اترپردیش میں ذبیحۃ گاؤ کی افواہوں کے بعد ایک شخص کا قتل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-01

اترپردیش میں ذبیحۃ گاؤ کی افواہوں کے بعد ایک شخص کا قتل

گریٹر نوئیڈا
پی ٹی آئی
دادری ٹاؤن کے ایک موضع میں ایک پچاس سالہ شخص کو ہجوم کی جانب سے زدوکوب کرتے ہوئے ہلاک اور اس کے لڑکے کو زخمی کیے جانے کے بعد سخت سیکوریٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ مذکورہ شخص اور اس کے لڑکے کو اس وقت مار پیٹ کی گئی جب یہ افواہیں پھیل گئیں کہ ان کا خاندان ذبیحہ گاؤ میں ملوث ہے ۔ پولیس نے آج بتایا کہ موضع میں پیر کی رات گائے کے ذبیحہ کی افواہیں عام ہونے کے بعد ایک شخص اخلاق کی رہائش گاہ پر تقریبا200افراد نے حملہ کردیا تھا۔ ہجوم نے مبینہ طور اخلاق کو پیٹ پیٹ کر ہلاک کردیا جب کہ اس کا لڑکا دانش اس حملہ میں شدید زخمی ہوگیا اور ہاسپٹل میں زیر علاج ہے ۔ یہ بھی اطلاعات ملی ہیں کہ متاثرین کے بیف کھانے کی افواہوں کے بعد گڑ بڑ شروع ہوگئی تاہم اسکی توثیق نہیں ہوسکی۔ مہلوک کے ایک رشتہ دار جان محمد نے تفصیلات سے واقف کراتے ہوئے کہا کہ مقامی مندر میں یہ اعلان کیا گیا تھا کہ یہاں ایک گائے ذبح کی گئی ہے جس کے بعد عوام کی کثیر تعداد نے ہمارے خاندان پر حملہ کردیا۔ جب پولیس نے ہجوم کو کنٹرول کرنے کی کوشش کی تو جھڑپیں شروع ہگوئیں جن میں راہول یادو نامی ایک شخص کو گولی مار دی گئی ۔ سپرنٹنڈنٹ پولیس(رورل) سنجے سنگھ نے بتایا کہ اس علاقہ میں پولیس تعینات کردی گئی ہے اور خاندان پر حملہ کرنے کے الزام میں د س افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے ۔ گوتم بدھ نگر کے ضلع مجسٹریٹ ایم پی سنگھ نے بتایا کہ دیہاتی عوام احتجاج کررہے ہیں اور ذبیحہ گاؤ میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کررہے ہیں ۔ چیف منسٹر اتر پردیش اکھلیش یادو نے مہلوک خاندان کے لئے دس لاکھ روپے ایکس گریشیا کا اعلان کیا ہے ۔ انہوں نے نوئیڈا کے ضلع مجسٹریٹ اور سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس کو ہدایت دی ہے کہ وہ مہلوک کے خاندان کو بھرپور تحفظ فراہم کریں۔ گوتم بد ھ نگر کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس کرن ایس نے کہا کہ غازی آباد، بلند شہر اور ہپور سے پی اے سی اور اضافی پولیس فورس کو بیسارا علاقہ میں تعینات کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی فرقہ وارانہ فساد کو روکا جاسکے ۔ انہوں نے کہا ہم نے اس خاندان کی مالی امداد کی بھی سفارش کی ۔ ہم نے اس علاقہ میں امن و امان کی بحالی کے لئے پیس کمیٹیاں قائم کی ہیں ۔ بی جے پی کے ضلع صدر ٹھاکر ہریش سنگھ نے الزام عائد کیا کہ پولیس نے بر وقت کارروائی نہیں کی ۔ مقامی عوام نے پولیس کو گوشت کے نمونے دیے تھے لیکن اس نے انہیں سنجیدگی سے نہیں لیا، جس پر چند افراد برہم ہوگئے ۔ ہم عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ امن و امان برقرار رکھیں ۔
نئی دہلی
پی ٹی آئی
قومی اقلیتی کمیشن نے دادری واقعہ کا سخت نوٹ لیتے ہوئے آج ضلع انتظامیہ سے رپورٹ طلب کی ہے کہ جس کے بعد اس معاملہ کو مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ اور اتر پردیش کے چیف منسٹر اکھلیش یادو سے رجوع کیاجائے گا۔ وکیل و سماجی کارکن شہزاد پونا والا کی تشویش کا جواب دیتے ہوئے اقلیتی کمیشن نے کہا کہ وہ اس بہیمانہ جرم کے خاطیوں کو کیفر کردار تک پہونچانے کے لئے ضلع انتظامیہ کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ اقلیتی کمیشن کی رکن پروین دادر نے کہا کہ کمیشن ایک بے قصور مسلمان پر اس بزدلانہ حملے کی مذمت کرتا ہے جس میں مقتول کا23سالہ بیٹا بھی بری طرح زخمی ہوگیا ۔ کمیشن کے صدر نشین نے ضلع مجسٹریٹ دادری سے بات کی ہے اور ان سے کہا ہے کہ وہ اس واقعہ کے بارے میں جلد سے جلد کمیشن کو رپورٹ روانہ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ رپورٹ ملنے کے بعد ہم اس معاملہ کو مرکزی وزیر داخلہ اور چیف منسٹر سے رجوع کریں گے ۔ کمیشن کی میٹنگ میں اس مسئلہ پر غور کیا جائے گا۔ خاطیوں کو سخت سزا دینے پر زور دیتے ہوئے پروین دادر نے کہا کہ یہ واقعہ فرقہ پرستی کی بد ترین شکل کو نمایاں کرتا ہے اور ایک سیکولر ملک میں ایسے جرم کو نظر انداز نہیں کیاجاسکتا ۔ اس سے پہلے درخواست گزار پونا والا نے اقلیتی کمیشن مرکز اور ریاستی حکومت کو پٹیشن دیتے ہوئے خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔

Dadri: Muslim man beaten to death over rumours he had eaten beef

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں