برطانوی شہریت معاملہ - وزیر اعظم مودی کو راہول گاندھی کا کھلا چیلنج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-20

برطانوی شہریت معاملہ - وزیر اعظم مودی کو راہول گاندھی کا کھلا چیلنج

نئی دہلی
یو این آئی
کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی نے برطانوی شہریت کے سوال پر ان کے بارے میں تحقیقات کرانے کے معاملے میں وزیرا عظم نریندر مودی کو براہ راست چیلنج کرتے ہوئے آج کہا کہ وہ الزامات سے ڈرنے والے نہیں ہیں اور غریبوں کے لئے اپنی لڑائی جاری رکھیں گے ۔ گاندھی نے کہا کہ مودی ملک کے وزیر اعظم ہیں اور تمام ادارے ان کے پاس ہیں ۔ وہ ان کے خلاف انکوائری کرالیں اور اگر وہ قصور وار پائے جاتے ہیں تو انہیں جیل میں ڈال دیں ۔ راہول گاندھی یوتھ کانگریس کی طرف سے سابق وزیر اعظم انجہانی اندرا گاندھی کے یوم پیدائش پر منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے بی جے پی لیڈر سبرامنیم سوامی کا نام لئے بغیر کہا کہ مودی اپنے لوگوں سے ان پر اور ان کے ارکان خاندان پر کیچڑ پھنکوارہے ہیں اور وہ اس سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔ گاندھی نے کہا مودی جی سن لو ، میں آپ سے را بھی نہیں ڈرتا ۔ قابل ذکر ہے کہ سوامی نے گاندھی کے خلاف دوہری شہریت کا الزام لگایا ہے اور بی جے پی اس پر گاندھی سے وضاحت طلب کررہی ہے ۔ انتہائی جارحانہ انداز میں مودی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کانگریس کے نائب صدر نے کہا کہ ان پر مختلف الزامات لگائے جاتے ہیں اور ان میں ذرہ برابر بھی سچائی نہیں ہوتی۔ مودی ان کے خلاف تحقیقات کروالیں اور اگر کوئی ثبوت ان کے خلاف ملتا ہے تو انہیں جیل بھجوا دیں ۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ ان کے خلاف جو باتیں کی جارہی ہیں ، ان سے وہ ڈرنے والے نہیں ہیں اور وہ غریبوں، مزدوروں ، دلتوں اور قبائلیوں کے مفاد کی جنگ لڑتے رہیں گے اور پورے ملک کا دورہ کرتے ہوئے سچائی کو سب کے سامنے لائیں گے ۔ راہول گاندھی نے کہا کہ ان کے اندر سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کی خصوصیات ہیں ۔ ان کی طرح ہی وہ بھی غریبوں اور معاشرے کے کمزور طبقات کے لوگوں کے لئے کام کرنا چاہتے ہیں اور اسی وجہ سے مسلسل ان کے مفادات کی جنگ لڑ رہے ہیں ۔ غریبوں کے مفادات کے لئے کانگریس مضبوطی کے ساتھ کھڑی ہے اور مسلسل ان کی لڑائی لڑ تی رہے گی ۔ بی جے پی اور آر ایس ایس پر تندو تیز حملہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان تنظیموں سے وابستہ لوگ اچھے نہیں ہین لہذا وہ ان کے خلاف ہیں ۔ لوک سبھا میں کانگریس کی44سیٹ ہونے کے بارے میں اٹھنے والے سوالات پر انہوں نے کہا کہ تعداد کی طاقت اہم نہیں بلکہ ضروری یہ ہے کہ آپ کا نظریہ کیا ہے ۔

Rahul Gandhi dares Narendra Modi to initiate probe against him

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں