مودی ملک کے وقار کو بیرونی ممالک میں گھٹا رہے ہیں - سونیا گاندھی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-04

مودی ملک کے وقار کو بیرونی ممالک میں گھٹا رہے ہیں - سونیا گاندھی

بھاگلپور
پی ٹی آئی
وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کانگریس صدر سونیا گاندھی نے آج عوام سے کہا کہ وہ سماج کو بانٹنے اور جھوٹے وعدے کرنے والوں کو مسترد کردیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کوٹہ مسئلہ پر مودی کی پارٹی اور آر ایس ایس میں میاچ فکسنگ ہے۔ بھاگلپور کے قریب کہل گاؤں میں اپنی پہلی انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ریزوریشن کے مسئلہ پر بی جے پی کو نشانہ تنقید بنایا اور کہا کہ ان کی پارٹی ایس سی، ایس ٹی اور غریبوں کے لئے کوٹہ پر دستوری پالیسی کی پابند ہے ۔ بہار الیکشن کو فیصلہ کن قرار دیتے ہوئے سونیا گاندھی نے کہا کہ بہار فیصلہ کن چوراہے پر کھڑا ہے ۔ یہاں سے بہار اور ملک کا مستقبل طئے ہوجائے گا۔ آپ کو طئے کرنا ہے کہ یہاں سے ملک تفرقہ پسندی کی سمت جائے گا یا ہم آہنگی کی جانب۔ اپنی پارٹی کی انتخابی مہم شروع کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم ، پیکجنگ اور ری پیکجنگ کے ماہر ہیں۔ مودی بہار کے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ جس پیکیج کا اعلان کیا گیا وہ حقیقی سے زیادہ مضحکہ خیز ہے۔ اس پیکیج کی سچائی کیا ہے ؟ وزیر اعظم پیکیجنگ اور ری پیکیجنگ کے ماہر ہیں ۔ انہوں نے پچھلی حکومتوں کی پرانی اسکیموں کو نئے پیکیج کے طور پر پیش کردیا۔ انہوں نے بہار کے عوام کی بے عزتی کی ہے ۔ سونیا نے عوام سے کہا کہ وہ طئے کریں کہ آیا وہ سیکولر طاقتوں کے ساتھ ہیں یا ان کے ساتھ جو ملک کو بانٹتے ہیں ۔ تحفظات پر آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کے ریمارکس کو اٹھاتے ہوئے سونیا نے بھاگوت یار آر ایس ایس کا نام لئے بغیر کہا کہ ناگپور اور بی جے پی کے درمیان میاچ فکسنگ ہے لیکن میں آپ سے کہنا چاہتی ہوں کہ کانگریس، ایس سی، ایس ٹی ، او بی سی کوٹہ پر دستوری پالیسی کی پابند ہے۔ مودی کے پندرہ ماہ کے اقتدار کو ملک کے لئے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے کانگریس صدر نے کہا کہ چند کارپوریٹس کو چھوڑ کر کسی کو بھی فائدہ نہیں پہنچا۔ سونیا نے این ڈی اے اتحاد کو بھانا متی کا کنبہ قرا ر دے کر مذاق اڑاتے ہوئے کہا کہ آپ سبھی بی جے پی کی پالیسیوں کے پندرہ ماہ کے ریکارڈ سے واقف ہیں جن سے ملک کو نقصان پہنچا ہے ۔ کیا بے روزگاری نہیں بڑھی؟ بہبود خواتین کی اسکیموں کا بجٹ نہیں گھٹا؟ کیا کسانوں کو ان کی پیداوار کا مناسب دام مل رہا ہے ؟ انہوں نے کہا کہ ایسی طاقتوں کو شکست دینے کے لئے اپنی پوری طاقت جھونک دیجئے جو سماج کو بانٹناچاہتی ہیں، جھوٹے وعدے کرتی ہیں اور جنہوں نے بہار کی عزت نفس کو ٹھیس پہنچائی ہے۔ چیف منسٹر نتیش کمار کے نام پر ووٹ مانگتے ہوئے جنہیں انہوں نے صاف ستھری امیج والا اہل چیف منسٹر قرار دیا، سونیا گاندھی نے وزیر اعظم کے بیرونی دوروں پر سوال اٹھایا اور طنز کیا کہ وہ وطن سے زیادہ بیرون وطن وقت گزارتے ہیں ۔ سونیا نے مودی پر یہ بھی الزام عائد کیا کہ وہ اپوزیشن چیف منسٹر اور ان کی ریاستوں سے بھید بھاؤ کرتے ہیں۔ انہوں نے پوچھا کہ سب کا ساتھ ، سب کا وکاس کے نعرہ کا مطلب کیا ہے ۔ کیا ان ریاستوں کے عوا م اس ملک کے نہیں ہین۔ نریندر مودی کو اکثر بیرونی دوروں کو شوق ہے ۔ وہ مشہور شخصیتوں سے ملنا پسند کرتے ہیں لیکن غریبوں کے لئے ان کے پاس وقت نہیں ۔ بعد ازاں وزیر گنج میں ایک اور اتنخابی ریالی سے خطاب میں کانگریس صدر نے وزیر اعظم مودی پرتنقید کی کہ انہوں نے بیرونی سر زمین پر اپنے سیاسی مخالفین کو نشانہ بناتے ہوئے اپنے عہدہ کا وقار گھٹا دیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے ان کی تنگ ذہنیت اور گھٹیا سیاست کا پتہ چلتا ہے ۔ سونیا نے کہا کہ کسی اور وزیر اعظم نے بیرونی سر زمین پر اپنے سیاسی حریفوں کی امیج مسخ نہیں کی لیکن وزیر اعظم مودی نے ایسا کیا ہے ۔ کانگریس صدر نے کہا کہ جب مودی کو بہار یا ملک کے وقار کی پرواہ نہیں تو انہیں آپ کے وقار کی کیا پرواہ ہوگی ۔ مگدھ کے علاقہ میں جو دالوں کی پیداوار کے لئے جانا جاتا ہے ، کانگریس صدر نے مودی حکومت کو مخالف غریب قرار دیا جو صرف امیروں کے لئے کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دالیں اتنی مہنگی ہوگئی ہیں کہ عام آدمی انہیں نہیں خرید سکتا ۔ مگدھ کا علاقہ دال کی پیداوار کے لئے مشہور ہے ۔ میں جاننا چاہتی ہوں کہ آیا دالیں پیدا کرنے والے کسانوں کو کوئی فائدہ ہورہا ہے ۔ نہیں ، کسانوں کو کچھ مل رہا ہے۔ مودی حکومت بیرونی ملکوں سے دالیں منگوانے پر سبسیڈی دے رہی ہے۔ گیہوں بھی بڑی مقدارمیں برآمد کیاجارہا ہے ۔ کیا کسانوں کو اسسے فائدہ ہوگا؟ فائدہ تو دلالوں یا ان کے اپنے آدمیوں کو ہوتا ہے ۔ جن دھن یوجنا کے سلسلہ میں وزیر اعظم کو نشانہ تنقید بناتے ہوئے انہوں نے سوال کیا کہ آیا کھاتہ داروں کو پانچ ہزار روپے ملے جیسا کہ مودی نے وعدہ کیا تھا ؟ سونیا نے حاضرین جلسہ سے پوچھا کہ کیاآپ کو رقم ملی؟ آپ میں سے کتنو ں کو ملی؟ کسی کو بھی نہیں ملی ۔ مودی کے وعدہ کا کیا ہوا ؟ تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عام آدمی تک نہیں پہنچانے کا این ڈی اے حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کانگریس صدر نے کہا کہ یو پی اے حکومت نے خام تیل کی بین الاقوامی قیمتوں میں اضافہ کے باوجود ملک میں تیل کی قیمتیں کم رکھی تھیں۔ سونیا نے کہا کہ آپ لوگ روز مرہ زندگی میں ہر طرح کے مسائل سے نمٹ رہے ہیں جس کے لئے مودی حکومت راست ذمہ دار ہے ۔ مودی نے آپ کو تکالیف دور کرنے کے لئے کیا کیا ؟ بنکر بھائیوں کے مسائل حل کرنے پر کیوں توجہ نہیں دی گئی؟ سونیا نے یہ بات علاقہ کی کثیر بنکر برادری کے حوالے سے کہی ، جس کا ضلع گیا کے کئی حلقوں میں رائے دہی میں فیصلہ کن رول ہوتا ہے ۔

'Modi lowering country's prestige abroad', Congress chief

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں