بی ایس ایف طیارہ حادثہ کا شکار - 10 ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-23

بی ایس ایف طیارہ حادثہ کا شکار - 10 ہلاک

نئی دہلی
یو این آئی
دہلی کے دوارکا علاقے میں بارڈر سیکوریٹی فورسیز( بی ایس ایف) کا ایک چارٹرڈ طیارہ آج صبح گر کر تباہ ہوگیا ۔ اس حادثے میں طیارہ پر سوار تمام دس لوگوں کی موت ہوگئی ۔ حادثے کی انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے ۔ اس دوران وزیر اعظم مودی، کانگریس صدر سونیا گاندھی اور وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سمیت متعدد رہنماؤں نے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ یہ حادثہ دوارکا کے پاس شاہ آباد ، محمد پور گاؤں میں آج صبح تقریبا دس بجے پیش آیا۔ حادثہ میں طیارہ کے اصل پائلٹ بھگوتی پرساد ، کو پائلٹ راجیش شیورین اور ڈپٹی کمانڈنٹ ڈاکٹر کمار سمیت تمام دس مسافر ہلاک ہوگئے ۔ شہری ہوا بازی کے وزیر مملکت مہیش شرما نے اس حادثے میں تمام دس مسافروں کے مرنے کی تصدیق کی ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے حادثے پر گہرے رنج اور صدمے کا اظہار کیا ہے ۔ مسٹر راج ناتھ سنگھ صورتحال کا جائزہ لینے جائے وقوع پہنچ گئے ۔ کانگریس کی صدر محترمہ سونیا گاندھی نے بھی دہلی ایئر پورٹ کے نزدیک ہوئے حادثہ پر رنج و غم اور مرنیو الوں کے ساتھ تعزیت کاا ظہار کیا۔ بی ایس ایف کے ترجمان کمانڈنٹ پراشر نے بتایا کہ بی ایس ایف کے اس سوپر کنگ طیارہ نے صبح 9بج کر45منٹ پر دہلی کے ہوائی اڈے سے رانچی کے لئے پرواز بھری تھی۔ پرواز کے پانچ منٹ بعد ہی کنٹرول روم سے طیارہ کا رابطہ ٹوٹ گیا۔ پائلٹ نے طیارے کو ہنگامی حالت میں نیچے اتارنے کی کوشش کی، اسی وقت جہاز ایک دیوار سے ٹکرا کر تباہ ہوگیا ۔ موقع پر ایمبولنس اور فائر بریگیڈ کی دس گاڑیاں پہنچ گئیں اور راحت و بچاؤ کاری کا کام جاری ہے ۔ اس طیارے میں بی ایس ایف کی انجینئرنگ ٹیم کے افراد سوار تھے ، جن میں تین ڈپٹی کمانڈنٹ ، اور سات ٹیکنیشین تھے ۔ شہری ہوا بازی کے وزیر مملکت مسٹر شرما نے کہا کہ حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے ۔اور یہ پتہ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے کہ یہ حادثہ انتہائی کم حد بصارت کی وجہ سے ہوا یا پھر کسی تکنیکی خرابی کے سبب پیش آیا ۔ وزیر اعظم، وزیر داخلہ اور کانگریس کی صدر نے بی ایس ایف کے طیارہ کے حادثہ کا شکار ہونے اور اس پر سوار تمام دس لوگوں کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کی۔

10 killed as BSF aircraft crashes in Delhi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں