اتحاد و ہم آہنگی کے لئے ایک بھارت طاقتور بھارت اسکیم کا اعلان - وزیر اعظم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-30

اتحاد و ہم آہنگی کے لئے ایک بھارت طاقتور بھارت اسکیم کا اعلان - وزیر اعظم

نئی دہلی
پی ٹی آئی
عدم رواداری کی بحث کے درمیان وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ وہ ملک کے اتحاد و ہم آہنگی کے لئے ایک بھارت ، طاقتور بھارت کی اسکیم پیش کرتے ہیں اور اس سلسلہ میں عوام سے تجاویز طلب کرتے ہیں ۔ ماہانہ ریڈیو پروگرام من کی بات میں انہوں نے کہا کہ داخلی چوکسی آزادی کا انعام ہے ۔ قوم کا اتحاد والا کلچر جاری رہنا چاہئے ۔ انہوں نے یاد دلایا کہ 31اکتوبر کو سردار پٹیل کے یوم پیدائش کے موقع پر انہوں نے ایک بھارت طاقتور بھارت کی بات کہی تھی ۔ وہ اسے اسکیم کی شکل دینا چاہتے ہیں ۔ اس کے لئے عوامmygov. comنامی پورٹل پر تجاویز دے سکتے ہیں۔ انہیں بتایا کہ اسکیم کا خاکہ لوگو اور اس میں عوام کی حصہ داری کس انداز کی ہونا چاہئے۔ وزیر اعظم نے عوام سے اپنے تخلیقی ذہن کو استعمال کرتے ہوئے اسے ایک بے حد فائدہ مند اسکیم بنانے کی خواہش کی ۔ انہوں نے کہا کہ ہر ہندوستانی کو اتحادو ہم آہنگی کے تصور سے کیسے جوڑا جاسکتا ہے ، انہیں بتایاجائے ۔ یہ تجویز دی جائے کہ اسکیم کیسی ہو، کس قسم کے پروگرام ہوں اور اس کے لئے حکومت، سماج اور سیول سوسائٹی کو کیا کرنا چاہئے ۔ یہ اسکیم زندگی سے بھرپور اور باوقار ہو اور ہر شہری آسان انداز میں اس سے جڑ جائے ۔ وزیر اعظم جسم کے اعضاء کا عطیہ دینے کے لئے بڑی تعداد میں آگے آنے کی عوام سے اپیل کی اور کہا کہ کس طرح ان کے اس جذبہ سے معذور عوام کو اپنی معذوری دور کرنے کا موقع مل سکتا ہے ۔ اس سلسلہ میں انہوں نے کشمیر کے جاوید احمد کی مثال دی جو1996ء مین عسکریت پسند وں کی فائرنگ میں زخمی ہوگئے۔ ریڑھ کی ہڈی کے زخموں کی وجہ سے وہ معذور ہوگئے اور اپنے پیروں پر کھڑے رہنے کے قابل نہیں رہے۔ اس میں سب سے بڑی بات یہ ہے کہ ایک بے قصور نوجوان اس طرح معذور ہوگیا ۔ مودی نے احمد کے حالات بیان کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس سے مایوس نہیں ہوا اور حالات سے شکست نہیں کھائی۔ اس نے اپنی معذوری کو عوام کی خدمت کا موقع جانا اور سماجی خدمت کے لئے زندگی وقف کردی ۔ وہ20سال سے بچوں کو پڑھارہا ہے ۔اس کے ساتھ ہی معذورین کے لئے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لئے بھی وہ جدو جہد کررہا ہے ۔ مودی نے کہا کہ وہ معذور افراد کے لئے ایک مسیحہ بن گیا ہے۔ 3دسمبر کو یوم معذورین کے طور پر اسے خصوصی طور پر یاد کیاجائے گا۔ ملک کے ہر گوشہ میں جاوید احمد جیسے کئی لوگ ہیں ، جو ہمیں جذبہ عطا کرتے ہیں ۔ پیرس میں کل سے شروع ہونے والی ماحولیاتی تبدیلی کانفرنس میں شرکت کی بظاہر تیاری کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ کرہ ارض کے درجہ حرارت کر بڑھنے سے بچانا سبھی کی ذمہ داری ہے کیونکہ عالمی حدت سے پہلے ہی چینائی میں حالیہ طوفانی بارش جیسے سانحات پیش آرہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے توانائی کی بچت اور زیادہ سے زیادہ شمسی توانائی والی اشیاء استعمال کرنے کی خواہش کی۔ مودی نے سارک آفات سماوی تدارک میکانزم قائم کرنے کی اپنی تجویز کا اعادہ کیا اور کہا کہ اس سلسلہ میں دہلی نے حال ہی میں منعقدہ سمینار ایک اچھی شروعات ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ دنیا کے ہر گوشہ سے آفات سماوی کی خبریں مل رہی ہیں ۔اس سے پہلے کبھی اس قدر سانحات سننے میں نہیں آتے تھے ۔ ہم موجودہ دور میں تیزی سے بدلتے ہوئے ماحول کے اثرات کا سامنا کرنا رہے ہیں ۔ خود ہمارے ملک میں موسلا دھار بارش نے حال ہی میں ٹاملناڈو کو بری طرح متاثر کیا جس سے نہ صرف ٹاملناڈو بلکہ دیگر ریاستوں میں بھی نقصانات ہوئے ۔ کئی جانیں ضائع ہوگئیں۔ اس پر میں اظہار رنج کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ساری دنیا ماحولیاتی تبدیلی سے پریشان ہے ۔ اس پر قابو پانے ہر طرف مذاکرات ہورہے ہیں اور تشویش ظاہر کی جارہی ہے ۔ زمین کا درجہ حرارت مزید نہیں بڑھنا چاہئے اور اس پر قابو پاناہم سبھی کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے موسم سرما کی مناسبت سے شہریوں کو اچھا کھانے اور گرم کپڑے پہننے کا مشورہ دیا اور ساتھ ہی جسمانی ورزش پر بھی زور دیا۔ وزیرا عظم نے کہا کہ موسم سرما میں اچھے کھانوں سے لطف اندوز ہوں اور گرم کپڑے پہنیں لیکن ساتھ ہی صھت بنانے کے لئے یہ بہترین موسم ہوتا ہے چنانچہ آپ ضرور یوگا کریں ۔

Want 'Ek Bharat, Shresht Bharat' Scheme: PM Modi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں