رائٹر
جرمن چانسلر نے اپنی جماعت کی سالانہ کانگریس میں پناہ گزینوں سے متعلق اپنی پالیسی کا بھرپور دفاع کیا تاہم اس موقع پر انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت مستقبل میں پناہ کے لئے جرمنی میں داخل ہونے والوں کی تعداد میں کمی لائے گی۔ انجیلا مرکل نے کہا کہ رواں سال ستمبر میں ہنگری میں پھنسے ہوئے ہزاروں پناہ گزینوں کے لئے جرمن سرحدیں کھولنے کا فیصلہ محض انسانی بنیاد پر مدد کے لئے لیا گیا تھا ۔ جرمن چانسلر نے یہ بات اپنی سیاسی جماعت کرسچن ڈیمو کریٹک یونین (سی ڈی یو) کی سالانہ کانگریس کے موقع پر اپنے خطاب میں کہی۔ پناہ گزینوں کے لئے برلن حکومت کی دل کھول پالیسی کے سبب اپنی جماعت میں داخلی سطح پر شدید اختلافات سے نمٹنے کے ایک ہی دن بعد چانسلر نے اپنی قدامت پسند پارٹی کی اس تقریب میں پالیسی کا بھرپور دفاع کیا۔ یہ امر اہم ہے کہ مخلوط حکومت میں شامل اتحادی جماعتوں کی جانب سے شدید تنقید کے نتیجہ میں مرکل کی پالیسی میں تبدیلی آئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ انتظامیہ اب پناہ کے لئے جرمنی میں داخل ہونے والوں میں واضح کٹوتی کی خواہاں ہے ، پناہ گزینوں کی تعداد میں کمی نہ صرف جرمنی بلکہ پناہ گزینوں کے بھی مفاد میں ہے ، جرمن ، یوروپی اور عالمی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے مناسب حکمت عملی کے تحت ہم ہجرت کو منظم اور محدود کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔جرمن چانسلر نے اپنے ایک گھنٹے سے زیادہ طویل خطاب میں کہا کہ یورپی سطح پر سب سے مضبوط معیشت ہونے کے ناطے یہ جرمنی کی اخلاقی و سیاسی ذمہ داری ہے کہ مستحق افراد بالخصوص شامی جنگ سے فرارہونے والوں کی مدد کی جائے ، ہم انسانی بنیادوں پر اپنی ذمہ داری نبھائیں گے ۔ اس ہفتہ ہونے والی یوروپی یونین کی سمٹ سے قبل مرکل نے اس کانفرنس میں بتایا کہ وہ پناہ گزینوں کی تعداد میں کمی کے لئے کئی نکاتی حکمت عملی پر انحصار کررہی ہیں ۔ جن میں بلاک کی بیرونی سرحدوں کی نگرانی میں اضافہ، ترکی کے لئے امداد بڑھانا اور پناہ گزینوں کی یوروپی ممالک میں تقسیم شامل ہیں۔
Angela Merkel wins CDU backing on refugee policy
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں