مہا گٹھ بندھن کی کامیابی سے بہار کی تباہی ہوگی - وزیراعظم مودی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-02

مہا گٹھ بندھن کی کامیابی سے بہار کی تباہی ہوگی - وزیراعظم مودی

وزیر اعظم نریندر مودی نے بہار کی عوام سے کہا کہ وہ جاریہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی زیر قیادت نیشنل ڈیمو کریٹک الائنس( این ڈی اے) کو ووٹ دیں اور کہا کہ مہا گٹھ بندھن کی کامیابی کے نتیجہ میں ریاست تباہ ہوجائے گی۔ چیف منسٹر بہار نتیش کمار اور سربراہ راشٹریہ جنتادل( آر جے ڈی) لالو پرساد یادو پر کڑی تنقید کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ جنگل راج کو دو نئے جڑواں بھائی جنتر منتر مل گئے ہیں۔ آپ انہیں متحد نہ ہونے دیں، ورنہ تباہی کے سوا کچھ حاصل نہ ہوگا۔ مودی، آج ضلع مدھو بنی میں انتخابی ریالی سے مخاطب تھے ، جب کہ ریاست کے 55اسمبلی حلقوں میں چوتھے مرحلہ کی رائے دہی جاری تھی۔ قبل وزیر اعظم نے اپنے ٹوئٹر پر تحریر کیا کہ بہار کی عوما این ڈی اے کو امید کی کرن کی طرح دیکھ رہی ہے اور کہا کہ بہار میں ماحول بتا رہا ہے کہ عوام تبدیلی چاہتے ہیں ۔ مودی نے کہا کہ انہوں نے رائے دہندوں، خصوصیت کے ساتھ نوجوانوں کو بڑی تعداد میں ووٹ دینے کے لئے کہا۔ مودی نے تحریر کیا کہ حکومت کی تبدیلی کے بغیر آپ کی حالت اور ریاست کی غربت میں تبدیلی نہیں آسکتی۔ مدھو بنی کے علاوہ مودی مادھے پورہ اور کٹیہار اضلاع میں بھی انتخابی مہم چلا رہے ہیں ۔ ٹوئٹر پر انہوں نے تحریر کیا کہ نتیش کمار تھک گئے ہیں اور شکست خوردہ ہیں۔ اسی لئے وہ باباؤں کے پاس جارہے ہیں۔ وہ جمہوریت کا مذاق اڑا رہے ہیں۔ اگر آپ کے مکان میں بجلی نہ ہو تو کیا جنتر منتر کے ذریعہ بجلی فراہم ہوگی؟ مودی نے یہ سوال کیا۔ مدھو بنی میں انہوں نے عوام سے دریافت کیا کہ کیا جنتر منتر سے پانی، روزگار اور تعلیم حاصل ہوجائے گی؟ مودی نے کہا کہ این ڈی اے 8نومبر کو بہار میں حکومت تشکیل دے گی اور وہ عوام کے تمام مسائل کی سماعت اور حل کرنے کی کوشش کریں گے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بہار کے دیہات کارپوری کی چند خواتین نے انہیں ایک یادداشت بھیجا ہے ، جس میں انہوں نے شکایت کی ہے کہ ریاستی حکومت میں کوئی بھی ان کے مسائل کی سماعت کرنے تیار نہیں ہے ۔ اور کہا کہ دیکھئے بہار کی حالت، کوئی ایک بھی غریبوں کی شنوائی کرنے والا نہیں ہے ۔ مودی نے مزید کہا کہ یادداشت میں اپنی بپتا سنانے والی خواتین ناخواندہ ہیں ۔ انہیں تعلیم حاصل نہیں ہوئی اور وہ لکھ نہیں سکتیں ۔ ریاست جس کے مقام نالندہ کی ساری دنیا میں دھوم تھی، وہاں آزادی کے بعد پیدا ہونے والی خواتین لکھ بھی نہیں سکتین ۔ انہوں نے صدر کانگریس سونیا گاندھی جو جنتادل یو اور راشٹریہ جنتا دل کے ساتھ مہا گٹھ بندھن کا حصہ ہے، کو بھی تنقید ک انشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا میڈم سونیا جی آپ35سال اور لالو جی نتیش جی25سال بہارپر حکومت کیے اور یہ پسماندگی ان کی لاپرواہی کا نتیجہ ہے ۔ مودی نے کہا کہ پسماندگی سے باہر آنے کے لئے بہار کو دو انجنوں کی ضرورت ہے۔ ایک پٹنہ کا اور دوسرے دہلی کا۔ عوام سے کہا کہ آپ نے ایک انجن دہلی کو دیا ہے اور اب ایک اور انجن پٹنہ کو دیں، تاکہ ریاست کو غربت سے نکال سکیں ۔ بہار کے243نشستی اسمبلی کے لئے12اکتوبر کر وائے دہی کا آغاز ہوا ۔ رائے دہی کا آخری اور پانچواں مرحلہ5نومبر کو منعقد ہوگا۔ رائے شمای کی تاریخ8نومبر مقرر کی گئی ہے ۔

Grand Alliance's win will destroy Bihar: Modi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں