہماری ثقافت میں ہے، ہماری روایت ہے ۔ اس روایت کو اس زمین سے کوئی نہیں چھین سکتا ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ کچھ مصنوعی اور کاغذی گولے داغے جارہے ہیں ۔ یہ موضوع بہت حساس ہے لیکن ملک کے لئے خود کش ہے ۔ دریں اثناء ، راجناتھ سنگھ کے جواب کے درمیان کانگریس اور بایاں محاذ کی پارٹیوں کے ارکان ایوان سے واک آؤٹ کرگئے۔

Anyone disturbing harmony will not be spared: Rajnath

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں