مصر میں ایربس دہشت گردی کا نشانہ - روس کا اعتراف - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-18

مصر میں ایربس دہشت گردی کا نشانہ - روس کا اعتراف

ماسکو، قاہرہ
رائٹر
روس نے پہلی مرتبہ آج کہا ہے کہ مصر کے سینائی علاقہ میں31اکتوبر کو جو روسی مسافر بردار طیارہ تباہ ہوا تھا اسے ایک بم کے ذریعہ تباہ کیا گیا ۔ اس واقعہ میں طیارہ پر سوار تمام224افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔ روس کی ایف ایس پی سیکوریٹی سروس کے سربراہ الیکزینڈر بورتیکوف نے صدر روس ولادیمیر پوٹین کی صدارت میں منعقدہ ایک اجلاس سے کہا کہ یہ بات بالکل واضح طور پر کہی جاسکتی ہے کہ یہ ایک دہشت گردی کا واقعہ تھا ۔ کریملن کی ویب سائٹ پر بورتیکوف کے حوالہ سے یہ بات کہی گئی ۔ پوٹین نے ان حملوں کے جواب میں شام میں ماسکو کی بمباری میں شدت پیدا کرنے کا عہد کیا ۔ پوٹین نے سیکوریٹی ایجنسیوں کے سربراہوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خطرناک دہشت گردوں سے روس کے تصادم کا یہ پہلا موقع نہیں ہے ۔ سینائی میں ہمارے عوام کا قتل خونیں جرائم میں سے ہے، ہم اپنے دل و دماغ سے آنسو نہیں پونچھیں گے۔ یہ اس وقت تک ہمارے ساتھ رہیں گے جب تک مجرموں کو سزا نہ دیجائے۔ پوٹین نے کہا کہ ہم انہیں ہر جگہ تلاش کریں گے جہاں وہ چھپ سکتے ہیں ۔ دنیا کے کسی بھی گوشہ سے انہیں پکڑ لائیں گے اور سزادیں گے ۔ اسی دوران روس کی وفاقی سیکوریٹی سروس( ایف ایس بی) نے روسی طیارہ کو تباہ کرنے والے مجرموں کی گرفتاری میں مدد دینے والی معلومات کی فراہمی پر50ملین ڈالر انعام کا اعلان کیا ہے ۔ یاد رہے کہ آئی ایس سے جڑے ایک گروپ نے طیارہ مار گرانے کا دعویٰ کیا۔ اس حادثہ کے بعد روس نے مصر کو اپنی تمام پروازیں منسوخ کردیں۔ پوٹین نے حملوں کے لئے راست طورپر آئی ایس آئی ایس کو ذمہ دار ٹھہرایا لیکن عہد کیا کہ شام میں ماسکو کی جانب سے ہونے والی بمباری میں شدت پیدا کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایس آئی ایس اور دیگر دہشت گرد گروپوں کو نشانہ بنایاجائے گا۔

Egypt plane crash: Russia says jet was bombed in terror attack

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں