یو این آئی
اتر پردیش میں کسی لڑکی یا خاتون کو فحش نظر سے گھورنا مہنگا پڑ سکتا ہے ۔ ایسا کیاتو سات سال تک کے لئے جیل جانا پڑ سکتا ہے ۔ سرکاری ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ کسی ذاتی کام میں لگی خواتین یا لڑکی کو مسلسل دیکھنا ، فحش نظر سے گھورنا ، فوٹو کھینچنا اور اسے نشر کرنا قابل سزا جرم ہے۔ پہلی بار قصور وار ثابت ہونے پر کم از کم ایک اور زیادہ سے زیادہ تین برس کی قید اور جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ دوسری بار یا اس سے زیادہ بار اسی جرم کا قصور وار ثابت ہونے پر تین سے سات برسوں تک کی سزا ہوگی ۔ پولیس اب اسکول اور عوامی مقامات پر اس سے متعلق اشتہار بھی لگائے گی ۔ ذرائع نے بتایا کہ عورت یا لڑکی کی مرضی کے بغیر اس سے رابطہ کرنے کی کوشش کرنا، اس کا پیچھا کرنا ، انٹر نیٹ یا ای میل یا کسی بھی دوسرے قسم کے الیکٹرانک وسائل کا استعمال کیا تو تین سے پانچ برسوں تک کی سزا ہوسکتی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ لڑکی یا عورت پر جان بوجھ کر تیزاب پھینک کر زخمی کرنا یا تیزاب پھینکنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی ۔ قصور وار ثابت ہونے پر پانچ سے لے کر عمر قید تک کی سزا ہوسکتی ہے ۔ ذرائع کے مطابق متاثرہ خاتون یا لڑکی پولیس تھانے میں ، اسپتال یا طبی مرکز یا پھر پناہ گاہ پر پروٹیکشن آفیسر یا رضا کار تنظیم میں شکایت کرسکتی ہے ۔ اس کے لئے پولیس خاتون احترام سیل( وومین ریسپیکٹ سیل) کا قائم کیاجاچکا ہے ۔ خواتین و لڑکیوں کو بیدار کیاجائے گا۔ اگر کسی نے ایسی حرکت کی تو ان کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔
--
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں