سی بی آئی کے غلط استعمال پر وزیراعظم مودی استعفیٰ دیں - کجریوال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-23

سی بی آئی کے غلط استعمال پر وزیراعظم مودی استعفیٰ دیں - کجریوال

نئی دہلی
پی ٹی آئی
دہلی کے چیف منسٹر اروند کجریوال نے آج وزیر اعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے ڈی ڈی سی اے اسکام میں وزیر فینانس ارون جیٹلی کے تحفظ کے لئے دہلی سکریٹریٹ میں سی بی آئی کے فلاپ دھاوے پر ان کے استعفیٰ کامطالبہ کیا۔15دسمبر کو جب سی بی آئی نے ان کے پرنسپل سکریٹری راجندر کمار کے دفتر پر دھاوا کیا تھا ایک یوم سیاہ قرار دیتے ہوئے کجریوال نے مودی پر سخت تنقید کی اور انہیں للکارا کہ وہ مدھیہ پردیش کے چیف منسٹر شیوراج سنگھ چوہان، ان کی راجستھان کی ہم منصب وسندھرا راجے اور وزیر خارجہ سشما سوراج کے خلاف کارروائی کریں گے ۔ کجریوال نے رجندر کمار کی مدافعت کی جن کے خلاف سابقہ شیلا ڈکشت حکومت میں بد عنوانیوں کے الزامات ہیں۔ انہوں نے دہلی سکریٹریٹ پر دھاوا سے پیدا صورتحال پر ریاستی اسمبلی میں بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ پرنسپل سکریٹری کو ذہنی طور پر ہراساں کیاجارہا ہے ۔ سی بی آئی کو گزشتہ8دنوں میں ان کے خلاف کچھ بھی نہیں ملا ہے ، انہوں نے کہا کہ اگر میں کرپشن کے لئے میرے وزیر اور بابو کو ہٹا سکتا ہوں تو ایماندار آفیسرس کا تحفظ کرنا بھی میری ذمہ داری ہے۔ اسمبلی کی کارروائی کے دوران پرنسپل سکریٹری کمار آفیسرس گیلری میں بیٹھے رہے ۔ کجریوال نے اسمبلی کے ایک روزہ خصوصی سیشن کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان دھاووں کے لئے وزیر اعظم کو خود پر شرم آنی چاہئے ۔ انہوں نے دس لاکھ کے سوٹ اور غیر ملکی دوروں پر طنز کرتے ہوئے مودی پر شدید تنقید کی ۔ کجریوال نے کہا کہ مودی اب اپنے خواب پورے کررہے ہیں ۔ کیوں کہ پہلے انہیں ویزا نہیں ملتا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک وہ باہر رہتے ہیں دہلی میں سکون ہوتا ہے اور جب بھی وہ واپس آتے ہیں سب گڑ بڑ ہوجاتی ہے۔ اسمبلی میں ایک قرار داد منظورکرتے ہوئے دہلی اینڈ ڈسٹرکٹ کرکٹ اسوسی ایشن نے کرپشن الزامات کی تحقیقات کیلئے ایک انکوائری کمیشن بنایا ہے ۔ کجریوال نے کہا کہ میں ایسے فلاپ دھاوے اور سی بی آئی کے غلط استعمال کے لئے وزیر اعظم سے استعفیٰ کا مطالبہ کرتا ہوں ۔ اگر وہ کسی فائل کو حاصل کرنے کے لئے سی بی آئی کا استعمال کرتے ہیں تو اس کا یہ مطلب ہے کہ ملک میں جمہوریت باقی نہیں رہی ۔ کل کے دن کسی بھی چیف منسٹر پر بھی دھاوے ہوسکتے ہیں یہ ملک کے وفاقی ڈھانچہ کے لئے خطرناک ہے ۔ چیف منسٹر نے جن کے خلاف جیٹلی نے فوجداری مقدمہ اور ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا ہے ، مزید الزام لگایا کہ سی بی آئی ایک خاص فائل کی تلاش کررہی تھی۔
نئی دہلی سے پی ٹی آئی، یو این آئی کی علیحدہ اطلاعات کے بموجب وزیر اعظم نریندر مودی نے آج دہلی اینڈ ڈسٹرکٹ کرکٹ اسوسی ایشن ( ڈی ڈی سی اے) میں مالی بے قاعدگیوں کے تنازعہ میں پھنسے وزیر فینانس ارون جیٹلی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ان پر لگے ہوئے تمام الزامات بے بنیاد ہیں اور وہ بے داغ ثابت ہوں گے ۔ مودی نے بی جے پی پارلیمانی پارٹی کے یہاں اجلاس میں ارکان پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ وزیر پارلیمانی امور ایم وینکیا نائیڈو نے بعد میں صحافیوں سے کہا کہ مودی نے اجلاس میں کہا کہ جس طرح پارٹی کے سینئر لیڈر ایل کے اڈوانی حوالہ معاملہ میں بے داغ ثابت ہونے کے بعد مزید اثرورسوخ کے ساتھ سامنے آئے اسی طرح جیٹلی بھی اس تنازعہ سے بے داغ ثابت ہوں گے ۔ وینکیا نائیڈو کے مطابق مودی نے کہا کہ بی جے پی قائدین سشما سوراج، وسندھر ا راجے اور شیو راج سنگھ چوہان پر بھی ایسے ہی غلط اور بے بنیاد الزامات لگائے گئے تھے۔ مودی نے کہا کہ حکومت کو بدنام کرنے کے لئے کانگریس اس معاملہ کو اٹھارہی ہے ۔ پی وی نرسمہا راؤ کی زیر قیادت کانگریس حکومت میں اڈوانی کے خلاف سی بی آئی نے تحقیقات کی تھی اور1996ء میں حوالہ معاملہ میں اڈوانی نے لوک سبھا سے استعفیٰ دے دیا تھا تاہم بعد میں ناکافی شواہد کی بنیاد پر اس معاملہ کوبند کردیا گیا ۔ خیال رہے کہ عام آدمی پارٹی نے جیٹلی پر ڈی ڈی سی اے میں مالی بد عنوانی کا الزام لگایا ہے ۔ گزشتہ کئی برسوں سے ڈی ڈی سی اے میں بد عنوانی کا معاملہ اٹھارہے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ کیرتی آزادنے بھی اتوار کو ایک پریس کانفرنس کرکے جیٹلی سے کئی سوال پوچھے تھے ۔ کانگریس جیٹلی کے استعفیٰ کا مطالبہ پر گزشتہ چند دنوں سے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں زبردست ہنگامہ کررہی ہے۔

DDCA row: Narendra Modi gets furious when he hears my name, says Arvind Kejriwal

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں