حالات کو بہتر رخ پر بدلنے وزیر اعظم مداخلت کریں - منور رانا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-23

حالات کو بہتر رخ پر بدلنے وزیر اعظم مداخلت کریں - منور رانا

لکھنو
یو این آئی
ساہتیہ اکیڈمی ایوارڈ لوٹانے کے احتجاجی معاملے میں وزیر اعظم نریندر مودی سے مداخلت کی امید رکھنے والے اردو کے مشہور عوامی شاعر منور رانا نے کہا ہے کہ مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی اور سیاحت کے وزیر مملکت مہیش شرما کو ادیبوں کے معاملات میں بولنے کا حق نہیں ہے ۔ دادریسانحہ اور کنٹر ادیب کلبرگی کے قتل کے خلاف دیگر ادیبوں کے ساتھ ساہتیہ اکیڈیمی ایوارڈ واپس کرنے والے منور رانا نے آج یہاں صحافیوں سے کہا احتجاجا ایوارڈ لوٹانے کے اس معاملے میں راست وزیر اعظم نریندر مودی کو مداخلت سے کام لینا چاہئے لیکن ہو یہ رہا ہے کہ ان کی کابینہ کے لوگ غیر ضروری بیان بازی کررہے ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں منور رانا نے یہ بھی کہا کہ اگر وزیر اعظم نریندر مودی بہتر رخ پر حالت کو بدلنے کی یقین دہانی کے ساتھ ایوارڈ واپس لینے کو کہیں گے تو اس پر غور کیاجاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا شاعر مصنف اور صحافی اپنے کاموں سے جانے جاتے ہیں ۔ انکا کہنا تھا کہ مظفر نگر فسادات میں اگر ان جیسے شاعروں کو بھیجا جاتا تو معاملہ جلد ٹھنڈ ا ہوجاتا کیونکہ دیگر شعبوں کے نمائندوں کے مقابلے میں شاعر زیادہ حساس اور معاملات کی سنگینی سے نمٹنے کے متحمل ہوتے ہیں۔ رانا نے کہا کہ اکیڈیمی ایوارڈ لوٹائے جانے کے معاملے میں نامور شاعر گوپال داس نیرج ان سے مختلف خیال رکھتے ہیں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ نیرج جی متعلقہ واقعات کی حمایت کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا مجھے پورا یقین ہے جن واقعات کے خلاف احتجاجا ایوارڈ لوٹائے جارہے ہیں ان واقعات سے نیرج کو بھی مجروح کیا ہے ۔ منور رانا نے کہا کہ وزیر اعظم کے دفتر نے انہیں بات چیت کے لئے بلایا ہے۔ وہ نریندر مودی کے اس اقدام کا خیر مقدم کرتے ہیں ، ان کی ملاقات ہوئی تو وہ اس سلسلے میں وزیر اعظم کو موثر اور ٹھوس قدم اٹھانے کے لئے کہیں گے۔ نامور شاعر نے کہا کہ انہوں نے وزیر اعظم کے دفتر سے اپیل کی ہے کہ اگرچہ وہ اکیلے بھی اس ملاقات کے لئے تیار ہیں لیکن ان کی خواہش ہے کہ دس اور ادیبوں کو بلایاجائے اورگیارہویں رکن کی حیثیت سے انہیں شامل کیاجائے ۔ صحافیوں سے بات چیت کے دوران ایک مرحلے پر انہوں نے دبے لہجے میں یہ بھی کہا کہ ساہتیہ اکیڈیمی کے انعام کی رقم ایک لاکھ روپے کم ہے ۔ یہ رقم پانچ دس کروڑ روپے ہونی چاہئے ۔ انہوں ے کہا کہ مودی جب بھی بلائیں، وہ ان سے ملاقات کر کے موجودہ حالات پر اپنا کرب اور درد ان پر ظاہر کرتے ہوئے وہ انہیں ایوارڈ واپس کئے جانے کے ساتھ ہی ان وجوہات بھی بتائیں گے ۔

Urdu poet Munawwar Rana gets PM Modi's invitation for talks

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں