کرناٹک میں وی ایچ پی احتجاج کے دوران تشدد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-14

کرناٹک میں وی ایچ پی احتجاج کے دوران تشدد

بنگلورو
یو این آئی
وی ایچ پی قائد کوٹپا کے مڈکیری میں10نومبر کو مبینہ قتل کے خلاف وشوا ہندو پریشد اور بی جے پی کا احتجاج آج پر تشدد ہوگیا۔ وی ایچ پی اور بی جے پی کارکنوں نے سنگباری کی جس سے کرناٹک کے مختلف حصوں میں سرکاری بسوں کو نقصان پہنچا ۔ میسور وہاسن، دھارواڑ دکشن کنڑ اور دیگر مقامات پر سنگباری کے بعد بس سروس معطل کردی گئی تھی۔ احتجاجیوں نے سدارامیا حکومت کے خلاف نعرہ بازی کی اور سڑکوں پر ٹائر جلائے۔ ہاسن کے بشمول کئی اضلاع میں دفعہ144کے تحت امتناعی احکام نافذ کردئیے گئے ۔ پولیس نے نظم و ضبط کی برقراری کے لئے وسیع بندوبست کیا ۔ دکشن کنٹر اور ہاسن میں دکانیں اور کاروباری ادارے بند رہے۔ خانگی اسکولوں نے احتیاطی اقدام کے طور پر تعطیل کا اعلان کردیا تھا۔ میسور ایر پورٹ پر اخباری نمائندوں سے بات چیت میں چیف منسٹر سدارامیا نے الزام عائد کیا کہ وشوا ہندو پرشید مسئلہ کو بھڑکا رہی ہے حالانکہ حکومت نے مناسب اقدامات کئے ہیں، اور ریجنل کمشنر کے ذریعہ کوٹپا کی موت کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے ۔ رپورٹ ملنے کے بعد کارروائی کی جائے گی ۔ وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور نے الزام عائد کیا کہ احتجاج کا مقصد ریاست میں امن درہم برہن کرنا ہے اور یہ بلا وجہ کیاجارہا ہے ۔ احتجاج، گیان پیٹھ ایوارڈ یافتہ گریش کرناڈ کے اس بیان کے خلاف بھی ہورہا ہے کہ بنگلورو انٹر نیشنل ایر پورٹ کو کیمے گوڑا کے بجائے میسور کے حکمراں ٹیپو سلطان سے موسوم کرنا، مناسب تھا تاہم زبردست تنقید کے بعد ممتاز ڈرامہ نگار و اداکار نے یہ کہتے ہوئے معافی مانگ لی کہ یہ ان کی نجی رائے تھی ۔ بنگلورو ٹاؤن ہال میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے وی ایچ پی کے تنظیمی سکریٹری جنوب گوپال نے مطالبہ کیا کہ ریاستی حکومت کو آئندہ سال سے ٹیپو جینتی نہیں منانی چاہئے ورنہ احتجاج میں شدت پیدا کردی جائے گی۔ مڈکیری میں کوٹپا کے قتل کے لئے ریاستی حکومت کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے گوپال نے مطالبہ کیا کہ غمزدہ خاندان کو25لاکھ روپے معاوضہ دیاجائے اور واقعہ کی عدالتی تحقیقات کا حکم دیاجائے ۔ دکشن کنٹرا کے پوتار میں کل ہریش کو چھرا مار کر موت کے گھاٹ اتار دینے کے خلاف مکمل بند منایا گیا ۔ کے ایس آر ٹی سی اور خانگی ٹراویلس کی بس سروس معطل کردی گئی تھی کیونکہ احتجاجیوں نے سنگباری کی تھی ۔ مسافرین پھنس کر رہ گئے ، اسکول اور کالج بند رہے ۔ تجارتی اداروں نے اپنے شٹر گرادئیے تھے۔ بنگلورو، میسور ہائی وے پر گاڑوں کی آمد و رفت معطل رہی کیونکہ وشوا ہندو پریشد اور بی جے پی کارکنوں نے کوٹپا قتل اور ریاستی حکومت کی جانب سے ٹیپو جینتی منانے کے خلاف سڑکوں پر ٹائر جلائے تھے ۔ ضلع منڈیا میں مکمل بند منایا گیا ۔ وی ایچ پی اور بی جے پی کارکنوں نے احتجاجی مارچ نکالا اور سڑک پر ٹائر جلائے ۔ تجارتی اداروں کو اپنے شٹر گرا دینے پر مجبور ہونا پڑا ۔ اسکول اور کالجس بند رہے۔ احتجاجیوں نے چیف منسٹر سدارامیا کے خلاف بھی نعرے لگائے ۔ کئی بی جے پی قائدین بشمول رکن لوک سبھا سریش انگڑی، رکن اسمبلی سنجے پاٹل، سابق رکن اسمبلی ابھئے پاٹل اور دیگر مقامی قائدین نے بھی احتجاج میں حصہ لیا۔ انہیں احتیاطی تحویل میں لیا گیا اور بعد ازاں رہا کردیا گیا۔ کلبرگی اور افضل پور میں بی جے پی اور دیگر ہندو نواز تنظمیوں کی اپیل پر بند کا ملا جلا رد عمل رہا۔ پولیس کے بموجب طلبا کے پہنچنے کے بعد بعض اسکولوں نے تعطیل کا اعلان کیا کیونکہ احتجاجیوں نے اسکولوں کو بند کرنے پر مجبور کردیا تھا ۔ کے ایس آر ٹی سی کی ٹاؤن سروس معطل رہی ۔ بیشتر دکانیں اور کاروباری ادارے بند رہے ۔

Tipu celebrations; VHP continues protests, blocks roads across Karnataka

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں