دادری واقعہ - وزیر اعظم کے بیان پر کانگریس کی تنقید - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-15

دادری واقعہ - وزیر اعظم کے بیان پر کانگریس کی تنقید

نئی دہلی
پی ٹی آئی
کانگریس قائد سچن پائلٹ نے آج وزیر اعظم نریندر مودی کے اس تبصرے پر تنقید کی ہے کہ دادری زدوکوب واقعہ اور ممبئی میں غلام علی کے پروگرام کی منسوخی سے حکومت کا کوئی تعلق نہیں اور کہا کہ مرکز یہ کہتے ہوئے اس معاملہ سے پہلو تہی نہیں کرسکتا کہ اس میں اس کا کوئی رول نہیں ہے۔ مودی نے اپوزیشن پر نام نہاد سیکولر ازم اور تفرقہ پسندی کی سیاست کا الزام عائد کرتے ہوئے دادری زدوکوب واقعہ اور پاکستانی غزل گلو کار غلام علی کے ممبئی میں ہونے والے پروگرام کی منسوخی کو بدبختانہ قرار دیا، تاہم کہا تھا کہ ان کی حکومت کا اس سے کوئی تعلق نہیں ۔ سچن نے کہا کہ میرے خیال میں وہ لوگ اس مسئلہ کی اہمیت کو گھٹانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ میں سمجھتا ہوں کہ دادری میں ایک شخص کو بدبختانہ زدوکوب اور ان کی موت ہمارے سماجی تانے بانے میں انحطاط کی علامت ہے اور نئی حکومت اس میں اضافہ کررہی ہے ۔ ممبئی کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے جہان غلام علی کے پروگرام کو منسوخ کیا گیا اور سابق پاکستانی وزیر خارجہ خورشید قصوری کی کتاب کی رسم اجراء تقریب میں او آر ایف کے سربراہ سدھیندر کلکرنی کے چہرہ پر سیاہی پوتی گئی، سچن پائلٹ نے کہا ایسا معلوم ہوتا ہے کہ بی جے پی زیر قیادت حکومت کو اپنی حلیف جماعتوں سے ہر قسم کے مسائل در پیش ہیں۔ وہ بظاہر شیو سینا کا حوالہ دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ لیکن یہ حقیقت کہ ہم رفتہ رفتہ عدم روادار سماج بنتے جارہے ہیں اور دنیا اسے دیکھ رہی ہے ۔ انتہائی بد بختانہ ہے ۔ سچن پائلٹ نے جو سابق مرکزی وزیر ہیں، کہا کہ موجودہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہوشمندی کو برقرار رکھے ۔ آپ تفرقہ پسند طاقتوں کو اتنا مضبوط ہونے کی اجازت نہیں دے سکتے کہ وہ ہمارے ثقافتی ورثے ، ہماری تاریخ اور ہماری سماجی یکجہتی کی تمام اقدار پر غالب آجائے ۔ یہ صرف سیاست سے متعلق نہیں ہے بلکہ یہ ملک سے تعلق رکھتا ہے۔ ہم کس قسم کے نظریات کا پرچار کررہے ہیں۔ اقتدار پر کس قسم کے لوگ فائز ہیں ۔ کس کے الفاظ معنی رکھتے ہیں اور وہ ہمارے ملک کی سیکولر سوچ کو تقسیم کرنے کی کوشش کرہے ہیں۔ میرے خیال میں ہندوستان کے لئے یہ ناقابل قبول ہے ۔ علیحدہ اطلاع کے مطابق سی پی آئی نے دادری زدوکوب واقعہ پر وزیر اعظم نریندر مودی کے تبصرہ پر تنقید کرتے ہوئے اسے بہت تاخیر سے اور بہت کم قرار دیا۔ پارٹی نے کہا کہ یہ فرائض میں کوتاہی کے مترادف ہے ۔ پارٹی رکن پارلیمنٹ ڈی راجہ نے کہا کہ زدوکوب واقعہ کا راست تعلق بی جے پی اور سنگھ پریوار سے ہے۔ وزیر اعظم کا یہ کہنا کہ حکومت کا اس سے کوئی لینا دینا نہیں، فرائض میں کوتاہی کے مماثل ہے ، کیوں کہ وہ وزیر اعظم ہیں اور دستوری اقدار کی برقراری ان کی ذمہ داری ہے ۔ زدوکوب واقعہ کی مودی کی جانب سے کی گئی تشریح کو بدبختانہ اور ناپسندیدہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گائے کا گوشت کھانے کی افواہوں پر ایک مسلم شخص کا قتل عدم رواداری اور ثقافتی فسطائیت کی انتہا ہے ۔ وزیر اعظم کو مرتکبین کے خلاف کارروائی کرنی چاہئے ۔ حکومت کو اپوزیشن جماعتوں پر نام نہاد سیکولر ازم پر عمل کرنے کے الزام عائد کرنے کے بجائے عوام کو یہ یقین دہانی کرانی چاہئے کہ وہ فرقہ وارانہ گڑ بڑ پھیلانے والوں کے خلاف سخت کاروائی کرے گی۔
یو این آئی کے بموجب آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد نے کہا کہ اتر پردیش کے ضلع دادری واقعہ پر مودی کا بیان پہلے ہلاک کرنے اور پھر معافی مانگنے کے مترادف ہے ۔ لالو پرساد نے کہا کہ یہ تبصرہ غیر منصفانہ ہے ۔ آر جے ڈی سربراہ نے یہ بھی کہا کہ چاہے بی جے پی ہو آر ایس ایس یا وزیر اعظم نے یہ بھی کہتے ہیں دوسرے دن بھول جاتے ہیں ۔ انہوں نے وزیر اعظم پر یہ بھی الزام عائد کیا کہ وہ ویاپم، چاول اور کانکنی اسکامس پر خاموشی اختیار کرتے ہوئے کرپشن کو فروغ دے رہے ہیں ۔ دوسری جانب بہار کے سابق چیف منسٹر جتن رام مانجھی نے کہا کہ ان مسائل پر وزیر اعظم کے بیان کے بعد انہیں بند باب تصور کیاجانا چاہئے ۔دریں اثناء نئی دہلی سے پی ٹی آئی کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب عام آدمی پارٹی نے آج دادری واقعہ پر وزیر اعظم نریندر مودی کے رد عمل پر افسوس کا اظہار کیا اور اپوزیشن پر ان کی تنقید پر جوابی وار کیا کہ وہ جعلی سیکولر ازم پر عمل کرتے ہیں ۔ پارٹی نے کہا کہ ایسے جعلی بیانات دینا وزیر اعظم کو زیب نہیں دیتا ۔ عام آدمی پارٹی لیڈر اشوتوش نے کہا کہ مودی کا رویہ ایسا ہے جیسے وہ ملک کے نہیں بلکہ بی جے پی کے وزیر اعظم ہیں ۔ اشوتوش نے کہا کہ انٹر ویو پڑھنے کے بعد مجھے مایوسی ہوئی۔ کم از کم ہم وزیر اعظم سے ایسے بیان کی توقع نہیں کررہے تھے ۔

Dadri lynching: Congress accuses PM of selective amnesia

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں