تلنگانہ میں 60 اقلیتی کروکل اسکولوں کے قیام کا وزیراعلیٰ کا اعلان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-08

تلنگانہ میں 60 اقلیتی کروکل اسکولوں کے قیام کا وزیراعلیٰ کا اعلان

حیدرآباد
اعتماد نیوز
چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آئندہ تعلیمی سال سے ریاست بھر میں 60 مائناریٹی کروکل اسکولس شروع کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ حیدرآباد کے چنچلگوڑہ جیل اور ریس کورس کو وہاں سے دوسری جگہ منتقل کرتے ہوئے ان دو اراضیات پر اقلیتی طلبا و طالبات کے لئے اقامتی اسکولس قائم کرنے کی بھی ہدایت دی ۔ چیف منسٹر نے اقلیتی نوجوانوں کو روزگار سے مربوط کرنے کے لئے نئی اسکیمات شروع کرنے کا مشورہ دیا ۔ ریاست بھر کے اقلیتی ہاکرس اور وینڈرس کو مالی تعاون کے لئے خصوصی پروگرام شروع کرنے پر زور دیا گیا ۔ سکریٹریٹ میں چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے اقلیتوں کی بہبود سے متعلق ایک اعلیٰ سطحٰ اجلاس طلب کیا۔ اس اجلاس میں ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی ، اقلیتوں کی بہبود کا جائزہ لینے والی کمیٹی کے صدر اے سی بی کے ڈائرکٹر جنرل عبدالقیوم خان ، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود ایم جے اکبر ، ڈائرکٹر مائنا ریٹی ڈیولپمنٹ کارپوریشن شفیع اللہ ایڈیشنل سکریٹری سی ایم او شانتی کماری ، اسپیشل سکریٹری بھوپال ریڈی ، ایس سی ایس ٹی گروکل سوسائٹی کے ڈائرکٹر پروین کمار اور پروفیسر ایس اے شکور، ڈائرکٹر سکریٹری اردو اکیڈیمی اور دوسروں نے شرکت کی ۔ اس موقع پر چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست میں مسلمانوں کی آبادی12فیصد ہے ۔ جب کہ دیگر اقلیتوں کی آبادی دو فیصد ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست کی اقلیتوں بالخصوس مسلمانوں کے معیار زندگی میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے ۔ مسلمانوں میں خواندگی کا تناسب انتہائی کم ہے ۔ ترک تعلیم کا رجحان اقلیتوں میں سب سے زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ضروری اخراجات کو کم کرتے ہوئے حکومت اقلیتی بچوں کو اچھی سے اچھی تعلیم دینے کے اقدامات کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست بھر میں119اسمبلی حلقوں میں اقلیتی طلباء و طالبات کے لئے اسپیشل ریزیڈ نشل اسکولس قائم کئے جائیں گے ۔ پہلے مرحلہ کے تحت طلباء کے لئے 30اور طالبات کے لئے30گروکل اسکول قائم کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ ان اسکولس میں2100تدریسی اور غیر تدریس عملہ کا تقرر کرنے کی بھی ہدایت دی ۔ ماہ جون سے قبل عملہ کو مکمل تربیت دینے کی محکمہ اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ پہلے سال کرائے کی عمارتوں میں ریزیڈ نشیل اسکول شروع کئے جائیں گے دوسرے سال ذاتی عمارتوں میں ان اسکولوں کو منتقل کیاجائے گا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ شہر حیدرآباد میں اقلیتوں کی زیادہ تعداد ہے جس ے پیش نظر ریزیڈ نشیل اسکول کی تعمیر کے لئے حیدرآباد میں زیادہ اراضی کی ضرورت ہوگی ۔ اسی لئے حکومت نے چنچلگوڑہ جیل اور ریس کورس کو دوسرے مقام پر منتقل کرتے ہوئے اس مقام کو ریزیڈ نشیل اسکول کے لئے استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے اور اقلیتی بچوں کو صد فیصد تعلیم سے آراستہ کرنے کے سلسلے میں اسکیمات تیار کرنے کی ہدایت دی گئی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ ریاست میں تلگو کے ساتھ اردو زبان کا بھی تحفظ کرنے کی ضرورت ہے ۔

60 Minority Gurukul Schools in 2016: CM KCR

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں