پی ٹی آئی
عظیم سیکولر اتحاد کے سرکردہ قائدین نتیش کمار اور لالو پرساد نے آج فرید آبادمیں دو بچوں کی اموات پر جنہیں اعلیٰ ذات کے ہندوؤں نے زندہ جلادیا، این ڈی اے حکومت پر سخت تنقید کی۔آر جے ڈی صدر لالو پرساد نے ٹوئٹر پر کہا کہ میں نے ان سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ گرو گولوالکر کی کتابیں جلادیں جو مخالف دلت موضوع پر تحریر کی گئی ہیں، لیکن ان کے دور حکومت پر زندہ جلایاجارہا ہے۔ دلتوں اور پسماندہ طبقات کو متحد ہوجانا چاہئے۔ لالو پرسادنے ایک اور ٹوئٹر پیام میں کہا تحفظات منسوخ کرنے کے ساتھ ساتھ بی جے پی اور آر ایس ایس کے دور حکومت میں دلتوں کو نذر آتش کیاجارہا ہے جو تحفظات سے استفادہ کرتے ہیں۔ آر جے ڈی سربراہ نے آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت کے تبصرہ کے سیاق و سبق میں تحفظات کو اپنا انتخابی موضوع بنایا ہے ۔ موہن بھاگوت نے ملک میں تحفظات کے نظام پر نظر ثانی کا مطالبہ کیاہے۔ چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے بھی اس واقعہ پر مرکزی حکومت کو نشانہ تنقید بنایا۔ انہو نے کہا کہ اس ہولناک واقعہ پر مجھے بے حد صدمہ پہنچا ہے ۔ جن لوگوں نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ ہماری سرکار بنا دو سب ٹھیک ہوجائے گا۔ وہ کہاں ہیں۔لکھنو سے موصولہ اطلاع کے مطابق فرید آباد میں دلت خاندان پر حملہ کو انتہائی بد بختانہ قرار دیتے ہوئے بی ایس پی صدر مایاوتی نے آج انتباہ دیا کہ مجرمین کی گرفتاری میں تاخیر پر وہ سڑکوں پر اتر آئیں گی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی حکومت کے تحت کمزور طبقات اپنے آپ کو غیر محفوظ محسوس کررہے ہٰں۔ بی ایس پی صدر نے یہاں پارٹی کے ایک صحافتی بیان میں کہا جس انداز میں ایک دلت خاندان کے چار ارکان کو فرید آباد میں آگ لگا دی گئی ، جس کے نتیجہ میں دو بچوں کی موت واقع ہوئی، یہ انتہائی بدبختانہ اور قابل مذمت ہے ۔ اگر متاثرہ افراد کو حکومت ہریانہ کی جانب سے مناسب سیکوریٹی اور معاوضہ فراہم نہ کیاجائے اور خاطیوں کے خلاف کارروائی نہ کی جائے تو بی ایس پی وہاں سڑکوں پر احتجاج کرے گی۔ مایاوتی نے اس بات پر اظہار تاسف کیا کہ آزادی کے اتنے برس بعد بھی دلتوں اور کمزور طبقات پر مظالم کا سلسلہ بند نہیں ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکز اور کئی ریاستوں میں حکومتیں ہنوز ذات پات کی ذہنیت کے ساتھ کام کررہی ہیں اور ان طبقات کے ساتھ امتیاز برتا جارہا ہے ۔ انہو ں نے الزام عائد کیا کہ سماج کے یہ طبقات بالخصوص مرکز اور ریاستی بی جے پی حکومتوں کے تحت اپنے آپ کو غیر محفوظ محسوس کررہے ہیں اور یہ انتہائی تشویشناک ہے ۔ بیان میں کہا گیا کہ ہریانہ میں بی ایس پی کے سینئر پارٹی عہدیداروں کو ہدایت دے دی گئی ہے کہ وہ متاثرہ خاندان کی ہر ممکن مدد کریں ۔
Dalit children burnt alive: Nitish-Lalu attack BJP
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں