تامل ناڈو میں 100 سال کی شدید بارش - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-02

تامل ناڈو میں 100 سال کی شدید بارش

چینائی
پی ٹی آئی
چینائی اور اس کے آس پاس کے علاقوں اور پوڈوچیری میں کل رات سے مسلسل بارش کی وجہ سے سیلاب آگیا ہے اور عام زندگی درہم برہم ہوگئی ہے ۔ جنگی خطوط پر امدادی کاموں کے لئے آج رات د و علاقوں میں فوج کو تعینات کردیا گیا۔ بحریہ کو بھی تیار رکھا گیا ہے ۔ چینائی ایر پورٹ پر تمام فلائٹ آپریشنس آئندہ نظر ثانی تک کے لئے بند کردئیے گئے ہیں ۔ اور کئی فلائٹس میں خلل ہوا کیوں کہ رن وے اور ٹارمک میں پانی بھر گیا ہے ۔ اس بارش سے عملا ً ایک دن میں سب سے زیادہ بارش کا ایک سو سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ چینائی کے علاوہ وڈاپلا، ولا سرواکم، نندما وکم کے علاقے زیر آب آگئے ہیں۔ مشکلات میں اس وقت اضافہ ہوتا نظر آیا جب چینائی اور آس پاس کے اضلاع کے عہدیداروں نے مزید بارش سے نمٹنے کی تیاریان شروع کردی ہیں کیونکہ محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ اگلے چار دنوں میں تیز سے بہت تیز بارش ہوگی۔چینائی کے بیشتر علاقوں میں تقریبا دو ہفتوں سے تیز بارش ہورہی ہے جس کی وجہ سے ٹرین اور بس خدمات بری طرح متاثر ہوئیں اور ششماہی امتحانات ملتوی کردئیے گئے ۔ اس کے علاوہ چینائی کا نچی پورم اور تیروولور اضلاع میں اسکولس بند کردئے گئے ۔ اس دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹاملناڈو کی چیف منسٹر جے للیتا سے بات چیت کی اور انہیں ہر ممکن مدد کا یقین دلایا ۔ وزیر اعظم نے ٹویٹر پر کہا کہ ٹاملناڈو کے بعض حصوں میں سیلاب کی صورتحال کے بارے میں جئے للیتا جی سے بات چیت کی ہے اور اس افسوسناک لمحہ میں ہر ممکن مدد اور تعاون کا یقین دلایا ہے ۔ایک مرکزی ٹیم پہلے سے بارش سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے کے لئے ریاست میں موجود ہے ۔

#ChennaiFloods : Decoding the city's worst rains in 100 years

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں