سوچھ بھارت - مودی امیروں کے رابن ہوڈ بننے کوشاں - کانگریس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-18

سوچھ بھارت - مودی امیروں کے رابن ہوڈ بننے کوشاں - کانگریس

نئی دہلی
یو این آئی
کانگریس نے سوچھ بھارت سیس کے سلسلے میں وزیر اعظم نریندر مودی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے غریبوں کا بوجھ بڑھایا ہے اور امیروں کو راحت دی ہے ۔ ایسا کرکے وہ امیروں کے رابن ہوڈ بننے کی تیار ی میں ہیں ۔ پارٹی نے ان خیالات کا اظہار تمام قابل ٹیکس اشیاء پر0.5فیصد کا سوچھ بھارت سیس لگائے جانے پر کیا ہے ۔ کانگریس پاٹی نے ٹوئٹر پر لکھا کہ رابن ہوڈ امیروں سے چھین کر غریبوں میں بانٹتا تھا اس لئے وہ ہر دلعزیز بنا۔ مسٹر مودی اس کی ٹھیک ضد ہیں ۔ اپنے2015-16کے بجٹ میں انہوں نے کارپوریٹ ٹیکس30فیصد سے کم کرکے25فیصد کردیا جو صنعتکاروں کے لئے ایک بڑی راحت ہے ۔ مگر کیا ملک کے دیگر لوگوں پر بھی مسٹر مودی نے ایسی مہربانی کی؟ بلکہ انہوں نے غریب عوام پر کئی طرح کے ٹیکسوں کا وزن اور لاد دیا۔ پارٹی نے کہا کہ سوچھ بھارت سیس اس کی تازہ مثال ہے ۔ اسی کی وجہ سے اب سروس ٹیکس14فیصد سے بڑھ کر14.5فیصد ہوگیا ہے ۔ سرکار کو اس سے دوران مالی سال کے بچے ہوئے مہینوں میں ہی تقریبا3800کروڑ روپیہ کی آمدنی ہوجائے گی اور یہ آمدنی تقریبا سالانہ108کروڑ روپے ہوگی ۔ کانگریس نے سوالیہ انداز میں کہا کہ آخر اس کے پیچھے کیا وجہ ہے ۔ پہلے تو وزیر اعظم عوام سے ملک کی صفائی کی باتیں کرتے ہیں ۔ پھر اسی کام کے لئے ان پر ٹیکس لگاتے ہیں ۔ عوام پہلے سے ہی اتنے سارے ٹیکس ادا کررہے ہیں ، جس کا پہلے ہی ایک حصہ صفائی کے کاموں پر خرچ ہوتا ہے ایسے میں نئے نام سے سوچھ بھارت ٹیکس لگانے کا کیا جواز ہے ۔ مہنگائی کے مسئلے پر پارٹی نے کہا کہ بنیادی اشیاء کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں ۔ دالیں، سبزیاں، خام تیل اور ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے لوگوں کی زندگی پہلے ہی دشوار کردی ہے ایسے میں ان پر نئے ٹیکس لگانے سے درمیان طبقے اور نچلے طبقے کے کنبوں کا جینا اور بھی مشکل ہوجائے گا۔ پارٹی کے نائب صدر راہول گاندھی کی تعریف کرتے ہوئے پارٹی نے کہا ہے کہ مسٹر گاندھی کی طرف سے مودی سرکار کو سوٹ بوٹ کی سرکاری کا نام دینا پوری طرح درست ہے بی جے پی جتنے بھی دعوے کرے اس کی سرکاری پالیسیاں خاص طور پر ٹیکسوں کے معاملے میں اس کے اقدام نے پارٹی کو پوری طر ح بے نقاب کردیا ہے اور اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ یہ سرکار کچھ خاص لوگوں کو ہی فائدہ پہنچانے کے لئے ہی بنی ہے ۔ کانگریس نے الزام لگایا ہے کہ روزگار میں اضافے کی شرح میں ٹھہراؤ آیا ہے، مہنگائی اور دوسری پریشانیوں سے دوچار دیہی علاقے جیسے بڑے مسائل میں الجھی ہمارے ملک کی معیشت کو دیکھتے ہوئے بی جے پی کو چاہئے تھا کہ وہ عام لوگوں کے ہاتھ مضبوط کر کے اسے درست کرنے کے طریقے نکالے لیکن افسوس اس نے ایسا کرنے کے بجائے عام لوگوں کی کمر توڑ نے کا تہیہ کرلیا ہے ۔

Congress takes dig at Modi for levying Swachh Bharat tax

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں