احمد آباد میونسپل کارپوریشن انتخابات - پٹیل تحفظات حامیوں کے نام فہرست رائے دہندگان سے غائب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-23

احمد آباد میونسپل کارپوریشن انتخابات - پٹیل تحفظات حامیوں کے نام فہرست رائے دہندگان سے غائب

احمدآباد
پی ٹی آئی
بلدی انتخابات کے لئے آج رائے دہی کے موقع پر آج انکشاف ہوا کہ تحفظات کے حامل پٹیل انامت آندولن سمیتی کے سینکروں حامیوں کے نام فہرست رائے دہندگان سے غائب کردئیے گئے ہیں۔ شہر کے پٹیل غلبہ والی آبادی کے کئی مقامات پر مراکز رائے دہی کے باہر اس پر کافی ہنگامہ و احتجاج ہوا۔ ضلع کلکٹر احمد آباد نے جو بلدی کارپوریشن کے لئے ریٹرننگ آفیسر ہیں، نام حذف کئے جانے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے ۔ فہرست سے ناموں کے غائب ہونے کا رائے دہی پر کافی اثر دیکھا گیا جب کہ آج دوپہر تک10فیصد سے بھی کم رائے دہی ہوئی۔ احمد آباد، وڈودرا ، سورت، راجکوٹ اور بھاؤ نگر کے تمام چھ بلدی کارپوریشن حدود میں الکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے استعمال سے متعلق رائے دہندوں میں الجھن پائی گئی جس کے نتیجہ میں دوپہر تک یہاں صرف8تا9فیصد رائے دہی ہوئی۔ رائے دہندہ کو انتخاب کی یہ آزادی دی گئی کہ ایک وارڈ کے لئے وہ4امید واروں میں سے ایک نمائندہ کو چن سکتا ہے ۔ رائے دہندہ کو ان میں سے کوئی نہیں کا اختیار بھی پہلی مرتبہ دیا گیا ۔ پٹیل طبقہ کی جانب سے تحفظات کی حمایت میں احتجاج کا بھی تما م چھ شہروں کے بلدی انتخابات میں رائے دہی پر واضح طور پر اثر دیکھا گیا ۔ پٹیل نوجوان ایسے ٹی شرٹس اور سفید ٹوپیاں لگائے ووٹ ڈالنے کے لئے باہر آئے جن پر جے سردار، جئے پٹی دار پرنٹ کیا ہوا تھا۔ احمد آباد، سورت اور راجکوٹ میں بعض مراکز رائے دہی پر ایسے ٹی شرٹس پہنے نوجوانوں کو پولنگ بوتھس میں داخل ہونے سے الکٹورل آفیسرس نے روک دیا۔ بعض نوجوانوں نے ایسی تصاویر اور اخبارات کے تراشے دکھائے جن میں احتجاج کے دوران پولیس کو خواتین اور نوجوانون پر ڈنڈے برساتے ہوئے دکھایا گیا ۔ ان تصاویر کے نیچے لکھا تھا کہ معصوم نوجوانوں اور خواتین پر پولیس ذیادتیوں کو مت بھولئے ، انتقام لیجئے ۔ رائے دہی میں آج حصہ لینے والوں میں بی جے پی کے سینئر ایل کے اڈوانی اور چیف منسٹر آنندی بین پٹیل بھی موجود تھیں ۔

In Patel pockets, complaints of missing names in voter list

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں