دہشت گردی سے نمٹنے آسیان سے تعاون بڑھانا ضروری - وزیر اعظم مودی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-22

دہشت گردی سے نمٹنے آسیان سے تعاون بڑھانا ضروری - وزیر اعظم مودی

کوالالمپور
پی ٹی آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج دہشت گردی کے بڑے عالمی چیلنج سے نمٹنے آسیان کے ساتھ تعاون بڑھانے کا مطالبہ کیا اور جنوبی چین کے سمندر میں علاقائی اور بحری تنازعات کی پر امن طریقوں سے یکسوئی کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے تجویز کیا کہ دس رکنی گروپ کے ساتھ بحری سلامتی، انسداد قزاقی اور انسانی و ڈیزاسٹر ریلیف کے کلیدی میدانوں میں تعاون کے لئے خصوصی منصوبے بنائے جائیں ۔مودی نے آسیان۔ انڈیا چوٹی کانفرنس میں اپنے افتتاحی ریمارکس میں کہا کہ دہشت گردی بڑا عالمی چیلنج بن کر ابھری ہے جو یہاں موجود ہم سبھی کو متاثر کررہی ہے۔ آسیان ارکان کے مابین بہترین باہمی تعاون پایاجاتا ہے ۔ ہمیں دیکھنا ہوگا کہ ہم علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر اپنا تعاون کیسے بڑھا سکتے ہیں ۔ اس میں بین الاقوامی دہشت گردی کے تعلق سے جامع کنونشن اپنا ناشامل ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا تیزی سے تبدیل ہوتا علاقہ پر امن اور خوشحال مستقبل کے لئے غیر یقینی وقت سے گزر رہا ہے ۔ہم منتظر ہیں کہ آسیان، علاقائی ڈھانچہ کا تعین کرنے کس طرح قائدانہ رول ادا کرتا ہے ۔ جنوبی چین کے سمندر میں علاقائی تنازعات کے حوالہ سے انہوں نے کہا کہ ہندوستان، آسیان کے اس عہد کا قائل ہے کہ بحری جہازوں کی آمد ورفت اور بلا روک ٹوک تجارت کی آزادی ہونی چاہئے ۔ ارتباط کو مشترکہ خوشحالی کی راہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہند۔ میانمار ، تھائی لینڈ سہ فریقی ہائی وے پراجکٹ کی پیشرفت اچھی ہے اور2018ء تک یہ مکمل ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ، عنقریب تمام آسیان ممالک کو الکٹرانک ویزا کی سہولت دے گا۔ سائنس، تکنالوجی اور اختراع کو ہند۔ آسیان تعاون اور معاشی شراکت داری کا اہم ستون قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم آسیان۔ انڈیا سائنس اینڈ ٹکنالوجی فنڈ کو موجودہ ایک ملین امریکی ڈالر سے بڑھا کر تین ملین امریکی ڈالر کردیں گے ۔ آسیان، برونی ، کمبوڈیا ، انڈونیشیا ، لاؤس، ملایشیا ، میانمار ، فلپائن، سنگا پور ، تھائی لینڈ اور ویتنام پر مشتمل ہے ۔ مودی نے کہا کہ آسیان، علاقائی تعاون اور یکجہتی کے لئے حوصلہ اور قیادت دونوں فراہم کررہا ہے ۔ آئی اے این ایس کے بموجب وزیر اعظم مودی نے دہشت گردی کی لعنت سے لڑنے آسیان سے اضافی تعاون مانگا اور کہا کہ دنیا کی اس مشکل گھڑی میں ہندوستان اور جنوب مشرقی ایشیا امید کے دور درشن مقامات کے طور پر برقرار ہیں ۔ انہوں نے13ویں آسیان( اسوسی ایشن آف ساؤتھ ایسٹ ایشین نیشنس) انڈیا چوٹی کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ ہندوستان ، تیزی سے فروغ پاتی معیشت ہے جب کہ آسیان کی معیشت بھی پوری قوت و توانائی سے آگے بڑھ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے کوئی شبہ نہیں کہ ہم ہمارے1.9بلین افراد کی خوشحالی کو تقویت پہنچائیں گے ۔

PM Modi at ASEAN Summit: Need global resolve, strategies to combat terrorism

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں