بہار نتائج بی جے پی اور آرایس ایس کے تفرقہ پسند ایجنڈے کی شکست - راہول گاندھی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-09

بہار نتائج بی جے پی اور آرایس ایس کے تفرقہ پسند ایجنڈے کی شکست - راہول گاندھی

نئی دہلی
پی ٹی آئی
بہار میں این ڈی اے کی شکست پر نریندر مودی پر طنز کرتے ہوئے نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج کہا کہ وزیر اعظم کو ایکسلیٹر دبانا ہوگا ، ورنہ عوام انہیں ڈرائیور کی نشست سے ہٹا دیں گے۔ راہول نے اسمبلی الیکشن نتائج کو بی جے پی اور آر ایس ایس کے تفرقہ پسند ایجنڈا کی شکست قرار دیا ۔ انہوں نے تاہم ان سوالات کو ٹال دیا کہ آیا بہار کی طرح کانگریس دیگر ریاستوں میں اتحاد میں شامل ہوگی؟ انہوں نے اس سوال کا جواب نہیں دیا کہ آیا ان کی پارٹی نتیش کمار کی نئی حکومت میں شامل ہوگی؟ راہول نے کہا کہ مودی جی کے وزیر اعظم بننے کے بعد سے صرف وعدے ہوئے ہیں ، کام شروع کیجئے ، ایک سال گزر چکا ہے اور آپ کی کار شروع نہیں ہورہی ہے ۔ راہول گاندھی نے نئی دہلی میں اے آئی سی سی ہیڈ کوارٹرس میں جہاں ان کی پارٹی ورکرس، بہار کی جیت کا جشن منارہے تھے ، اخباری نمائندوں سے کہا کہ مودی جی ایکسلیٹر دبائیے، اگر آپ ایکسلیٹر نہیں دباپائے تو بہار کی طرح عوام آپ کو دروزہ کھول کر ڈرائیور کی نشست سے ہٹادیں گے ۔ راہول نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعظم یا تو اپنا تکبر چھوڑ دیں یا کم کردیں۔ اس سے نہ صرف ملک کا بلکہ مودی کا بھی فائدہ ہوگا ۔ راہول نے وزیر اعظم کو یہ بھی مشورہ دیا کہ وہ اپنے بیرونی دورے ترک کردیں اور کسانوں، مزدوروں اور بے روزگار نوجوانوں تک رسائی حاصل کریں ، جن سے انہوں نے روزگار کا وعدہ کیا تھا۔ راہول نے زور دے کر کہا کہ بہار کے میسیج کی ہر طرف گونج سنائی دے رہی ہے ۔ وزیر اعظم سنیں اور سمجھنے کی کوشش کریں۔ مودی ، بی جے پی اور آرایس ایس اس ملک کو بانٹ نہیں سکتے، ہندوؤں کو مسلمانوں کے خلاف کھڑ کرکے الیکشن نہیں جیت سکتے، ملک سبھی کا ہے ۔ مودی کو نشانہ بناتے ہوئے راہول نے افسوس ظاہر کیا کہ وزیر اعظم نے جس طرح انتخابی مہم لائی اس سے نہ تو ان کا وقار بلند ہو اور نہ ملک کا۔ نتیش کمار کی پرزور تائید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی قیادت میں ریاست بہار ترقی کرتی رہے گی۔ یہ پوچھنے پر کہ آیا کانگریس حکومت کا حصہ بنے گی؟ انہوں نے کہا کہ یہ داخلی معاملہ ہے اور اس پر غور ہوگا۔ پریس کانفرنس میں وہ اس قسم کے سوالات کا جواب نہیں دے سکتے ۔ نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج بہار الیکشن نتائج کو تفرقہ پسندی پر اتھاد کی جیت قرار دیا اور چیف منسٹر بہار نتیش کمار اور آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد کو مبارکباد پیش کی۔ راہول نے توئٹ کیا کیا کہ بہار کے عوام ، نتیش جی، لالو جی ، کانگریس قائدین کا ریہ کرتا اور مہا گٹھ بندھن کو یہ جیت مبارک ہو۔ یہ جیت تفرقہ پسندی پر اتحاد کی جیت ہے۔ تکبر پر انکساری کی جیت ہے، نفرت پر محبت کی جیت ہے ، بہار کے عوام کی جیت ہے ۔ آئی اے این ایس کے بموجب نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے اتوار کے دن کہا کہ بہار میں مہا گٹھ بندھن کی کامیابی آر ایس ایس بی جے پی اور وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف جیت ہے ۔ راہول گاندھی نے مسکراتے ہوئے اخباری نمائندوں سے کہا کہ این ڈی اے کے خلاف جیت نہیں ہے بلکہ آر ایس ایس ، بی جے پی اور مودی کے خلاف جیت ہے۔ یہ ہندوؤں اور مسلمانوں کو بانٹنے کے خلاف ایک پیام ہے ۔
نئی دہلی
پی ٹی آئی
شکست تسلیم کرتے ہوئے بی جے پی صدر امیت شاہ نے آج چیف منسٹربہار نتیش کماراور آر جے ڈی صدر لالو پرساد کو ان کی زبردست جیت پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ان کی پارٹی عوام کے خط اعتماد کا احترام کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نئی حکومت کے ساتھ ہماری نیک تمنائیں ہیں کہ وہ بہار کو ترقی کی راہ پر لے جائیں ۔ ہم بہار کے عوام کے خط اعتماد کا احترام کرتے ہیں۔ میں نتیش کمار اور لالو پرساد یادو کو بہار اسمبلی الیکشن میں ان کی جیت پر مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔
نئی دہلی
پی ٹی آئی
بہار اسمبلی انتخابات نائج نے نتیش کمار زیر قیادت مہا گٹھ بندھن کی جیت کے ساتھ ہی کانگریس نے آج اس کا کریڈیٹ راہول گاندھی کو دینے میں وقت نہیں گنوایا اور راہول کو مہا گٹھ بندھن کا آرکٹیکٹ قرار دیتے ہوئے ان کی ستائش کی ۔ کانگریس قائد سنجے نروپم نے کہا کہ نتیش کمار بہار میں جیت کے آرکٹیکٹ ہیں اور راہول گاندھی مہا گٹھ بندھن کے آرکیٹکٹ ۔ جنرل سکریٹری کانگریس شکیل احمد نے زور دے کر کہا کہ راہول گاندھی کے موثر رول کے بغیر مہاگٹھ بندھن کی تشکیل ممکن نہیں تھی ۔ انہوں نے یاد دہانی کرائی کہ یہ راہول گاندھی ہی تھے جو نتیش کمار اور لالو پرساد کو ایک دوسرے کے قریب لے آئے تھے جب کہ آر جے ڈی سربراہ کو کچھ تحفظات ذہنی تھے ۔ بہار میں جیت کے بعد یہ بھی کہا جانے لگا ہے کہ راہول گاندھی کے لئے یہ پارٹی صدر بننے کا اچھا وقت ہے ۔ سوالات کا جواب دیتے ہوئے پارٹی قائدین بشمول شکیل احمد نے کہا کہ سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کو یہ طئے کرنا ہے ۔ سننے میں آرہا ہے کہ جاریہ ماہ اے آئی سی سی اجلاس طلب کیاجاسکتا ہے ۔ کرناٹک اسمبلی الیکشن میں پچھلی بڑی جیت کے طویل عرصہ کے بعد بہار کانگریس کی پہلی کامیابی ہے ۔ بہار اسمبلی الیکشن سے کئی ماہ قبل دہلی میں راہول گاندھی اور نتیش کمار کی40منٹ طویل ملاقات ہوئی تھی ۔ کانگریس ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ملاقا ت نے فیصلہ کن رول ادا کیا اور یہ ملاقات روایت شکن تھی۔
نئی دہلی
پی ٹی آئی
راہول گاندھی نے جو زبان استعمال کی اس کی مذمت کرتے ہوئے آر ایس ایس نے آج کہا کہ اس سے کانگریس کی غیر جمہوری اور عدم روادار ذہنیت کا پتہ چلتا ہے اور سبھی سمجھدار قوتوں کو اس کے خلاف احتجاج کرنا چاہئے۔ آر ایس ایس کمیونیکیشن سیل کے سربراہ موہن وید نے ایک بیان میں کہا کہ آر ایس ایس اس طرح کے غیر جمہوری رویہ نامناسب زبان اور کانگریس پارٹی کی عدم روادار ذہنیت کی مذمت کرتی ہے ۔

Bihar election results defeat of 'divisive' agenda of BJP, RSS, says Rahul Gandhi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں