ہند چین مل جائیں تو دنیا میں نئی تبدیلی ممکن - وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-24

ہند چین مل جائیں تو دنیا میں نئی تبدیلی ممکن - وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ

شنگھائی
پی ٹی آئی
مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ اگر ہندوستان اور چین مل کر کام کریں اور ڈھائی بلین لوگ ایک مشترکہ معاملہ میں ایک ساتھ کھڑے ہوجائیں تو نہ صرف خطہ میں بلکہ دنیا میں بھی ایک نئی تبدیلی لائی جاسکتی ہے ۔شنگھائی میں اپنے قیام کے دوران انہوں نے انفوسس سینٹر میں ہندوستانی برادری سے بھی ملاقات اور خطاب کے دوران خصوصی طور پر سیکوریٹی اور اقتصادی تعاون کے شعبوں میں ہند۔ چین تعلقات کی اہمیت پر زور دیا ۔ دو طرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے کی چین کی کوششوں کی ستائش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کا چین کا یہ دورہ کامیاب رہا ہے کیونکہ دونوں ممالک نے سیکوریٹی سے متعلق معاملات میں تعاون میں اضافہ کرنے اور معلومات کے تبادلہ کا فیصلہ کیا ہے ۔ ہندوستانی معیشت کے زبردست امکانات پر روشنی ڈالتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ نے غیر مقیم ہندوستانیوں سے اپیل کی کہ وہ ہندوستان آئیں اور سرمایہ کاری کریں ۔ انہوں نے کہا ہمارے وزیر اعظم نریندر مودی نے کئی ایسی اسکیمیں شروع کی ہیں جن کے ذریعہ سرمایہ کارہندوستانی معیشت کے امکانات کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں ۔ میک ان انڈیا، اسٹارٹ اپ انڈیا ، اور اسٹینڈ اپ انڈیا جیسے پروگرام سرمایہ کاروں کو ایک موقع فراہم کراتے ہیں، میں اس سے ایک قدم آگے بڑھ کر آپ سے اپیل کرتا ہوں کہ آپ اسکیل اپ انڈیا کے لئے کام کریں ۔ مرکزی وزیر داخلہ نے آج شنگھائی میں جیڈ بدھا مندر کابھی دورہ کیا اور پرل ٹاور کا بھی مشاہدہ کیا۔ کل ان کی ہندوستان واپسی کا پروگرام ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ نے جو چین کے چار روزہ سرکاری دورہ پر ہیں ، آج شنگھائی کمانڈ کنٹرول سینٹر کا دورہ کیا ۔ چینی حکام نے انہیں اس سینٹر کے کاموں کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔ یہ سینٹر شہر کے بیچوں بیچ واقع ہے اور ایمر جنسی رسپانس سسٹم چلانے کے ساتھ ساتھ شہر کے ٹریفک کے نظام کی بھی نگرانی کرتا ہے ۔ مرکزی وزیر داخلہ کو بتایا گیا کہ پورے شنگھائی شہر میں88ہزار سے زائد کیمرے نصب ہیں اور جی پی ایس سے لیس تقریبا44000پولیس کی گاڑیاں کسی بھی فوری ضرورت پر کارروائی کے لئے ہمیشہ تیار رہتی ہیں ۔ راجناتھ سنگھ نے چینی حکام سے کہا کہ ہندوستان بھی محفوظ شہر پراجکٹس کے لئے ایسے ہی کمانڈ کنٹرول سینٹر قائم کرنا چاہتا ہے اور وہ وطن لوٹ کر مرکزی وزارت داخلہ کو ہدایت دیں گے کہ شنگھائی میں کئے جانے والے اچھے کاموں کو بھی اس میں شامل کرے۔ سنگھ نے شنگھائی شہر میں واقع ایک پولیس اسٹیشن شن تیاندی کا بھی دورہ کیا اور وہاں مقامی پولیس کے طریقہ کار کا جائزہ لیا۔

India, China coming together will be a sea change, Rajnath

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں