ایمرجنسی کا آج کوئی خطرہ نہیں - وینکیا نائیڈو - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-28

ایمرجنسی کا آج کوئی خطرہ نہیں - وینکیا نائیڈو

نئی دہلی
پی ٹی آئی
حکومت نے آج دستور کو خطرہ لاحق ہونے کے بارے میں اپ وزیشن کے الزام کو مسترد کردیا اور (ماضی میں) ایمر جنسی کے نفاذ کا حوالہ دیتے ہوئے جب بنیادی حقوق سلب کرلئے گئے تھے ، کانگریس کو لاجواب کردیا۔ وزیر پارلیمانی امور ایم وینکیا نائیڈو نے زور دے کر کہا کہ لفظ سیکولر دستور کے دیباچہ کا حصہ بنا رہے گا۔ نائیڈو نے لوک سبھا میں دستور ہند مباحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ آج دستور کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ، کوئی ایمرجنسی نہیں اور(سیاسی حریفوں) کی کوئی گرفتاریاں نہیں ، ججوں پر کوئی دباؤ نہیں، ہمیں دستور کو مستحکم بنانے مل جل کر کام کرنا ہوگا۔ سیکولر ازم کی اصطلاح پر کل ایوان میں ہوئی بحث کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ لفظ دیباچہ کا حصہ ہے اور ہمیشہ بنا رہے گا لیکن میں کہ کہنا چاہتا ہوں کہ اسے ہمارے دلوں میں ہونا چاہئے ۔ انہوں نے نام نہاد سیکولر افراد کو بھی نشانہ تنقید بناتے ہوئے کہا کہ جو لوگ ذات پات اور فرقہ وارانہ خطوط پر سیاست کرتے ہیں وہ ہی دوسروں کو غیر سیکولر قرار دیتے ہیں ۔ ذات پات اور مذہب کے نام پر عوام کو گمراہ کیاجاتا ہے اور پھر پانچ سال تک وہ کچھ نہیں کرسکتے ۔ نائیڈو نے یہ تبصرہ صدر کانگریس سونیا گاندھی کی جانب سے کل عدم رواداری کے مسئلہ پر حکومت کو نشانہ تنقید بنائے جانے کے پس منظر میں کیا۔ یہ بتاتے ہوئے کہ نام نہاد سیکولر ازم کو مسترد کرنے کی ضرورت ہے، نائیڈو نے کہا کہ ہمارا مقصد سب کی ترقی اور کسی کی خوشامد نہیں ، ہونا چاہئے ۔ عدم رواداری کے مسئلہ پر انہوں نے بی جے پی اور سنگھ پریوار کے ان قائدین پر ناپسندیدگی ظاہر کی جنہوں نے متنازعہ بیانات دیتے ہوئے اپوزیشن کی برہمی مول لی ہے نائیڈو نے کہا کہ غیر متعلقہ عناصر کو الگ رکھاجانا چاہئے ۔ مرکزی وزیر نے کسی بی جے پی یا اپوزیشن لیڈر کا نام لیے بغیر اندرون ملک اور پڑوسی ممالک میں بیانات دینے والوں کو بھی نشانہ تنقید بنایا۔ انہوں نے اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے سابق وزیر خارجہ سلمان خورشید کے علاوہ ایک اور کانگریس قائد منی شنکر ایئر کے پاکستان میں دئیے گئے حالیہ بیانات کے سلسلہ میں کانگریس کو نشانہ تنقید بنایا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں توقع تھی کہ صدر کانگریس سونیا گاندھی ان تبصروں کی مذمت کریں گی ۔ انہوں نے کہا میں نہیں سمجھتا کہ سونیا گاندھی نے ان تبصروں کو پسند کیا ہوگا ۔ نائیڈو نے دعویٰ کیا کہ ایئر نے پاکستان سے کہا ہے کہ بہتر ہند۔ پاک تعلقات کے لئے مودی کو ہٹایاجائے ۔ انہوں نے سلمان خورشید کا نام نہیں لیا لیکن کہا کہ سابق وزیر خارجہ نے بھی بیرون ملک متنازعہ بیانات دئیے ہیں۔ جب نائیڈو نے دونوں قائدین کے تبصروں پر بالخصوص ایسے وقت جب پاکستان جموں و کشمیر میں شورش پیدا کرنے کی کوشش کررہا ہے ، کانگریس کی خاموشی پر سوال اٹھایا تو سونیا گاندھی نے جوابی وار کیا اور تعجب ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ آخر موجودہ حکومت کیوں اسلام آباد کو شورش پیدا کرنے سے نہیں روک رہی ہے ۔ انہوں نے تنقید کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے سرکاری بنچوں کو مرکزی وزیر وی کے سنگھ کے حالیہ تبصرہ کی یاددلائی جس میں انہوں نے دلت بچوں کا تقابل کتے سے کیا تھا۔ انہوں نے سوال کیا آپ کے وزیر نے کیا کہا تھا ؟ اس موقع پر دیگر کانگریس ارکان نے سنگھ کا نام لیا جو وہاں موجود نہیں تھے ۔ یو این آئی کے بموجب وزیر پارلیمانیا مور ایم وینکیا نائیڈو نے صدر کانگریس سونیا گاندھی پر زور دیا کہ وہ مودی حکومت کو معزول کرنے سے متعلق پاکستان میں دئے گئے سابق وزیر سلمان خورشید اور منی شنکر ایئر کے بیانات کی پر زور مذمت کریں ۔ لوک سبھا میں کانگریس قائد ایم ملک ارجن کھرگے نے کہا کہ منی شنکر ایئر کانگریس کے صرف نامزد رکن ہیں ۔ نائیڈو نے مزید کہا کہ چیف منسٹر آسام ترون گوگوئی نے کہا ہے کہ ہندی داں افراد آسام پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں ۔ وزیر پارلیمانی امور نے چیف منسٹر آسام کے بیان پر سخت اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ایسے تبصروں سے ملک کی یکجہتی اور خود مختاری کو خطرہ لاحق ہوتا ہے ۔

No Threat of Emergency in Country Today: Venkaiah Naidu

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں