ہند جرمن تعلقات میں زبردست فروغ - 18 یادداشت مفاہمت پر دستخط - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-06

ہند جرمن تعلقات میں زبردست فروغ - 18 یادداشت مفاہمت پر دستخط

نئی دہلی
پی ٹی آئی
ہندوستان اور جرمنی نے آج دفاع، تجارت انٹلیجنس اور صاف ستھری توانائی کے کلیدی شعبوں میں تعلقات بڑھانے پر آمادگی ظاہر کی ۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور جرمن چانسلر انجیلا مرکل کی نئی دہلی میں وسیع تر بات چیت کے بعد18یادداشت مفاہمت پر دستخط ہوئے ۔ بات چیت کو نہایت اچھی قرار دیتے ہوئے دونوں قائدین نے امید ظاہر کی کہ ان کی بات چیت اہم شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان مزید گہرائی شراکت داری کی راہ ہموار کرے گی ۔ مودی نے کہا کہ ہم جرمنی کو ہندوستان کی معاشی تبدیلی کے ہمارے ویژن کے حصول میں فطری شراکت دار کے طورپر دیکھتے ہیں ۔ جرمنی کی طاقت اور ہندوستان کی ترجیحات ایک ساتھ ہیں ۔ ہماری توجہ معاشی تعلقات پر ہے لیکن میرا ماننا ہے کہ کئی چیلنجس اور مواقع سے بھری اس دنیا میں ہندوستان اور جرمنی دنیا کے لئے مزید انسانی، پر امن مناسب اور دیر پا مستقبل کے لئے بھی طاقتور شراکت دار ہوسکتے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وہ مرکل سے بنگلور میں بات چیت جاری رکھیں گے ۔ مودی نے کہا کہ شراکت داری، دفاع ، تجارت، انٹلیجنس اور دہشت گردی و مذہبی جنون پسندی سے نمٹنے میںبھی فروغ پائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے بڑھتے تعلقات کے اہم سیکوریٹی پہلو ہیں ۔ ہند۔ جرمن معاہدہ ایسے وقت ہوئے ہیں جب دونوں ممالک کیندریہ ودیالیہ(سنٹرل اسکولوں) میں جرمن زبان کو ہٹا کر سنسکرت کو رائج کرنے کے پیچیدہ مسائل کو حل کرنے کی کوشش میں ہیں ۔ جرمنی نے اس فیصلہ پر تنقید کی تھی اور گزشتہ سال نومبر میں برسبین کی جی۔20چوٹی کانفرنس میں مودی کے ساتھ یہ مسئلہ اٹھایا تھا ۔ دونوں ممالک نے ہندوستان میں جرمن کمپنیوں کے لئے فاسٹ ٹریک سسٹم قائم کرنے کا بھی اعلان کیا۔ جرمنی نے ہندوستان میں شمسی توانائی پراجکٹس کے لئے زائد از ایک بلین یرو کے پیکیج پر بھی آمادگی ظاہر کی ۔مودی نے کہا کہ جرمن انجینئرنگ اور ہندوستانی انفارمیشن ٹکنالوجی مہارت عصری صنعت کو وجود میں لاسکتے ہیں جو مزید موثر، کفایتی اور موافق ماحول ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں1600جرمن کمپنیاں ہیں اور ان کی تعداد بڑھتی جارہی ہے ۔ یہ ہندوستان میں عالمی ورک فورس پید اکرنے میں طاقتور شراکت دار ہوں گی۔ اسمارٹ سٹیز ، کلین گنگا اور ویسٹ مینجمنٹ جیسے پراجکٹس میں جرمنی کا تعاون و امداد ٹھوس شکل لے چکے ہیں ۔ مرکل نے بات چیت کے نتیجہ پر اظہار اطمینان کیا اور مودی کی ستائش کی کہ وہ مختلف پہل میں تیزی دکھا رہے ہیں۔ آئی اے این ایس کے بموجب ہندوستان اور جرمنی نے پیر کے دن اپنے باہمی تعلقات کو بالخصوص معاشی شعبہ میں زبردست بڑھاوا دیا ۔18یادداشت مفاہمت پر دستخط ہوئے جن میں ہندوستان میں جرمن کمپنیوں کے لئے فاسٹ ٹریک سسٹم قائم کرنا شامل ہے ۔ ایک یادداشت مفاہمت سیکوریٹی تعاون سے متعلق ہے۔ ایک اور ہندوستان میں جرمن زبان کو بیرونی زبان کے طور پر اور جرمنی میں جدید ہندوستانی زبانوں کو بڑھاوا دینے سے متعلق ہے ۔ وزیر اعظم مودی نے بین الاقوامی ایکسپورٹ کنٹرول میں ہندوستان کی رکنیت کے لئے پرزو رتائید کرنے پر جرمنی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں اور چانسلر مرکل، اقوام متحدہ بالخصوص سلامتی کونسل میں اصلاحات پر زور دینے کے پابند ہیں ۔ قبل ازیں جرمن چانسلر کا راشٹرپتی بھون میں روایتی خیر مقدم کیا گیا ۔ دونوں ممالک کے درمیان وفد کی سطح کی بات چیت سے قبل وزیر خارجہ سشما سوراج نے مہمان قائد سے ملاقات کی ۔ وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سروپ نے ٹوئٹ کرکے یہ بات بتائی ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے سرکاری گیسٹ ہاؤز حیدرآباد ہاؤز میں انجیلا مرکل کا خیر مقدم کیا ۔ دونوں قائدین کی بات چیت حیدرآباد ہاؤز میں ہی ہوئی۔

India, Germany ink 18 MoUs and agreements in various sectors

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں