اعتماد نیوز
وزیر پنچایت راج و آئی ٹی تارک راما راؤ نے کہا ہے کہ شہر میں حیدرآباد کو عالمی سطح پر ترقی دینے کے لئے 20ہزار کروڑ لاگت سے شہر کی سڑکوں کی تعمیر و ترقی دی جائے گی۔ سگنل فری سڑکیں، اسکائی وے اور فلائی اوورس تعمیر کیے جائیں گے ۔ مادھا پور کے ایچ آئی سی سی میں کارپوریٹ سوشیل ریسپانسیبلٹی( سی ایس آر) کی سالانہ سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے تارک راؤ نے کہا کہ شہر حیدرآباد میں پینے کے پانی کی قلت کو دور کرنے دریائے کرشنا کے ساتھ گوداوری کے پانی کو بھی منتقل کیاجارہا ہے ۔ اس سمٹ کا اہتمام سافٹ ویر انٹر پرائزس کی جانب سے کیا گیا تھا ۔ دونوں دریاؤں کا پانی دسمبر تک شہر منتقل ہوگا جس کے بعد شہر میں پینے کے پانی کی قلت ختم ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دسمبر تک شہر کی سڑکوں کی تعمیر و توسیع کا کام شروع ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں کو بلا وقفہ برقی سربراہی کے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ واٹر گرڈ پروگرام کے تحت آئندہ تین سال کے اندر ریاست کے ہر گھر کو نلوں کے ذریعہ پینے کا پانی سربراہ کیا جائے گا۔ اس پروگرام کے تحت45ہزار کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ مشن کاکتیہ پروگرام کے تحت ہزاروں تالابوں کی صاف صفائی کا کام انجام دیاجارہا ہے۔ پہلے مرحلہ کے تحت8000سے زائد تالابوں کی صفائی کی گئی ہے جس کے بہتر تنائج برآمد ہوئے ہیں ۔ دوسرے مرحلہ کے کاموں کا عنقریب آغاز کیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں صنعتوں کے قیام پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ ملک اور بیرون ممالک کے صنعت کاروں کو ریاست میں سرمایہ کاری کی ترغیب دینے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ سرمایہ کاروں کو کئی مراعات بھی دیے جارہے ہیں ۔ اس کے علاوہ ٹی ایس آئی پاس پروگرام کے تحت سنگل ونڈو سسٹم کے ذریعہ صرف12دن کے اندر نئے صنعت کے قیام کے تمام اجازت نامے جاری کئے جارہے ہیں۔ تارک راما راؤ نے کہا کہ شہری علاقوں کی ترقی اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ حکومت دیہی علاقوں کی ترقی کے بھی بڑے پیمانہ پر اقدامات کررہی ہے ۔ دیہی علاقوں کی ترقی کے لئے گرام جیوتی پروگرام شروع کیا گیا۔ اس پروگرام کے تحت ایک سال میں25ہزار کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے ۔ دیہی علاقو ں می بنیادی سہولتوں کی فراہمی اس پروگرام کا اہم مقصد ہے ۔ گاؤں کی ترقی میں مقامی عوام کو شراکت دار بنایاجارہا ہے ۔ وزیر پنچایت راج نے کہا کہ ریاست میں ہر یتا ہرم پروگرام کے تحت بڑے پیمانہ پر شجر کاری کا کام بھی جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سوچھ تلنگانہ پروگرام کے تحت ریاست کی ترقی کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ان کے حلقہ انتخاب سرسلہ میں صد فیصد بیت الخلاء کی تعمیر عمل میں لائی گئی ۔ ریاست کے دیگر اسمبلی حلقوں میں بھی صد فیصد بیت الخلاء کی تعمیر عمل میں لائی جائے گی۔
TS Govt will spend Rs. 20000 Cr to develop Hyderabad: KTR
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں