حکومت رام مندر کی تعمیر کے لئے متنازعہ اراضی حاصل کرلے - وی ایچ پی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-01

حکومت رام مندر کی تعمیر کے لئے متنازعہ اراضی حاصل کرلے - وی ایچ پی

نئی دہلی
پی ٹی آئی
ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر پر زور دیتے ہوئے وشوا ہندو پریشد( وی ایچ پی) نے آج مرکز سے مطالبہ کیا کہ وہ متنازعہ اراضی حاصل کر لے جہاں ہندو توا کارکنوں نے1992میں بابری مسجد کو شہید کردیا تھا۔ بی جے پی قائد سبرامنیم سوامی نے اس مطالبہ سے یہ کہتے ہوئے وشوا ہندو پریشد کے سرپرست اشوک سنگھل کا ساتھ دیا کہ پارٹی کے2014الیکشن منشور میں مندر کی تعمیر کا وعدہ کیا گیا ہے اور مودی کو اس سلسلہ میں قدم اٹھانا چاہئے ۔ دونوں نے تاہم پریس کانفرنس میں کہا کہ وہ اس حساس مسئلہ پر مستقبل کا لائحہ عمل طئے کرنے سے قبل سپریم کورٹ کے فیصلہ کا انتظار کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مفاد عامہ کے مقصد کے تحت بابری مسجد کے متولی کو اراضی حاصل کرلینے کے لئے نوٹس جاری کرسکتی ہے۔ مسجد کی تعمیر کے لئے مسلمانوں کو دریائے سریو کے پار متبادل اراضی فراہم کی جاسکتی ہے ۔ سوامی نے کہا کہ رام مندر کی تعمیر میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے ۔ حکومت کو پہل کرنی چاہئے ۔ بی جے پی کے انتخابی منشور میں بھی اس تعلق سے کہا گیا ہے۔ عوام میں بیداری کے لئے سوامی نے کہا کہ وہ جنوری میں ایک سمینار منعقد کریں گے جس میں مندر کی دوبارہ تعمیر پر تبادلہ خیال ہوگا۔ سبرا منیم، ویراٹ ہندوستان سنگم کے صدر ہیں ۔ انہوں نے ایک حلف نامہ کا حوالہ دیا جو ان کے بقول اس وقت کی حکومت نے1994میں سپریم کورٹ میں داخل کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ مندر کی موجودگی ثابت ہوجائے تو وہ ہندو فرقہ کی خواہش کے مطابق عمل کرے گی۔ سوامی اور وی ایچ پی کے جنرل سکریٹری چمپت رائے نے دعویٰ کیا کہ کھدائی کی رپورٹوں سے پتہ چلا ہے کہ وہاں مندر موجود تھا۔

Govt should acquire disputed Ayodhya site to build temple, says VHP

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں