انتخابی وعدے پورا کرنے میں مودی ناکام - راہول گاندھی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-03

انتخابی وعدے پورا کرنے میں مودی ناکام - راہول گاندھی

کانگریس قائد راہول گاندھی نے آج وزیر اعظم نریندر مودی پر الزام عائد کیا کہ وہ لوک سبھا انتخابات کے دوران کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوچکے ہیں اور کہا کہ ان حرکتوں سے کانگریس کو اقتدار پر جلد واپس ہونے میں مدد ملے گی۔ کانگریس کے نائب صدر نے ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے قیمتوں میں کمی لانے کا وعدہ کیا تھا۔ دال کی قیمت70روپے سے بڑھ کر200روپے تک پہنچ گئی ہے ۔ ایک وقت ایسا بھی تھا جب لوگ یہ کہا کرتے تھے دال روٹی کھاؤ، پربھو کے گن گاؤ ۔ اب مودی چاہتے ہیں وہ یہ گاناگائیں پردال روٹی مت کھاؤ، پربھو کے گن گاؤ ۔ تاکہ این ڈی اے کا پانچ سالہ دور اقتدار جلد ختم ہوجائے اور کانگریس اقتدار پرو اپس ہو۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ کہ مودی زائد از ایک سال سے برسر اقتدار ہیں لیکن اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کم ہونے کے بجائے مزید بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے نوجونوں کو روزگار فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا ۔ کیا آپ میں سے کسی کو روزگار ملا ہے ؟بیرونی ممالک میں جمع کالے دھن کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کالا دھن واپس لانے کا وعدہ پورا کرنے اور اس رقم سے ملک کے ہر شہری کے کھاتے میں پندرہ پندرہ لاکھ روپے جمع کرانے کا وعدہ پورا کرنے میں بھی ناکام ہوگئے ہیں۔ انہوں نے مرکزی وزیر وی کے سنگھ کے اس ریمارک پر تنقید کی کہا گر کوئی کسی کتے کو پتھر مارتا ہے تو حکومت اس کی ذمہ دار نہیں ۔ واضح رہے کہ مرکزی وزیر نے فرید آباد میں اعلیٰ ذات کے ہندؤوں کی جانب سے ایک دلت خاندان کے دو بچوں کو زندہ جلائے جانے کے معاملہ پر تبصرہ کرتے ہوئے یہ بات کہی تھی جسے انتہائی بے حسی تصور کیا گیا تھا۔ راہول گاندھی نے سنگھ کا نام لئے بغیر کہا کہ دونوں بچے کتے نہیں تھے وہ ملک کے شہری تھے ، وہ ہندوستان کا مستقبل تھے ۔ انہوں نے بی جے پی اور آر ایس ایس پر مہاراشٹرا جیسی ریاستوں میں بہار کے عوام کو نشانہ بنانے کا بھی الزام عائد کیا۔ این ڈی اے حکومت کے میک ان انڈیا پروگرام پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس مہم کی علامت ببر شیر منتخب کیا گیا ہے لیکن حکومت عوام کو ملا زمیں فراہم کرنے میں ناکام ہوگئی ہے ۔ اس نے صرف مودی کے دوستوں کو کنٹراکٹ دئیے ہیں ۔ کانگریس قائد نے وزیر اعظم کے اس تبصرہ پر تنقید کی کہ مرکز میں کانگریس کے دور اقتدار میں کوئی ترقی نہیں ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا ہندوستان کو ترقی یافتہ ملک تسلیم کرتی ہے ۔ یہ کام گزشتہ70سال کے دوران ہوا ہے ۔ یہ کہتے ہوئے کہ کوئی ترقی نہیں ہوئی ہے وہ کانگریس پر سوال نہیں اٹھارہے ہیں ، بلکہ ہندوستان کی طاقت پر سوال اٹھا رہے ہیں۔

دریں اثنا نئی دہلی سے پی ٹی آئی کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب الیکشن کمیشن کی نوٹس سے پست حوصلہ ہوئے بغیر کانگریس نے آج بہار انتخابات میں بی جے پی پر کانگریس کی تنقیدوں کا دفاع کیا اور کہا کہ انتخابی ادارہ کو وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے مشنری کے شرمناک بے جا استعمال کی اجازت نہیں دینی چاہئے تھی۔ پارٹی ترجمان آنند شرما نے کہا کہ راہول گاندھی کے بیان میں کوئی غلط بات نہیں، کیوں کہ یہ سیاسی مباحث کا ایک حصہ ہے۔ وزیر اعظم کو بہار میں ان کی تقاریر کے سلسلہ میں نوٹس دی جانی چاہئے کیوںکہ اس نے عوام میں پھوٹ کے بیج بوئے ہیں اور یہ تقاریر اقلیتی فرقہ کو نشانہ بناکر کی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے کل راہول گاندھی کے اس تبصرہ پر کہ بی جے پی ہندوؤں اور مسلمانوں کو ایک دوسرے سے لڑاتی ہے، ایک نوٹس وجہ نمائی جاری کی تھی اور کہا تھا کہ بادی النظر میں کانگریس کے نائب صدر نے بہار اسمبلی انتخابات کے سلسلہ میں نافذ مثالی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہے ۔ یہ بتاتے ہوئے کہ الیکشن کمیشن آزادانہ و منصفانہ انتخابات کے انعقاد کی دستوری ذمہ داری رکھتا ہے ، شرما نے کہا کہ کمیشن کو وزیر اعظم کی جانب سے مشنری کے شرمناک بے جا استعمال کی اجازت نہیں دینی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے عوامی نشریاتی ادارہ آل انڈیا ریڈیو پر اپنے من کی بات پروگرام کے ذریعہ دو مرتبہ پالیسی بیانات دئیے ہیں ۔ اس کے علاوہ آل انڈیا ریڈیو اور دوردرشن نے آر ای سایس سربراہ موہن بھاگوت کے دسہرہ خطاب کو راست نشر کیا ہے، جس میں صرف مودی حکومت کی نام نہاد کامیابیوں کے بارے میں بات کی گئی ۔ شرما نے جاننا چاہا کہ الیکشن کمیشن اس کھلے اور شرمناک بے جا استعمال کو روکنے میں کیوں ناکام رہا؟

Modi failed to fulfill promises made in Lok Sabha polls: Rahul Gandhi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں