پی ٹی آئی
بیرون ملک میں سے کالا دھن واپس لانے میں ناکامی پر بہار کی سیکولر جماعتوں کے اتحاد کی جانب سے شدید تنقیدوں کا سامنا کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے سینئر وکیل اور راجیہ سبھا کے رکن رام جیٹھ ملانی نے آج کہا کہ وہ نریندر مودی اور ارون جیٹلی کے ہاتھوں میں کھلونا بنتے ہوئے دھوکہ کا شکار ہوگئے ۔ جیٹھ ملانی نے کہا کہ آج وہ اپنے کئے پر معافی مانگنا چاہتے ہیں۔ لوک سبھا انتخابات سے قبل ملک کے لیڈر کی حیثیت سے نریندر مودی کو آگے بڑھانے کا انہوں نے جو گناہ کیا اس پر وہ توبہ کرنا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے سوچا تھا کہ گویا بھگوان نے انہیں(مودی) کو ہندوستان کی نجات کے لئے اپنے نمائندہ کی حیثیت سے بھیجا۔ سینئر وکیل نے کہا کہ یوپی اے اور مودی زیر قیادت حکومت دونوں نے ہی بیرونی ممالک سے کالا دھن واپس لانے کے لئے کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کالا دھن رکھنے والے افراد کے ناموں کا انکشاف کرنے میں ناکامی کے لئے پی چدمبرم اور ارون جیٹلی کو ذمہ دار قرار دیا اور کہا کہ اگر ہم فی والواقعی کالا دھن واپس لانا چاہتے ہیں تو ان دونوں کو پہلے گرفتار کرتے ہوئے ان پر مقدمہ چلایاجانا چاہئے۔ ملانی نے کہا کہ جرمنی کی حکومت کے پاس1400افراد کے نام ہیں جن کی دولت غیر ملکی بینکوں میں ٹیکس چوری کے کھاتوں میں جمع ہے ۔ جرمن حکومت اس کی اطلاعات حکومت ہند کو دینے تیار ہے لیکن اس کے لئے حکومت کی جانب سے تحریری درخواست دینی ہوگی۔ ملانی نے کہا کہ انہوں نے بی جے پی قائدین وک ایک 2سطری مکتوب لکھا لیکن کسی نے اس پر دستخط نہیں کئے ۔ بی جے پی کی ٹاسک فورس کمیٹی کے مطابق ٹیکس چوری کرتے ہوئے بیرون ملک رکھاگیا کالا دھن تقریبا ایک ہزار500بلین ڈالر کا ہے جو تقریبا90لاکھ کروڑ کے برابر ہے ۔ جیٹھ ملانی نے کہا کہ حکومت ایک ڈالر بھی ملک میں واپس لانے کے اہل نہیں ہے۔ اگر وہ اس میں کامیاب ہوتی تو ملک کو مالی مسائل کا سامنا نہ ہوتا۔ سینئر وکیل نے کہا کہ بہار بی جے پی کے زوال کا نقطہ آغاز ہونا چاہئے ۔ انہوں نے رام جیٹھ ملانی کو بے وقوف بنایا لیکن بہار کے عوام بے وقوف نہیں بنیں گے ۔ تحفظات کے نظام کے بارے میں آر ایس ایس کے نقطہ نظر سے متعلق پوچھے گئے سوال پر رام جیٹھ ملانی نے کہا کہ اس وقت اس موضوع پر بات کرنا مناسب نہیں ہے۔ یہ آر ایس ایس کی ہدایت پر نہیں بلکہ دستوری ترمیم کے ذریعہ تبدیل کیاجاسکتا ہے تاہم انہوں نے تحفظات نظام کو جاری رکھنے کی وکالت کرتے ہوئے کہا کہ پسماندہ طبقات کے افراد ابھی اس سطح پر نہیں پہنچے کہ تحفظات ختم کردئیے جائیں ۔
Ram Jethmalani roots for BJP's defeat in Bihar Assembly polls
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں