وزیراعلیٰ آندھرا نائیڈو نے کرنول میں اردو یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-10

وزیراعلیٰ آندھرا نائیڈو نے کرنول میں اردو یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھا

حیدرآباد
یو این آئی
آندھر اپردیش کے وزیر اعلیٰ این چندرا بابونائیڈو نے ضلع کرنول کے اووواکل میں اردو یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھا ۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ آنے والے سال سے اردو کے طلبہ کے لئے اساتذہ کی تقرری کے لئے علیحدہ ڈی ایس سی امتحان منعقد کیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے لئے 125ایکڑ اراضی الاٹ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس ماہ سے مسائد کے امام کی تنخواہ پانچ ہزار روپے کی جائے گی۔ اس طرح شادی خانہ کی تعمیر کے لئے اراضی بھی الاٹ کی جائے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ کرنول ضلع میں900ایکڑ اراضی پر ایجوکیشن ہب کی تعمیر عمل میں لائی جائے گی۔ ساتھ ہی کرنول میں انٹر نیشنل ایر پورٹ کا بھی قیام عمل میں لایاجائے گا۔ اس تقریب میں ریاستی وزراء کے ساتھ ساتھ پارٹی کے اقلیتی لیڈران بھی موجود تھے ۔ کرنول کے عوام نے اردو یونیورسٹی کے سنگ بنیاد پر چندرا بابو نائیڈو سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ کرنول میں اردو یونیورسٹی کا ان کا دیرینہ خواب پورا ہوا ہے ۔ اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ کے ای کرشنا مورتی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ چندرا بابو نائیڈو مسلمانوں کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نائیڈو نے صنعتی شعبہ کے قیام کا بھی یہاں اعلان کیا ہے اورکرنول صنعتوں کے لئے ایک مرکز رہے گا۔دریں اثناء حیدرآباد سے منصف نیوز بیورو کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب چیف منسٹر آندھر اپردیش این چندرا بابو نائیڈو نے آج ان قائدین پر شدیدتنقید کی جو ان پر رایلسیما علاقہ کو نظر انداز کرنے کی شکایت کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ چیلنج کے ساتھ کہہ سکتے ہیں کہ یہ الزامات غلط ہیں ۔ بعض افراد جو جی میں آیا کہہ رہے ہیں اور یہ الزام عائد کررہے ہیں کہ رائل سیما کو نظر انداز کیاجارہا ہے ۔ میں آج ان سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ کس علاقہ کے ساتھ نا انصافی کی گئی ؟ میں ان سے چیلنج کررہا ہوں۔ میں نے پہلے حیدرآباد کو ترقی دی ، این ٹی راما راؤ نے رائلسیما کو ترقی دی ۔ ان کے بعد میں نے اس علاقہ کو ترقی دی ۔ یہ میری ذمہ داری ہے کہ اس علاقہ کو سر سبز و شاداب بنایاجائے ۔ چندرا بابو نائیڈو کرنول میں ایک جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے مختلف ترقیاتی پروگراموں میں بھی حصہ لیا ۔ بابو نے سوال کیاکہ کہاں نا انصافی کی گئی؟ اردو یونیورسٹی قائم کی جارہی ہے ، آئی آئی آئی ٹی کا قیام عمل میں لایا گیا۔ انڈسٹریل ٹاؤن شپ قائم کی گئی ۔ پروسیسنگ یونٹس کا قیام عمل میں لایاجارہا ہے ۔ انہوں نے برہمی کے انداز میں کہا کہ آپ کے دور مین کیا کیا گیا؟ بعض افراد جو دل میں آیا کہہ رہے ہیں ، کیوں کہ وہ میری جانب سے کی گئی ترقی کو برداشت نہیں کررہے ہیں۔ رائل سیما اس لئے پسماندہ ہے کہ اس علاقہ کے سیاسی قائدین سرمایہ کاروں کے لئے غیر مناسب فضا پید اکردیئے تھے ۔ چندرا بوبا نائیڈو نے جن کا تعلق اس علاقہ کے چتورہ ضلع سے ہے، کہا کہ میں یہیں کا سپوت ہوں اور خون کا آخری قطرہ بہنے تک رائلسیما کی خدمت کرتا رہوں گا۔

AP CM Chandrababu inaugurates Urdu University in Kurnool

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں