یو این آئی
مرکزی وزیر ماحولیات پر کاش جاوید کر نے اعلان کیا ہے کہ ان کی وزارت نے آندھرا پردیش کے نئے دارلحکومت امراوتی کی تعمیر کے لئے منظوری کا عمل مکمل کرلیا ہے ۔ انہوں نے قومی دارالحکومت نئی دہلی میں آج میڈیا سے بات کرتے ہوئے یہ اعلان کیا ۔ واضح رہے کہ نیشنل گرین ٹریبونل نے حکومت آندھرا پردیش کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ہدایت دی تھی کہ امراوتی میں تعمیراتی کام روک دئیے جائیں کیونکہ اس کے لئے ماحولیاتی منظوری حاصل نہیں کی گئی ہے۔ ایک ریٹائرڈ آئی اے ایس آفیسر ای اے ایس شرما نے بھی اس پر اعتراض کرتے ہوئے کہا تھا کہ ماحولیاتی منظوری ضروری ہے ۔ اب امراوتی کی تعمیر کے لئے ماحولیاتی منظوری وزارت ماحولیات سے حاصل ہوگئی ہے جس کے بعد اے پی کے نئے دارالحکومت کے ترقیاتی کاموں مین کوئی رکاوٹیں نہیں ہوں گی۔ دریں اثناء حیدرآباد سے اعتماد نیوز کی علیحدہ اطلاع کے بموجب چیف منسٹر آندھر پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے آج سہ پہر وزیر اعظم نریندر مودی سے دہلی میں ملاقات کی ۔ ذرائع کے مطابق اس ملاقات کے دوران چیف منسٹر نے وزیر اعظم کو آندھرا پردیش کے نئے دارالحکومت امراوتی کی سنگ بنیاد تقریب میں شرکت کا دعوت نامہ دیا ۔ چندرا بابو نائیڈو نے وزیر اعظم کو سوچھ بھارت پر تشکیل شدہ نیتی آیوگ کی سب کمیٹی کی رپورٹ بھی پیش کی ۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش سوچھ بھارت پروگرام کے کنوینر ہیں اور انہوںنے مختلف ریاستوں کے چیف منسٹرس کے علاوہ نیتی آیوگ کے عہدیداروں کے ساتھ کئی دور کی بات چیت کرتے ہوئے سوچھ بھارت پروگرام کی رپورٹ تیار کی تھی ۔ اپنے دورہ دہلی کے موقع پر چندرا بابو نائیڈو نے مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ سے بھی ملاقات کی ۔ بتایا گیا ہے کہ راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کے دوران ملازمین کی تقسیم کے ساتھ دیگر امور پر تبادلہ خیال ہوا ۔ قبل ازیں دہلی کے چیف منسٹر اروند کجریوال نے آندھرا پردیش بھون پہنچ کر چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کی۔بعد ازاں اروند کجریوال نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو نے امرواتی کے سنگ بنیاد تقریب میں شرکت کی دعوت دی ۔ انہوں نے کہا کہ سوچھ بھارت پر نیتی آیوگ کی جو سب کمیٹی تشکیل دی گئی ہے سب کمیٹی کی جانب سے تیار کردہ رپورٹ کی وہ تائید کرتے ہیں ۔
Andhra secures required environmental clearance for Amaravati
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں