پی ٹی آئی
اعلیٰ ذات کے ہندوؤں نے آج ایک دلت خاندان کے گھر کو اس وقت آگ لگا دی جب وہ محو خواب تھے۔ اس کے نتیجہ میں دو بچے زندہ جھلس گئے جب کہ ان کے والدین شدید زخمی ہوگئے۔ یہ افسوسناک واقعہ ہریانہ کے ضلع فرید آباد کے سنپد موضع میں کل رات ڈھائی بجے پیش آیا ۔ پولیس نے بتایا کہ اس سلسلہ میں گیارہ افراد بشمول ایک باپ بیٹے کے خلاف قتل ، فساد مچانے اور دیگر لوازمات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ ڈھائی سالہ ویبھو اور گیارہ ماہ کی اس کی بہن دیویا اس حملہ میں ہلاک ہوگئے ۔ حملہ آوروں نے مبینہ طور پر کھڑکی سے پٹرول انڈیل کر گھر میں آگ لگا دی ۔ اس وقت یہ خاندان محو خواب تھا۔ ذرائع کے مطابق حملہ کے وقت موضع میں قریب ہی ایک مذہبی پروگرام چل رہا تھا۔ بچوں کی ماں 28سالہ ریکھا شدید طور پر جھلس گئی جسے علاج کے لئے دہلی منتقل کیا گیا ۔ ان کا باپ31سالہ جیتندر بھی اپنے افراد خاندان کو بچانے کی کوشش کے دوران جھلس گیا ۔ ہریانہ حکومت نے اس خاندان کو دس لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے ۔ جتیندر نے الزام لگایا کہ حملہ آور راجپوت ذات کے ہیں اور اس کے خاندان کا اکتوبر میں ہوئے قتل پر ان سے تصادم ہوا تھا جس کے بعد ایک مقدمہ درج کیا گیاتھا۔ زخموں سے بے چین جتیندر نے بتایاکہ ہم گھر میں سو رہے تھے کہ کھڑکی سے پٹرول انڈیل دیا گیا میں نے پٹرول کی بو سونگھی اور میری بیوی کو جگانے کی کوشش کی لیکن تب تک آگ لگ چکی تھی ۔ انہوں نے باہر سے دروازہ مقفل کردیا ۔ آگ میں میرے بچے جھلس کر فوت ہوگئے ۔ اس نے مزید کہا کہ انہوں نے اس کے خاندان کا صفایا کردینے کی دھمکی دی تھی ۔ اس نے روتے ہوئے کہا کہ براہ کرم مجھے میرے بچے لوٹا دو ۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ میں کشیدگی پیدا ہوگئی اور سیکوریٹی سخت کردی گئی۔ کمشنر پولیس فرید آباد سبھاش یادو نے موضع کا دورہ کیا۔ وہ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ سنپد کے رہنے والے بلونت اور اس کے بیٹے دھرم سنگھ کے بشمول11افراد کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ۔ پولیس ترجمان نے بتایا کہ دو افراد کو گرفتارکرلیا گیا ہے ۔ اسی دوران ایس سی، ایس ٹی کمیشن کی ایک ٹیم نے متاثرہ خاندان سے ملاقات کی اور انہیں انصاف کا یقین دلایا۔
Two children killed as Dalit family set ablaze in Haryana village
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں