یو این آئی
دنیا بھر میں مقبول سوشل میڈیافیس بک کے بانی مارک زکر برگ نے ہندوستانیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہاہے کہ ہندوستان دنیا کا سب سے بڑا جمہوری ملک ہے اور اس سے منسلک ہوئے بغیر دنیا سے جڑ نہیں سکتے۔ زکر برگ نے آج یہاں دہلی آئی آئی ٹی کے طلبہ اور اساتذہ سے بھرے آئی آئی ٹی ٹاؤن ہال میں کہا کہ دنیا میں چار ارب لوگ اب بھی انٹر نیٹ سے منسلک نہیں ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ انہیں انٹر نیٹ سے جوڑنے کی بنیادی سہولیات دستیاب ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے لوگوں میں کافی توانائی اور تجسس موجود ہے اور ہندوستان سے وابستہ ہوئے بغیر دنیا سے منسلک نہیں ہوا جاسکتا ۔ انہوں نے کہا ہندوستان دنیا کا سب سے بڑا جمہوری ملک ہے اور میں چاہتا ہوں کہ دنیا کا ہر شخص ہندوستان سے منسلک ہو ۔ زکر برگ ان دنوں ہندوستان کے دورہ پر آئے ہوئے ہیں اور وہ کل تاج محل دیکھنے آگرہ بھی گئے تھے ۔ گزشتہ دنوں وزیر اعظم نریندر مودی نے امریکی دورہ کے دوران فیس بک کے دفتر جاکر زکر برگ سے ملاقات کی تھی اور انہیں ہندوستان آنے کے لئے مدعو بھی کیا تھا ۔ زکر برگ نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان فیس بک کے لئے ایک اہم بازار ہے۔ فیس بک کا مقصد لوگوں کو آپس میں جوڑنا ہے ۔انہوں نے کہا ، ہندوستان میں فیس بک سے کافی لوگ منسلک ہوئے ہیں ۔ میں ان کا خیال رکھتا ہوں، اس لئے ہندوستان آکر کافی خوش بھی ہوں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ فیس بک میں سیکوریٹی کے جو بندوبست کئے گئے ہیں اس سے ہندوستان کے تین کروڑ لوگوں کو فائدہ حاصل ہوا ہے ۔ انہوں نے افریقہ کی طرح ہندوستان میں غریب بچوں کے لئے اسکول کھولنے کے منصوبہ کی بھی اطلاع دی ۔31سالہ زکر برگ نے کہا کہ ہندوستان فیس بک کے لئے سب سے اہم بازار ہے اور فیس بک کا دوسرا بڑا طبقہ بھی یہین موجود ہے ۔ اس لئے میں یہاں آکر کافی خوش ہوں ۔ یہاں کے لوگوں میں کافی جوش و جذبہ موجود ہے ۔ فیس بک کے بانی نے کہا کہ اگر دس لوگ انٹر نیٹ سے منسلک ہوتے ہیں تو ایک شخص کو نوکری ملتی ہے اور اس طرح ایک آدمی غریبی کے دائرے سے باہر ہوتا ہے ۔ اس لئے ہم چاہتے ہیں کہ لوگ انٹر نیٹ سے منسلک ہونے کے لئے بنیادی سہولت دستیاب ہو ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مشن دنیا کے تمام لوگوں کو جوڑنا ہے اور ہم دنیا کے دوسرے سب سے بڑے ملک سے منسلک ہوئے بغیر یہ کام نہیں کرسکتے ۔ ہندوستان دنیا کا سب سے بڑاجمہوری ملک ہے اور دنیا سے منسلک ہونے کے لئے ہندوستان سے منسلک ہونا نہایت ضروری ہے ۔
'Can't Connect The World Without Connecting India: Mark Zuckerberg at IIT Delhi
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں