آندھرا دارالحکومت امراوتی کی سنگ بنیاد تقریب میں مدعو نہ کرنے جگن کی درخواست - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-16

آندھرا دارالحکومت امراوتی کی سنگ بنیاد تقریب میں مدعو نہ کرنے جگن کی درخواست

حیدرآباد
آئی اے این ایس
وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے سربراہ وائی ایس جگن موہن ریڈی چیف منسٹر اے پی این چندرا بابو نائیڈو سے یہ بات کہہ چکے ہیں ، انہیں ریاست کے نئے صدر مقام کی سنگ بنیاد تقریب میں مدعو نہ کریں۔ چیف منسٹر نائیڈو کے نام روانہ کردہ اپنے مکتوب میں اے پی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف جگن نے کہا کہ تلگو دیشم حکومت نے مبینہ طور پر کسانوں سے زبردستی زرعی اراضیات حاصل کرتے ہوئے کسانوں کے آنسو پر نیا صدر مقام تعمیر کررہی ہے ۔ وزیر اعظم نریندرمودی ضلع گنٹور میں22اکتوبر کو نئے شہر امراوتی کا سنگ بنیاد رکھیں گے جب کہ ریاستی حکومت اس تقریب کو کامیابی سے ہمکنار کرانے کے لئے زوروشور سے تیاریاں کررہی ہیں ۔ حکومت نے اس تقریب میں سنگا پور اور جاپان کے وزرائے اعظم کے علاوہ مرکزی وزراء ، مختلف ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ گورنرس ، ججس ، اعلیٰ عہدیداروں اور صنعت کاروں کو مدعو کیا ہے۔ جگن نے حکومت سے استفسار کیا کہ نئے دارالحکومت کے تعمیری کاموں کے مقام پر گزشتہ ایک سال سے امتناعی احکام کے نفاذ کا کیا جواز ہے جب کہ حکومت اور چیف منسٹر کا یہ ادعا ہے کہ عوام نے خوشی سے اپنی اراضیات ، حکومت کے حوالے کی ہیں۔ حکومت پر گرین ٹریبونل کے احکام کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ عوام کے جذبات کو مد نظر رکھتے ہوئے نئے شہر کی سنگ بنیاد تقریب میں شرکت نہیں کریں گے کیونکہ حکومت نے عوام کے جذبات کی پروا نہیں کی ہے ۔ جگن نے مزید کہا کہ چیف منسٹر نئے صدر مقام کی تعمیر کے نام پر غریبوں کی اراضیات ہتھیاتے ہوئے ا ن اراضیات کو سنگا پور کی کمپنیوں کے حوالے کررہے ہیں ۔ اس طرح چیف منسٹر رئیل اسٹیٹ کا کاروبار کررہے ہیں۔ کسانوں اور دیگر عوامی کازکے لئے بھوک ہڑتال منظم کرچکے جگن موہن ریڈی نے وضاحت کی کہ وہ نئے شہر کی تعمیر کے خلاف نہیں ہیں ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ نائیڈو، عوامی شہر کا سنگ بنیاد نہیں رکھ رہے ہیں بلکہ وہ رئیل اسٹیٹ کا کاروبار کو فروغ دینا چاہتے ہیں ۔

Jagan asks Naidu not to invite him to Amaravati foundation laying ceremony

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں