ایک لاکھ سے زائد حامیوں کی موجودگی میں جنتادل یو قائد نتیش کمار نے جنہوں نے مہا گٹھ بندھن کو اسمبلی الیکشن میں جیت دلائی ، جمعہ کے دن چیف منسٹر بہار کی حیثیت سے حلف لیا ۔ روایتی کرتہ پائجامہ میں ملبوس نتیش کمار نے پٹنہ کے وسیع گاندھی میدان میں ہندی میں ایشور کے نام پر حلف لیا ۔ وہ پانچویں مرتبہ چیف منسٹر بنے ہیں ۔ بہار میں پہلی مرتبہ جے ڈی یو۔ آر جے ڈی اور کانگریس کی حکومت بنی ہے ۔ لالو پرساد یادو جن کی راشٹریہ جنتادل243رکنی اسمبلی میں سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے، خوش دکھائی دئیے کیونکہ ان کے دو لڑکوںتیجسوی اور تیج پرتاپ نے چیف منسٹر نتیش کمار کے فوری بعد حلف لیا ۔ نتیش کمار کے ساتھ آر جے ڈی کے12، جنتادل یو کے12اور کانگریس کے4وزراء نے حلف لیا ۔ چیف منسٹر کے بعد لالو پرساد کے لڑکوں کے لئے پرجوش ہجوم نے زیادہ تالیاں اور سیٹیاں بجائیں ۔ پی ٹی آئی کے بموجب گاندھی میدان میں عظیم الشان تقریب میں غیر بی جے پی جماعتوں کے کئی اعلیٰ قائدین نے شرکت کی۔ نائب صدر کانگریس راہول گاندھی، سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا، چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی ، چیف منستر دہلی اروند کجریوال اور دیگر قائدین موجود تھے ۔ وزیرا عظم نریندر مودی نے مرکزی وزیر ایم وینکیا نائیڈو کو بھیجا تھا ۔ سی پی آئی ایم کے سیتا رام یچوری اور سی پی آئی کے ڈی راجہ بھی دکھائی دئیے ۔ سابق ریاستی صدر جنتادل یو راجیورنجن سنگھ عرف للن، بجیندر پرساد یادو ، شراون کمار اور جئے کمار سنگھ (پچھلی کابینہ کے ارکان) نے بھی حلف لیا ۔ ان کے علاوہ سابق رکن پارلیمنٹ مہیشور ہزاری ، کرشنا نندن پرساد ورما، سنتوش نرالا اور فیروز احمد عرف خورشید حلف لینے والوں میں شامل ہیں ۔ جنتادل یو سے کابینہ میں نئے ارکان شیلیش کمار، کماری منجو ورما، مدن ساہنی اور کپل دیو کامت ہیں۔ آر جے ڈی کوٹہ میں لالو کے لڑکوں کے علاوہ عبدالباری صدیقی ، عبدالغفور، وجئے پرکاش ، چندریکا رائے ، آلوک کمار مہتا، رام وچاررائے، شیو چند رام، مانیشور چودھری ، چندر شیکھر اور انیتا دیوی شامل ہیں ۔ انیتا، آر جے ڈی سے واحد خاتون وزیر ہیں ۔ کانگریس سے پارٹی کے ریاستی صدر اشوک چودھری، مدن موہن جھا، عبدالجلیل مستان اور اودھیش کمار سنگھ نے حلف لیا ۔ ایوان کے ارکان کی کل تعداد کا15فیصد یعنی نتیش کمار کے بشمول36رکنی وزارت کی ریاست میں دستوری گنجائش ہے۔ یو این آئی کے بموجب نائب صدر کانگریس راہول گاندھی کے علاوہ کانگریس زیر اقتدار6ریاستوں کے چیف منسٹرس نے تقریب میں شرکت کی ۔ نتیش کمار کے بعد تیجسوی یادو نے جو پہلی مرتبہ رکن اسمبلی بنے اور آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو کے چھوٹے بیٹے ہیں، کابینہ وزیر کی حیثیت سے حلف لیا جس سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ بحیثیت ڈپٹی چیف منسٹر ان کی تاج پوشی ہوگی۔ ان کے بعد ان کے بڑے بھائی تیج پرتاپ یادو نے حلف لیا ۔ وہ بھی کابینی وزیر بنائے گئے ۔ تیجسوی نے مشہور فیشن ڈیزائنر محمد عظیم الرحمن کاڈیزائن کردہ لبا س پہنا تھا اور انہوں نے ہندی میں حلف لیا ۔ ان کے بڑے بھائی نے حلف لینے میں غلطی کی ۔ گورنر کی نشاندہی پر انہیں دوبارہ حلف لینا پڑا ۔ راہول گاندھی، تقریب حلف برداری کے درمیان پہنچے ۔ ریاستی صدر کانگریس اشوک چودھری کے حلف لینے میں تاخیر ہوئی کیونکہ وہ ان کا استقبال کرنے ایر پورٹ گئے ہوئے تھے ۔ چودھری کو نتیش کابینہ کے5ویں رکن کی حیثیت سے حلف لینا تھا۔ آر جے ڈی کوٹہ میں لالو کے لڑکوں کے بعد سینئر قائد عبدالباری صدیقی نے حلف لیا ۔ وہ آر جے ڈی کا نمایاں چہرہ اور لالو پرساد کے باعتماد رفیق ہیں ۔ کانگریس کوٹہ میں سب سے پہلے حلف اودھیش کمار سنگھ نے لیا۔ نتیش کمار نے جنتادل یو کوٹہ سے اپنی کابینہ میں8نئے چہرے شامل کئے ہیں۔
Bihar's new government takes shape: Nitish sworn in as CM, Lalu's sons get cabinet berths
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں