کسی کو حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ پیش کرنے کی ضرورت نہیں - وزیراعظم مودی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-02

کسی کو حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ پیش کرنے کی ضرورت نہیں - وزیراعظم مودی

نئی دہلی
پی ٹی آئی
عدم رواداری پر بحث کے درمیان وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا ہے کہ ظلم کا کوئی بھی واقعہ سماج اور قوم پر ایک دھبہ ہے ۔ اس کے درد کو سبھی کو محسو س کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد و ہم آہنگی ہی ملک کو آگے لے جانے کا واحد راستہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 125کروڑ ہندوستانیوں کی حب الوطنی پر کوئی سوال نہیں اٹھا سکتا اور کسی کو حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ پیش کرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ یہ بیان کافی اہمیت کا حامل ہے کیوںخہ بعض افراد متنازعہ بیان دیتے ہوئے ناراض افراد کو پاکستان جانے کا مشورہ دے رہے تھے ۔ راجیہ سبھا میں دستور پر بحث کا جواب دیتے ہوئے مودی نے ایکتا کے منتر کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ہندوستان جیسے متنوع ملک میں انتشار کے لئے کئی بہانے ہوسکتے ہیں لیکن ملک کو متحد رکھنے کے امکانات تلاش کرنے چاہئے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے دستورکو مشعل راہ قرار دیتے ہوئے تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین سے اپیل کی کہ وہ سیاسی اختلافات سے بالات رہوکر ان مثالوں کو حقیقت کا رنگ دیں جو دستور کے معماروں نے قائم کی ہیں۔ راجیہ سبھا میں دستور ہندپر مباحث کا جواب دیتے ہوئے جو بی آر امبیڈ کر کی125ویں سالگرہ تقاریب کے موقع پر منعقد کی گئی تھی وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں سیاسی اختلافات سے بالا تر ہوکر اتحاد اور ہم آہنگی پید اکرنے کی ضرورت ہے ۔ وزیر اعظم نے راجیہ سبھا میں جی ایس ٹی جیسے اہم بل پر تعطل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا اگرچہ ایوان کے قائدین ان کی اہمیت سے واقف ہیں لیکن پھر بھی انہیں منظور کرانے میں رکاوٹ پیدا ہورہی ہے۔ انہوں نے دونوں ایوانوں کے درمیان تعاون کی ضرورت پر زور دیا ۔ مودی نے کہا کہ راجیہ سبھا کے اپنے اقدار ہیں، دستور ساز اسمبلی میں مباھث کے دوران گوپال سوامی ائنگر نے کہا تھا کہ دنیا بھر میں ایک دوسرے گھر کی بھی ضرورت ہے۔

کانگریس لیڈر ششی تھرور نے آج اپنے ایک بنگلہ دیشی دوست کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان میں ایک مسلمان سے زیادہ گائے محفوظ ہے ۔ اس طرح انہوں نے ملک میں بڑھتی ہوئی عدم رواداری کے بارے میں طنز کیا ۔ لوک سبھا میں عدم رواداری کے بارے میں بحث میں حصۃ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مودی حکومت ہندوستان میں نفرت کے جاری رہتے میک ان انڈیا مہم کو فروغ نہیں دے سکتی ۔ وزیر اعظم نریندر مودی پر ان کی خاموشی کے لئے تنقید کرتے ہوئے ششی تھرور نے کہا کہ وہ وزیر اعظم بننے سے پہلے الگ آدمی تھے، انہوں نے مثال دی کہ کس طرح انہوں نے انتشاد پسند سیاست کرنے والوں کو نظر انداز کیا۔

راجیہ سبھا نے آج اتفاق رائے سے ایک قرار منظور کرتے ہوئے ہندوستان کے تنوع اور اس کے جمہوری سماجی اور سیکولر کردار کے تحفظ کا عزم کیا ہے ۔ ملک میں بڑھتی ہوئی مبینہ عدم رواداری کے پس منظرمیں دستور پر3روزہ مباحث کے بعد یہ قرار داد منظور کی گئی ۔ صدر نشین حامد انصاری نے یہ قرار داد پڑھ کر سنائی جسے میزوں کی تھپتھپاہٹ کے درمیان منطور کیا گیا۔

PM Modi says nobody needs certificate of patriotism in India

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں