مودی حکومت میں عوام غیر محفوظ ہیں - کانگریس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-21

مودی حکومت میں عوام غیر محفوظ ہیں - کانگریس

نئی دہلی
یو این آئی
کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی پر براہ راست حملہ کرتے ہوئے آج الزام لگایا کہ وہ آئینی اور اخلاقی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں ناکام رہے ہیں اور ان کی حکومت میں لوگ خود کو غیر محفوظ محسوس کررہے ہیں ۔ کانگریس کے سینئر ترجمان آنند شرما نے یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ مسٹر مودی کی قیادت میں بی جے پی کی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد سے ہی جس طرح مسلسل فرقہ وارانہ ماحول کو خراب کرنے کے یکے بعد دیگر واقعات ہورہے ہیں اس سے ملک کے شہری خود کو غیر محفوظ محسوس کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت میں اگر کوئی حکومت کے خلاف بات کرتا ہے یا بی جے پی اور آرایس ایس سے عدم اتفاق کا اظہار کرتا ہے تو ان لوگوں پر براہ راست حملے کئے جاتے ہیں۔ یہاں تک کہ معزز شہریوں کی مخالفت پر بھی کان نہیں دھرا جارہا ہے ۔ سپریم کورٹ کی آئینی بنچ نے بھی اس صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئنے ضمانت اور اداروں کی خود مختاری ختم ہورہی ہے ۔ مسٹر شرما نے الزام لگایا کہ وزیر اعظم اپنے آئینی اور اخلاقی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں ناکام ثابت ہورہے ہیں ۔ وزیر اعظم نے اس طرح کے واقعات پر اپنا منہ اسی وقت کھالا ہے جب صدر نے صدیوں سے ملک کو مضبوطی فراہم کرنے والی تہذیب، سماج ، ثقافت اور بالخصوص ہمارے تکثیری سماجی قدروں ، جمہوریت اور رواداری میں آنے والی گراوٹ پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ مسٹر شرما نے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے ہی صدر بہت تھوڑے وقفے میں دو مرتبہ اس صورتحال پر تشویش ظاہر کرنے کے لئے مجبور ہوئے۔ وزیر اعظم اور ان کی حکومت کے لئے یہ وقت بحث کرنے کا نہیں بلکہ ملک میں کشیدگی پھیلانے والے واقعات اور بیانات پر روک لگانے کے لئے قدم اٹھانے میں پہل کرنے کی ہے ۔

People not safe in Modi govt, Congress

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں