پی ٹی آئی
دادری اور دوسرے مقامات پر فرقہ وارانہ واقعات پر فکر مند مرکز نے آج ریاستوں سے کہا ہے کہ وہ ان افراد کے خلاف سخت کارروائی کریں جو مذہبی جذمات کا استحصال کرتے ہوئے سیکولر ڈھانچہ کو کمزور کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ وزارت داخلہ نے ایک بیان میں کہا کہ اسے پورے ملک میں فرقہ وارانہ واقعات داردی کے بد بختانہ واقعہ پر تشویش ہے جس میں بیف کھانے کی افواہ پر ایک شخص کو ہلاک کیا گیا ۔ وزارت داخلہ نے کہا کہ نظم و قانون ایک ریاستی مسئلہ ہے لیکن وزارت داخلہ کو پورے ملک میں فرقہ وارانہ نوعیت کے مختلف واقعات بشمول دادری کے بدبختانہ واقعہ پر تشویش ہے ۔ وزارت داخلہ نے ریاستوں کو ایک مشاورتی نوٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ قوم کے سیکولر تانے بانے کو کمزور کرنے اور مذہبی جذبات و احساسات کا استحصال کرنے والوں کو قطعی برداشت نہ کیاجائے ۔ بیان کے مطابق وزارت داخلہ نے ریاستوں سے کہا کہ وہ ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کاروائی کریں چاہے وہ کوئی بھی ہوں۔ یکم اکتوبر کو وزارت داخلہ نے دادری واقعہ کے بارے میں حکومت اتر پردیش سے رپورٹ طلب کی تھی اور ریاستی حکومت کو مشورہ دیا تھا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ ایسے واقعات دوبارہ پیش نہ آئیں ۔ ریاستی حکومت نے تاہم اب تک وزارت داخلہ کی اس ہدایت کا جواب نہیں دیا جس پر وزارت نے آج ایک بار پھر ریاست کو یاددہانی کرائی اور کہا کہ وہ50سالہ شخص کو مار مار کر ہلاک کرنے کے واقعہ کے بارے میں تفصیلی رپورٹ پیش کرے اور بتائے کہ خاطیوں کی تلاش اور سزا دینے کے لئے کیا اقدامات کئے گئے ہیں ۔
دادری ہلاکت پر برہمی کے درمیان حکومت نے آج کہا ہے کہ وہ تباہی کے ایجنڈہ کو ترقی پر حکومت کی توجہ پر حاوی ہونے نہیں دے گی ۔ حکومت نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی وقار کے ساتھ اقلیتوں کو با اختیار بنانے کے پابند ہیں۔ اقلیتی فرقہ کے دستکاروں کی حوصلہ افزائی کے لئے ہونے والی ایک تقریب کے موقع پر مرکزی وزیر اقلیتی امور نجمہ ہبت اللہ نے یہ تیقن دیا کہ اتر پردیش کے واقعہ کے پیچھے جو لوگ ہیں انہیں قانون کے مطابق سزا دی جائے گی ۔ انہوں نے اپیل کی کہ اس مسئلہ پر متنازعہ بیانات دینے سے گریز کیاجائے۔ انہوں نے اس تنقید کو بھی نظر انداز کردیا کہ مودی نے اس بارے میں کچھ نہیں کہا ہے انہوں نے کہا کہ اس معاملہ پر بولنے والے مرکزی وزراء ، وزیر اعظم کی آواز ہیں ۔ جشن استاد نمائش میں مملکتی وزیر اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے کہا کہ مودی حکومت کی توجہ صرف ترقی پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی تخریبی ایجنڈہ کو ترقی کے ایجنڈہ پر حاوی ہونے نہیں دیاجائے گا۔ دادری واقعہ کے بارے میں بار بار پوچھے جانے پر نجمہ ہبت اللہ نے کہا کہ اس معاملہ کی تحقیقات ہورہی ہے ۔ تحقیقات کے نتائج جو بھی ہوں وہ ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔
ایر فورس کے سپاہی، سرتاج کو جن کے والد کو بیف کھانے کی افواہوں پر مار مار کر ہلاک کردیا گیا تھا، ہر ممکن مدد کا تیقن دیتے ہوئے ہندوستانی فضائیہ نے کہا کہ وہ مقامی حکام کے ساتھ ربطمیں ہیں۔ اگر یہ خاندان خواہش کرے تو انہیں ایر فورس کے علاقہ میں منتقل کردیاجائے گا۔ ہندوستانی فضائیہ کے سربراہ چیف مارشل اروپ راہا نے یہاں ایک تقریب کے وقفوں کے دوران بتایاکہ ہم ہر ممکن مدد فراہم کررہے ہیں اور نہ صرف ان کے اور ان کے خاندان کے ساتھ مسلسل ربط میں ہیں بلکہ مقامی حکام کے ساتھ بھی ربط میں ہیں ۔ ہر شخص رحمدلی کا مظاہرہ کررہا ہے اور ان کی اور ان کے خاندان کی ہر ممکن مدد کرنے کی کوشش کررہا ہے ۔ ہر ممکن مدد کی جائے گی اور کی جارہی ہے ۔
Home ministry asks states to take action against communal violence
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں