1-4 octمسئلہ کشمیر کی یکسوئی کے لئے جنرل اسمبلی میں نواز شریف کی تجاویز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-01

1-4 octمسئلہ کشمیر کی یکسوئی کے لئے جنرل اسمبلی میں نواز شریف کی تجاویز

اقوام متحدہ
پی ٹی آئی
پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف نے آج کشمیر مسئلہ اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ اس مسئلہ کی عد م یکسوئی اقوام متحدہ کی ناکامی کی مظہر ہے ۔ انہوں نے چار نکاتی امن پہل کی تجویز پیش کی جس میں کشمیر سے فوجیں ہٹانے اور سیاچن سے افواج کی غیر مشروط واپسی شامل ہے ۔ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے دونوں ملکوں کی جانب سے کسی بھی حالت میں طاقت کے استعمال یا استعمال کی دھمکی پر روک لگانے اور2003کی جنگ بندی کو باقاعدہ شکل دینے کی تجویز پیش کی ۔ انہوں نے نیو کلیر اسلحہ سے لیس دو پڑوسی ملکوں کے درمیان پر امن تعلقات کو یقینی بنانے کے لئے ایک فارمولے کے تحت یہ تجاویز پیش کیں ۔ نواز شریف نے مسئلہ کشمیر کی یکسوئی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پر امن یکسوئی کے لئے کشمیریوں کے ساتھ مشاورت ناگزیر ہے جو تنازعہ کا اٹوٹ حصہ ہیں۔ پاکستانی وزیر اعظم نے کہا کہ دونوں ملکوں کوکشیدگی کی وجوہات کی یکسوئی کرنی چاہئے اور حالات کو مزید بگڑنے سے روکنے کے لئے تمام امکانی اقدامات کرنے چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم تجویز پیش کرتے ہیں کہ پاکستان اور ہندوستان یہ عہد کریں کہ وہ کسی بھی حالت میں طاقت کا استعمال نہیں کریں گے اور طاقت کے استعمال کی دھمکی نہیں دیں گے ۔ یہ اقوام متحدہ کے منشور کا مرکزی عنصر ہے ۔ نواز شریف نے کہا کہ ٹکراؤ نہیں بلکہ تعاون ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تعلقات کی بنیاد ہونی چاہئے ۔193رکنی اقوام متھدہ جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں پاکستانی وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارے لوگوں کو خوشحالی کے لئے امن کی ضرورت ہے۔ امن اختلاف کے ذریعہ نہیں بلکہ بات چیت کے ذریعہ حاصل کیاجاسکتا ہے ۔ کشمیر کے بارے میں انہوں نے کہا کہ1947ء سے یہ تنازعہ حل طلب ہے اور اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قرار دادوں پر اب تک عمل نہیں کیا گیا ہے ۔ نواز شریف نے کہا کہ کشمیریوں کی تین نسلوں نے ٹوٹے وعدوں اور بے رحمانی زیادتیوں کو دیکھا ہے ۔ حق خود ارادیت کی جدو جہد میں ایک لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ یہ اقوام متحدہ کی مسلسل ناکامی ہے۔ نواز شریف نے دنیا بھر میں مسلمانوں کی حالت زار کا تذکرہ کرتے ہوئے کشمیر مسئلہ کو چھیڑا ۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں اور کشمیریوں کو غیر ملکی قبضہ میں کچلا جارہا ہے ۔

Nawaz raise Kashmir issue in UN speech

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں