اورنگ آباد اسلحہ ضبطی معاملہ - فریقین کی گواہی مکمل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-02

اورنگ آباد اسلحہ ضبطی معاملہ - فریقین کی گواہی مکمل

ممبئی
یو این آئی
سال2006کے وسط میں مہاراشٹرا میں ہوئے ایک دہشت گردانہ واقعہ( اورنگ آباد اسلحہ ضبطی معاملہ) میں آج بالآخر فریقین کے گواہوں کی گواہی کا اختتام عمل میں آیا جس کے بعد عدالت نے استغاثہ کو حتمی بحث کا آغاز کرنے کا حکم دیا۔ اس کیس میں مہاراشٹرا انسداد دہشت گرد دوستہ( اے ٹی ایس) نے مراٹھواڑہ اور گنجان مسلم آبادی ولاے شہر مالیگاؤں سے 22اعلیٰ تعلیم یافتہ مسلم نوجوانوںکو گرفتار کیا تھا ۔ خصوصی مکوکا عدالت کے جج شریکانت انیکر کے سامنے آج ملزمین کو قانونی امداد فراہم کرنے والی تنظیم جمعیۃ علماء مہاراشٹرا(ارشد مدنی ) کے دفاعی وکلاء کی جانب سے داخل کردہ عرضداشت جس میں کہا گیا کہ دفاع فریق اس معاملے میں مزید گواہوں کے بیانات کے اندراج کے حق میں نہیں ہے لہذا استغاثہ کو حکم دیا جائے کہ وہ حتمی بحث کا آغاز کرے ۔ جواب میں خصوصی جج نے وکیل استغاثہ کو حکم دیا کہ حتمی بحث کا آغاز کرے ۔وکیل استغاثہ نے جج سے درخواست کی کہ اسے حتمی بحث کی تیاری کرنے کے لئے دو ہفتے دئے جائیں لیکن دفاعی وکلاء کی شدید مخالفت کے بعد خصوصی جج نے وکیل استغاثہ وبھئے بگاڑے کو حکم دیا کہ وہ8 دسمبرے سے حتمی بحث کا آغاز کریں ۔ گواہ استغاثہ اور دفاعی گواہوں کی گواہی کے اختتام کے بعد جمعیۃ علماء قانونی امداد کمیٹی کے سربراہ گلزار اعظمی نے کہا کہ اس معاملے میں اب تک100 سرکاری گواہان نے خصوصی عدالت میں اپنے اپنے بیانات کا اندراج کرایا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آرتھر روڈ جیل میں قائم خصوصی مکوکا عدالت میں ایک طرف جہاں استغاثہ کی جانب سے بیشتر پولیس افسران اور ملزمین کے اہل خانہ، ملزمین اور دیگر لوگوں نے گواہی دی ۔ اس معاملے کی سماعت میں اب تک ساڑھے نو سال کا عرصہ گزر چکا ہے اور اس درمیان8ججوں کے تبادلے ہوئے لیکن اب انہیں امید ہے کہ جلد ہی خصوصی جج شریکانت انیکر کے سامنے ہی مقدمہ کا خاتمہ ممکن ہے کیونکہ سپریم کورٹ کے حکمنامہ کے تحت رو زبہ روز مقدمہ کی سماعت جاری ہے ۔ اسی درمیان اس معاملے کے ایک اہم ملزم اسلم کشمیری کو بھی دفاعی وکلاء کی درخواست پر دہلی کی تہاڑ جیل سے آرتھر روڈ جیل منتقل کیا جاچکا ہے اور آج اسے بھی دیگر ملزمین کے ہمراہ خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا تھا حالانکہ ایک دیگر ملزم فیصل عطاء الرحمن شیخ کو پنے کی یروڈا جیل سے آرتھر روڑ جیل میں منتقل کئے جانے والی عرضداشت پر کوئی کارروائی نہیں ہوسکی ہے ۔ کیونکہ ملزم کو7/11ممبئی لوکل ٹرین بم دھماکہ معاملے میں خصوصی مکوکا عدالت نے پھانسی کی سزا سنائی ہے ۔

2006 Aurangabad arms haul case

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں