یوگا اور کلچر پر کورسس کی حکومتی تجویز - جے این یو اکیڈمک کونسل نے مسترد کیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-02

یوگا اور کلچر پر کورسس کی حکومتی تجویز - جے این یو اکیڈمک کونسل نے مسترد کیا

جواہرلال نہرو یونیورسٹی ( جے این یو) کی اکیڈیمک کونسل نے روحانی اور ہندو روایتوں کے فروغ اور دنیا میں ہندوستانی اقدار کو منوانے کے لئے بھارتی کلچر اور یوگا پر مختصر مدتی کورسس کو متعارف کرنے حکومت کی ایک تجویز کو مسترد کردیا ہے ۔ اس تجویز کو وزارت فروغ انسانی وسائل اور یو جی سی کی جانب سے مراسلت کے بعد آگے بڑھایا گیا تھا تاہم یونیورسٹی کی اکیڈیمی کونسل( اے سی) نے جو اعلیٰ فیصلہ ساز ادارہ ہے گزشتہ جمعہ کو ایک میٹنگ میں اسے مسترد کردیا۔ ان مضامین میں تین مختصر مدتی کورسس متعارف کرنے کی تجویز دائیں بازو کی تنظیموں بشمول بی جے پی کی نظریاتی سرپرست آر ایس ایس کی جانب سے ہنوستان کے تہذیبی ورثہ کو فروغ دینے اور اس کی تہذیبی شناخت کو بحال کرنے کے لئے تعلیمی اداروں میں ماحول پیدا کرنے پر اصرار کے تناظر میں سامنے آئی تھیں۔ کلچر اور یوگا پر تین مختصر مدتی کورسس کو متعارف کرنے کے مسودہ پر مختلف محکموں سے موصولہ آراء کے ساتھ اکیڈیمک کونسل کے اجلاس میں غوروخوض کیا گیا۔ کونسل نے متفقہ طور پر اس تجویز کو مسترد کرنے کا فیصلہ کیا۔ اکیڈیمک کونسل کے ایک رکن نے پی ٹی آئی کو یہ بات بتائی ۔ یہ استرداد ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب حکومت بالخصوص وزارت فروغ انسانی وسائل پر تعلیم کو زعفرانی رنگ دینے کی کوششوں کا الزام عائد کیاجارہا ہے ۔ یونیورسٹی نے گزشتہ ماہ مختلف اسکولوں اور جے این یو کے شعبہ جات کے درمیان ان کی رائے حاصل کرنے کے لئے ان کورسس پر ایک مسودہ کو گشت کروایا تھا ۔ مسودہ کے مطابق ہندوستانی کلچر پرکورس کا مقصد دنیا میں ہندوستان کے سماجی، روحانی ، تہذیبی اور مذہبی اقدار کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے قیام کی اہمیت پر زور دینا ہے ۔ متن، مختلف تہذیبوں کے افکار و روایات پر مشتمل ہوگا اور اس میں دیگر باتوں کے علاوہ ہندوستانی کلچر کے مذہبی طور طریق جیسی چیزیں شامل ہیں ۔ علاوہ ازیں اس میں راما ئنا جیسی ہندو کتابوں کے مطالعہ سے منتخب مواد اور ویدوں کے کچھ حصوں کو شامل کیا گیا ۔ مسودہ کے مطابق یہ کورسس ہندوستانی کلچر کے بنیادی مطالعہ پر مشتمل ہوں گے تاکہ ہندوستانی روایات اور اقدار کی دنیا میں ترویج ہوسکے اور ان ذرائع سے انسانی زندگی کو بہتر بنانے کے لئے رہنمائی حاصل کی جائے ۔ دستاویز میں مزید کہا گیا کہ ہندوستانی دستور کو ہندوستانی لٹریچر کی مدد کے بغیر نہیں سمجھا جاسکتا۔

JNU council rejects proposal on courses in Yoga and Culture

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں